سندھ کے دارالحکومت کراچی میں بجلی کے تقسیم کار ادارے ‘کے الیکٹرک’ صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کمی کر دی گئی، تاہم یہ کمی صرف ایک ماہ کے لیے کی گئی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی سستی کر دی، اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 4 روپے 89 پیسے فی یونٹ سستی کی گئی ہے۔
نیپرا نے بجلی سستی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 4 روپے 21 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی۔
نیپرا کا کہنا ہے کہ کمی کا اطلاق صرف ایک ماہ کے لیے ہو گا، لائف لائن صارفین اور 300 یونٹس تک کے گھریلو صارفین پر کمی کا اطلاق نہیں ہو گا، جبکہ زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنوں والے بھی اس کمی سے مستفید نہیں ہو سکیں گے۔