چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں انصاف کا بول بالا تحریک انصاف کا بنیادی مقصد ہے، جب تک زندہ ہوں ظالموں کا مقابلہ کرتا رہوں گا، موجودہ ملکی حالات سب کے لیے امتحان ہیں۔
پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ساری قوم جانتی ہے ارشد شریف محب وطن تھے، جس کے گھر میں 2 شہادتیں ہو چکی تھیں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایک طرف وہ سارے چور جن کے خلاف 26 سال سے جنگ لڑ رہا ہوں اور ان کے ساتھ بیرونی سازشیں ہیں جو چاہتی ہیں ملک کمزور رہے، ساری قوم سے کہتا ہوں اگر آپ میرے ساتھ نہ نکلے مجھے تب بھی فرق نہیں پڑے گا۔
عمران خان نے کہا کہ بھیڑ بکریاں نہ بنیں اور موت کے خوف کے بت کی پوجا نہ کریں، فیصلہ کِیا ہے کہ جب تک زندہ ہوں ان ظالموں کا مقابلہ کرتا رہوں گا اور آپ سب نے لانگ مارچ میں شرکت کرنی ہے۔