قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے سانحہ مری میں انتقال کرنے والوں کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے۔
گزشتہ روز سیاحتی مقام مری پر رونما ہونے والے المناک سانحے میں اپنی جان گنوا دینے والے سیاحوں کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آرہی ہیں جنہیں صارفین بڑی تعداد میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کر رہے ہیں۔ حسن علی نے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا اور لکھا کہ سانحہ مری میں انتقال کرجانے والے افراد کی میت کی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرنا بند کریں۔
قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ مری میں جو کچھ ہوا اسے روکا جاسکتا تھا، میرا دل ان لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنی قیمتی جانیں گنوائیں، اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے۔ خیال رہے کہ مری میں 7 جنوری کی رات کو آنے والے برفانی طوفان نے 23 زندگیاں نگل لیں، حکومت نے مری کو آفت زدہ قرار دے کر ایمرجنسی نافذ کردی جبکہ ریسکیو اہلکاروں کی جانب سے امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔