لاہور: ایم پی اے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کے سلسلے میں لاہور کے ٹاپ شوٹرز کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے شروع ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے ایم پی اے بلال یاسین پر فائرنگ کے معاملے میں پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے سر جوڑ لیے ہیں، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملہ کس نے اور کیوں کروایا، تفتیشی ٹیمیں تاحال اس کا سراغ نہیں لگا سکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ حملہ آور اجرتی قاتل تھے، تاہم حملہ آوروں کو کس نے اور کیوں ہائر کیا، ابھی اس سلسلے میں پولیس کی تفتیش جاری ہے۔
حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے شہر بھر میں مخبروں کا جال بھی بچھا دیا ہے، تفتیشی ٹیموں نے لاہور کے ٹاپ شوٹرز کی فہرستیں بھی مرتب کر لیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے ٹاپ شوٹرز کی گرفتاریوں کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شام کو بلال یاسین پر بلال گنج کے علاقے میں نقاب پوش افراد نے فائرنگ کی تھی، ایک گولی ان کے پیٹ اور دوسری پاؤں پر لگی تھی، پیٹ کی گولی آج صبح آپریشن کے ذریعے نکال لی گئی۔
سیف سٹی ڈپارٹمنٹ کا کہنا تھا کہ کیمروں کی مدد سے 2 موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی شناخت کی گئی ہے، بلال یاسین نے شبہ ظاہر کیا کہ ایک حملہ آور نے ڈولفن پولیس جیسی وردی پہن رکھی تھی۔
پولیس نے ایم پی اے بلال یاسین پر حملے کا مقدمہ آج تھانہ داتا دربار میں درج کر لیا ہے۔