دلچسپ اور عجیب

25دسمبر اور ہماری ذمہ داری!

قارئین کرام!آج 25دسمبر ہے اور 25دسمبر کودُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بسنے والی مسیحی برادری کی عید یعنی کرسمس کا دِن ہے ۔پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ کرسمس کی تاریخ کو ہی بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کا یوم ولادت ہے ۔حکومت پاکستان نے ہمیشہ کی طرح امسال بھی کرسمس اور بابائے قومؒ کے یوم ولادت کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے ۔کرسمس کے موقع پر مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہوکرہمیشہ کی طرح عوام الناس بھی مذہبی ہم آہنگی کا درس پوری دُنیا کو دے رہی ہے وہیں حکومت پاکستان بھی مسیحی بھائیوں کیلئے مختلف تقاریب کا اہتمام کررہی ہے ۔مسلم لیگ ن کی حکومت کویہ اعزاز حاصل ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف ہوں یاوزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان محمد شہبازشریف اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے اور اِن کے خاص ایام میں اپنی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے دُنیا بھر کو پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان ایک پُرامن اور جمہوری ملک ہے جہاں ہرقوم،مذہب،قبیلے کے ماننے والے ایک پرچم کے سائے تلے متحد ہیں ۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات عطاءاللہ تارڑ جو اپنے مخصوص انداز گفتگو اور ایک جمہوری خانوادے کے چشم وچراغ ہیں کی ایک خاصیت جوانہیں باقی وزراءسے ممتاز کرتی ہے کہ وُہ وطن عزیز کے اہم اور قومی ایام میں حکومت پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرنے میں صف اول میں کھڑے ہوتے ہیں ۔گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے اپنے حلقہ میں نہ صرف کرسمس کی تقریب میں بھرپور شرکت کی،کیک کاٹابلکہ تقریب سے بھرپور خطاب بھی کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی کے لیے اقلیتوں کے کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان میں اقلیتوں کو تحفظ و تمام بنیادی حقوق حاصل ہیں اورمسلم لیگ (ن) کی حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی ہمارے بھائی ہیں، ان کی خوشی ہماری خوشی ہے،ہم کرسمس کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مل جل کر پورا ہفتہ مسیحی بھائیوں کے ساتھ کرسمس کی خوشیاں منائیں گے اور گرجا گھروں پر خصوصی چراغاں بھی کیا جائے گا۔وفاقی وزیر نے جامع اور مفصل خطاب میں کہا کہ میں اپنے حلقے سے 70 ہزار مسیحی برادری کے ووٹ لے کر اسمبلی پہنچا ہوں،مجھے ووٹ دے کر آپ نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا، مسیحی بھائیوں سے کئے گئے وعدے یاد ہیں، جلد ترقیاتی منصوبوں کا آغاز بھی کر دیا جائے گا۔وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کی ٹیم کے ایک اور نوجوان سیاسی راہنما اور پارلیمانی سیکرٹری برائے وزارت اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری جوکہ پاکستان کے منجھے ہوئے اور سینئر ترین سیاستدان سینیٹر چوہدری تنویر کے فرزند بھی ہیں سیاست کے ابتدائی ایام اور وزارت کے پارلیمانی سیکرٹری کا قلمدان سنبھالتے ہوئے ٹیم کے ہمراہ بھرپو رکام کررہے ہیں ۔گزشتہ روزراولپنڈی میں فیتھ فورس منسٹریز کی جانب سے منعقدہ کرسمس کی شاندار تقریب کرسمس کا کیک کاٹا اور مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں بھرپو رشرکت کی ۔کرسمس کی خوشیوں اور بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت کے موقع پر پورے ملک میں تقاریب کا انعقاد کیاجارہا ہے اور کرسمس کی خوشیوں کے ساتھ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ کوبھرپور خراج عقیدت پیش کیاجارہاہے ۔آج جس آزاد وطن میں ہم سانس لے رہے ہیں اور ایک ملک اور پاکستان کی شناخت رکھتے ہیں تویہ سب بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور اِن کے رفقاءکی قربانیوں کی بدولت ہی ممکن ہوا۔شاعر مشرق،حکیم الامت ،ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کیا خوب کہتے ہیں کہ
ہزاروں سال نرگس اپنی بے نوری پہ روتی رہی
بڑی مشکل سے ہوتا ہے چمن میں دیدہ ورپیدا
شخصیت ہمیشہ کردار سے بنتی ہے ، بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے اپنے عملی کردار سے ہی دُنیا کی تاریخ میں عظیم مقام حاصل کیا۔قائد اعظم محمد علی جناحؒ کی اپنے مقصد کیساتھ لگن اور وابستگی حیران کن تھی ۔یہ بابائے قوم کا جذبہ اورعزم ہی تھا کہ پاکستان معرض وجود میں آیا۔آخری سالوں میں بابائے قوم کی خرابی صحت بھی اِن کے اس عزم اور جذبے کو کمزور نہ کرسکی ۔ایک دفعہ محترمہ فاطمہ جناح نے بابائے قوم سے درخواست کی کہ ”آپ اپنی صحت پر بھی توجہ دیں اور کام کے اوقات کم کردیں۔قائد اعظم ؒ نے جواب دیا۔کیا تُم نے سنا ہے کہ کبھی فوج میدان جنگ میں اپنی بقاکی جنگ لڑرہی ہو اور اِس کے جرنیل نے چھٹی لے لی ہو۔محترمہ فاطمہ جناح نے کہا کہ آپ کی زندگی بہت قیمتی ہے ۔قائدؒ نے جواب دیا کہ جب میں دس کروڑ افراد کی بقاءکیلئے تشویش میں مبتلا ہوں توایک فرد کی صحت کیا حیثیت رکھتی ہے “۔وقت کا تقاضا ہے کہ بحیثیت قوم ہم کرسمس کی خوشیوں کیساتھ ساتھ بابائے قوم حضرت قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے یوم ولادت پر عہد کریں کہ جوقربانیاں اور صعوبتیں بانیان پاکستان اور ہمارے پرکھوں نے اس وطن کیلئے برداشت کیں ہم اِن کا پاس رکھتے ہوئے وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے بھرپور کام کریں گے اورہر اُس ہاتھ کوکاٹ دیں گے جو وطن عزیز کی طرف کسی بھی عفریت کی نیت سے آگے بڑھے گا ۔اپنے اداروں ،حکومت پاکستان ،پاک افواج کیساتھ مل کر شانہ بشانہ پاکستان کیلئے کام کریں گے کیونکہ پاکستان ہے توہم سب ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے