کالم

حکومت کی جانب سے رمضان ریلیف پیکج!

وطن عزیزسمیت پوری دُنیا میں ماہ صیام ،ماہ مقدس ،رمضان کریم کا پہلاعشرہ ختم ہونے کوہے۔ حکومت پاکستان نے ہرسال کی طرح امسال بھی رمضان ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے ۔ وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف کی جانب سے 20 ارب روپے کارمضان ریلیف پیکج گزشتہ سال 7 ارب کے پیکج کے مقابلے میں3 گنا زیادہ ہے جبکہ پیکج کے تحت ملک بھر کے 40 لاکھ مستحق خاندانوں کو شفاف اور آسان انداز میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے 5ہزار روپے فی خاندان دیئے جارہے ہیں۔ قارئین کرام!وطن عزیز پاکستان میں یوں توہرسال رمضان کریم میں حکومت کی جانب سے مستحق افراد کی بھرپور مددکی جاتی ہے لیکن اِس دفعہ حکومت پاکستان ڈیجٹیل والٹ کے ذریعے انتہائی آسانی سے پیکج تقسیم کررہی ہے۔گزشتہ روزوزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے بٹن دبا کر ڈیجیٹل والٹ کا افتتاح کیا۔تقریب میں وفاقی وزراءراناتنویرحسین،عطاءاللہ تارڑ ، احسن اقبال، علی پرویزملک ، شزافاطمہ خواجہ اورگورنراسٹیٹ بینک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔تقریب میں رمضان پیکج 2025 کے حوالے سے خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ وزارت اطلاعات ونشریات کی طرف سے رمضان پیکج پربنائی گئی خصوصی تعارفی ویڈیوبھی دکھائی گئی۔وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے بڑی خوبصورتی کیساتھ ماہ مقدس کے احترام اورمستحق افراد کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں 40 لاکھ گھرانوں اور 2 کروڑ مستحق افراد کو ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے فی خاندان 5 ہزار روپے دینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ایسے طبقات جو سفید پوش ہیں اور کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاتے ان کی بھی مدد کی جائے گی۔ ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے شفاف طریقے سے ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں 20 ارب روپے تقسیم کر دیئے جائیں گے اور ایک دھیلے کی کرپشن کا شائبہ نہیں ہوگا۔ملک کے چاروں اطراف میں ایک شفاف نظام کے ذریعے یہ پیکج تقسیم ہوگا جس کی مکمل نگرانی کی جائے گی ۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے اس پروگرام میں تکنیکی مدد فراہم کرنے پر سٹیٹ بینک آف پاکستان، نادرا، بی آئی ایس پی، وزارتوں اور ٹیک کمپنیز اور بین الاقوامی ماہرین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے دن رات محنت کے ذریعے یہ نظام متعارف کرایا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ اور چوہدری امداد بوسال کا بھی شکریہ ادا کیا ۔ جہاں وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف نے بہترین ایڈمنسٹریشن اور تکنیک کیساتھ رمضان ریلیف پیکج کے تحت وطن عزیز کے مستحق افراد کیلئے انتظامات کئے ہیں وہیں پنجاب میں وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف نے بھی رمضان پیکج کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں جس کے تحت مستحقین میں امدادتقسیم کی جارہی ہے ۔عام آدمی تک رمضان پیکج کے ثمرات کیلئے ہمیشہ سے رمضان کریم میں سب سے بڑامسئلہ ایڈمنسٹریشن کے حوالے سے درپیش رہالیکن مسلم لیگ ن کی یہ خاصیت ہے کہ ہمیشہ بہترین ایڈمنسٹریشن کے ذریعے عام آدمی تک ثمرات پہنچ رہے ہیں ۔حالیہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت ملک بھر میں ڈیجیٹل والٹ کے ذریعے آسان تقسیم کو یقینی بنایا گیا ہے تاکہ لوگ باوقار طریقے سے یہ امداد گھر میں حاصل کر سکیں۔اِسی طرح وطن عزیز میں ماہ صیام کے دوران چینی کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اور تحصیل کی سطح پر شوگر ملز مالکان کی طرف سے 600 سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں چینی 130 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے ۔ رمضان ریلیف پیکج کے بعد ماہ صیام میں ہی حکومت کی معاشی ٹیم کی شاندار کاوشوں کی بدولت معاشی اعشاریے ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید بہتر ہو رہے ہیںاور افراط زر فروری 2025 میں 1.5 فیصد پر آچکی ہے جو کہ ستمبر 2015 کے بعد سب سے کم شرحِ افراط زر ہے،جولائی 2024 سے فروری 2025 تک افراط زر کی اوسط 5.9 فیصد تک رہی جبکہ پچھلے مالی سال میں اسی عرصہ میں یہ اوسط 28 فیصد تھی۔اِس میں کوئی شک نہیں کہ معیشت میں مسلسل بہتری مستعد ٹیم ورک کا نتیجہ ہے اورمعیشت کی بہتری، کاروبار اور سرمایہ کاری کے فروغ کےلئے تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیںجس کے نتیجے میں میکرو اکنامک معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچنا شروع ہو گیا ہے ۔بلاشبہ حکومت کے رمضان ریلیف پیکج کے حوالے سے انتظامات قابل تحسین ہیں اوریقینا آنیوالے دنوں میں مزیدخوشخبریاں سُننے کوملیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے