حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری عارضی جنگ بندی میں مزید توسیع کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔حماس اور اسرائیل کے درمیان جمعہ سے شروع ہونے والی چار روزہ جنگ بندی میں مزید دو روز کی توسیع کی گئی تھی جو پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح ختم ہوگی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مجموعی طور پر 6 روزہ جنگ بندی میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے اور اس حوالے سے بات چیت کا سلسلہ بھی جاری ہے۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ قطر ثالثی کے فریم ورک پر سخت محنت اور جدوجہد کے ساتھ کام کررہا ہے تاکہ غزہ میں انسانی امداد کے لیے حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کو مزید 48 گھنٹے تک بڑھایا جائے۔ترجمان وزارت خارجہ نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے لیے ہونے والی جنگ بندی میں 20 اسرائیلی رہا کیے جائیں گے جن میں روزانہ کی بنیاد پر 10 اسرائیلی رہا ہوں گے۔دوسری جانب عرب میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیل نے جنگ بندی کے دوران رہا کیے جانے والے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے، اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے پہلے 4 روز میں اسرائیل نے 150 فلسطینیوں کو رہا کیا اور 133 کو گرفتار کرلیا۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے جینن کے علاقے کو گھیر کر وہاں سرچ آپریشن کیا اور گھروں میں موجود افراد کو سرنڈر کرنے کا کہا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ میں جنگ بندی کے پانچویں روز اقوام متحدہ ہلال احمر نے شہریوں میں کھانا، ادویات، پانی اور دیگر ضروری انسانی امداد پہنچائی۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں بڑے پیمانے پر ریلیف کا سامان فراہم کیا جارہا ہے تاہم غزہ میں دی جانے والی انسانی امداد وہاں کے لوگوں کی ضرورت کے مطابق نہیں ہے۔
دنیا
غزہ جنگ بندی میں مزید توسیع کیلئے کام کررہے ہیں: قطر
- by Daily Pakistan
- نومبر 29, 2023
- 0 Comments
- Less than a minute
- 591 Views
- 1 سال ago