عوام اپنے اردگرد ہونیوالے واقعات، فیصلوں، بحرانوں اور امکانات کو صحافت ہی کے ذریعے سمجھتے ہیں۔ اسی لیے خبر کی درستگی صرف پیشہ ورانہ ذمہ داری نہیں ایک سماجی فریضہ بھی ہے۔ موجودہ دور میں، جب معلومات کی ترسیل لمحوں میں ہو جاتی ہے اور سوشل ذرائع ابلاغ نے ہر فرد کو خبر رساں بنا دیا ہے، سچ اور جھوٹ کے درمیان فرق کرنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو چکا ہے۔ ایسے ماحول میں خبر کی جانچ پڑتال اور حقائق تک رسائی کا منظم اور دیانت دار طریقہ اختیار کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔خبر کی جانچ کا پہلا اصول اس کے ماخذ کی پہچان ہے۔یہ دیکھنا ضروری ہوتا ہے کہ خبر کہاں سے آئی، کس نے دی اور اس کے پیچھے کیا مفاد یا پس منظر ہو سکتا ہے۔ غیر واضح یا نامعلوم ذرائع سے آنیوالی اطلاعات ہمیشہ شکوک کو جنم دیتی ہیں۔ معتبر صحافت وہی ہے جو خبر کے ماخذ کو سامنے رکھے اور قاری کو یہ حق دے کہ وہ خود بھی اس کی سچائی پرکھ سکے ۔ اگر خبر کسی سرکاری بیان، تحقیقاتی رپورٹ یا عینی شاہد کے بیان پر مبنی ہو تو اس کا حوالہ واضح ہونا چاہیے۔خبر میں شامل ہر دعوی بذاتِ خود جانچ کا تقاضا کرتا ہے۔ اکثر ایک ہی خبر میں کئی ضمنی دعوے شامل ہوتے ہیں جن میں سے کوئی بھی غلط ہو تو پوری خبر مشکوک ہو جاتی ہے ۔اس لیے ضروری ہے کہ ہر فقرے کو الگ زاویے سے دیکھا جائے اور اس کی تصدیق مختلف ذرائع سے کی جائے۔ پرانی خبروں، سرکاری ریکارڈ، عدالتی فیصلوں اور مستند تحقیقی مواد سے موازنہ کیے بغیر کسی نتیجے پر پہنچنا صحافتی دیانت کیخلاف ہے۔آ ج کے دور میں تصاویر اور وڈیوز کو سب سے زیادہ سچ سمجھا جاتا ہے، حالانکہ یہی مواد سب سے زیادہ گمراہ کن ہو سکتا ہے ۔ پرانی تصاویر کو نئے واقعات سے جوڑ دیا جاتا ہے یا وڈیوز کو غلط تناظر میں پیش کر کے جذبات بھڑکائے جاتے ہیں۔ اس لیے بصری مواد کی جانچ انتہائی ضروری ہے۔ یہ دیکھا جانا چاہیے کہ تصویر یا وڈیو کب اور کہاں کی ہے، آیا اس میں کسی قسم کی ترمیم تو نہیں کی گئی اور کیا اس کا تعلق واقعی اسی واقعے سے ہے جس کے ساتھ اسے جوڑا جا رہا ہے۔خبر کی سچائی تک پہنچنے میں وقت اور مقام کی درستگی بھی بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ تاریخ، دن، وقت اور جگہ اگر درست نہ ہوں تو پوری کہانی مشکوک ہو جاتی ہے ۔ ایک ہی واقعے کی مختلف رپورٹس کا تقابل کر کے تضادات کو سمجھا جا سکتا ہے۔ اسی طرح متعلقہ اداروں، حکام یا متاثرہ فریق کا موقف شامل کرنا بھی ضروری ہوتا ہے تاکہ یک طرفہ تاثر پیدا نہ ہو۔ فیک خبروں کے نقصانات کا اندازہ اس وقت بخوبی ہوا جب عالمی وبا کے دوران یہ افواہ پھیلائی گئی کہ مخصوص دوائیں یا ٹیکے انسانی جان کیلثے مہلک ہیں ۔اس بے بنیاد خبر کے باعث نہ صرف لوگوں نے علاج سے گریز کیا بلکہ کئی مقامات پر طبی عملے پر حملے بھی ہوئے۔ نتیجتاً قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، خوف و ہراس پھیلا اور ریاستی اداروں کو اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ یہ ایک واضح مثال ہے کہ غلط خبر غلط اطلاع ہی نہیں ایک عملی نقصان بن جاتی ہے جس کے اثرات دیرپا ہوتے ہیں ۔ صحافت میں جدید ذرائع اور ٹیکنالوجی مددگار ضرور ہیں مگر ان پر اندھا اعتماد درست نہیں۔ اصل فیصلہ ہمیشہ انسانی شعور، تجربے اور اخلاقی حس کو کرنا چاہیے ۔ تحقیقاتی اوزار، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ڈیٹا تک رسائی سچ تک پہنچنے کا راستہ ہموار کرتے ہیں، مگر ان کا درست استعمال اور صحیح تناظر میں اطلاق ہی اصل کسوٹی ہے۔خبر شائع کرنے سے قبل یہ دیکھنا بھی ضروری ہے کہ آیا خبر عوامی مفاد میں ہے یا محض سنسنی پھیلانے کا ذریعہ بنے گی۔ اگر کسی اطلاع کی تصدیق مکمل نہ ہو سکے تو اسے حتمی حقیقت کے طور پر پیش کرنے کے بجائے احتیاط کے ساتھ بیان کرنا چاہیے۔ صحافت میں شفافیت کا تقاضا یہی ہے کہ قاری کو بتایا جائے کہ کون سی بات مصدقہ ہے اور کون سی ابھی زیرِ تحقیق ہے۔ خبر کی جانچ پڑتال فنی عمل ہی نہیں ایک اخلاقی ذمہ داری بھی ہے۔ سچائی، دیانت، توازن اور احتیاط وہ ستون ہیں جن پر قابلِ اعتماد صحافت کھڑی ہوتی ہے۔ اگر یہ ستون کمزور پڑ جائیں تو ادارے کی ساکھ متاثر ہونے کیساتھ ساتھ پورا معاشرہ گمراہی کا شکار ہو جاتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ خبر کی دوڑ میں سبقت حاصل کرنے کے بجائے حقیقت تک پہنچنے کو اولین ترجیح دی جائے، کیونکہ صحافت کا اصل امتحان رفتار نہیں سچائی ہے۔

