- الإعلانات -

پاکستان جوڈو فیڈریشن تین قومی کھلاڑیوں کو دو ہفتوں کی تربیت کےلئے 3 اپریل کو ازبکستان بھجوائے گی

اسلام آباد ۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن تین قومی کھلاڑیوں کو دو ہفتوں کی تربیت کے لئے 3 اپریل کو ازبکستان بھجوائے گی جہاں پر انٹرنےشنل کوچز قومی کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے گئے۔ تینوں کھلاڑی وہاں پر ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے سیکرٹری مسعود احمد خان نے اے پی پی کو بتایا کہ ایران سے تعلق رکھنے والی قومی جوڈو ٹیم کے ہیڈ کوچ سجاد کاظمی نے فیڈریشن کو مشورہ دیا تھا کہ شاہ حسین شاہ سمیت دیگر باصلاحیت کھلاڑیوں کوکھیل میں مہارت حاصل کرنے کیلئے ایران، روس، ازبکستان، قازقستان اور تاجکستان میں تربیت حاصل کرنے کےلئے بھجوائے جس پر پاکستان جوڈو فیڈریشن نے ازبکستان جوڈو فیڈریشن کو درخواست کی کہ ان کے تین کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربت دی جائے جس پر ازبکستان جوڈو فیڈریشن نے ان کی درخواست منظور کرلی۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن شاہ حسین شاہ ‘ سمیع اللہ اور قیصر خان آفریدی کو اپنے کھیل میں مزید نکھار لانے کےلئے 3 اپریل کو ازبکستان بھجوائے گے۔ سمیع اللہ اور قیصر خان آفریدی یہاں سے ازبکستان روانہ ہوں گے جبکہ شاہ حسین شاہ ترکی میں گرینڈ پری میں شرکت کے بعد وہاں سے برائے راست ازبکستان جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشین سینئر جوڈو چیمپئن شپ آئندہ ماہ 14 سے 17 اپریل تک ازبکستان کے شہر تاشقند میں کھیلی جائے گی جس میں تین کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ایونٹ میں شاہ حسین شاہ ‘ قیصر خان آفریدی کا میچ 16 اپریل کو جبکہ سمیع اللہ اپنا میچ 15 اپریل کو کھیلے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس چیمپئن شپ میں شاہ حسین شاہ میڈل جیت لیتا ہے تو ان کی عالمی رینکنگ میں بہتری آئے گی جو برازیل میں ہونے والے اولمپک گیمز میں کوالیفائی کرنے کیلئے مدد گار ثابت ہوگی۔