ہمارے معاشرے میں بعض شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو اپنی زندگی روایتی راستوں سے ہٹ کر گزارتی ہیں۔ ان کا رہن سہن، طرزِ فکر اور اندازِ زندگی عام لوگوں سے مختلف ہوتا ہے۔معاشرہ اکثر ایسی شخصیات کو سمجھنے کے بجائے ان پر تنقید کرتا ہے، ان کی کردار کشی کرتا ہے اور بعض اوقات انہیں غلط نگاہ سے دیکھتا ہے لیکن وقت گزرنے کے بعد ان کی زندگی کے ایسے پہلو سامنے آتے ہیں جو انسان کو سوچنے پر مجبور کر دیت بھیے ہیں۔ پیر کاکی تاڑ بھی ایک ایسی ہی غیرمعمولی شخصیت کے مالک تھے، جو اب اس دنیا سے پردہ فرما چکے ہیں ۔ راقم کی ان سے پہلی ملاقات انکل نسیم انور بیگ جن کا ذکر شہاب نامہ میں ہے آپ کے گھر اختر انٹی کی ٹیبل پر ہوئی۔پیر صاحب سادہ شلوار قمیض اور سر پر سندھی ٹوپی رکھتے تھے۔ میرے ساتھ ایک صحافی دوست بھی تھا۔ ہمیں بتایا گیا کہ یہ پیر کاکی تاڑ ہیں تو میرے صحافی دوست نے بے ساختہ کہا کہ ہمیں تو ان میں کوئی کاکی دکھائی نہیں دی یہ سن کر پیر صاحب مسکرائے اور بولے: ابھی میرے ساتھ چلو، کاکی نہیں، کاکیاں دکھاتا ہوں۔ ہم ان کے ساتھ ایف سیون کے ایک گھر پہنچے۔ وہاں اہلخانہ کھانے پر ان کا انتظار کر رہے تھے۔ ہم نے بھی ان کے ساتھ کھانا کھایا۔یہاں گھر جیسا ماحول تھا۔ کھانے کے بعد پیر صاحب نے کہا کہ اب میری گاڑی کے پیچھے آ، میں تمہیں کاکیاں دکھاتا ہوں۔ہم کچھ ہی دیر بعد پی ٹی وی پہنچ گئے۔ پیر صاحب آگے آگے اور ہم ان کے پیچھے۔ وہاں پروگرام کے پروڈیوسر شاکر عزیر نے ہمارا استقبال کیا۔ ہمیں بتایا گیا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ ہونے والی ہے۔ پروڈیوسر نے شوٹنگ روک کر ہمیں ان اداکاراں کے ہاتھوں کی بنی ہوئی چائے پلائی ۔ پیر صاحب نے ہماری طرف دیکھ کر کہا: یہ ہیں میری کاکیاں!
یقین جانیے، ان کو دیکھ کر کسی کے ذہن میں کوئی منفی خیال پیدا نہیں ہوا۔ وہاں موجود سب کا رویہ بھی انتہائی احترام والا تھا۔ اسی روز مجھے اندازہ ہوا کہ پیر صاحب لوگوں کو ان کے ظاہری حلیے یا معاشرتی شناخت سے نہیں پرکھتے۔پیر صاحب مجھے وکیل بابو کہا کرتے تھے۔اگلے روز شام کے وقت وہ مجھے راولپنڈی کی باڑہ مارکیٹ ساتھ لے گئے۔ وہاں کا منظر بھی یادگار تھا۔ دکاندار اپنی دکانیں بند کرکے پیر صاحب کے انتظار میں بیٹھے تھے ۔ ہر شخص کے سامنے پانی سے بھرا ہوا ایک گلاس رکھا تھا۔ پھر ڈیک پر قاری عبدالباسط کی آواز میں سورت الرحمن کی تلاوت لگائی گئی ۔ پیر صاحب نے لوگوں کو ہدایت کی کہ تلاوت سنتے ہوئے آنکھیں بند رکھیں اور جس بیماری یا پریشانی سے نجات چاہتے ہیں۔ اسے ذہن میں رکھیں۔ تلاوت مکمل ہونے پر آنکھیں کھولیں اور گلاس میں موجود پانی کو تین گھونٹ میں پی لیں۔ وہاں موجود لوگوں نے ان کی ہدایت پر عمل کیا۔اگلے روز ہم پمز اسپتال گئے ۔ وہاں بھی پیر صاحب ایسے مریضوں کے پاس جاتے جن کے بارے میں اہلِ خانہ مایوسی کا اظہار کرتے تھے۔ وہ انہیں یہی تلاوت سناتے اور دعا کرتے۔ ان کے بارے میں بتایا جاتا تھا کہ بعض مریضوں کو اس عمل سے روحانی سکون اور صحت یاب ہوئے ہیں ۔ ان میں غیر مسلم مریض بھی شامل تھے۔ یقینا قرآن مجید ہدایت اور روحانی سکون کا سرچشمہ ہے، پیر صاحب کی زندگی کا ایک اور واقعہ میرے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔ ایک روز انہوں نے مجھے کہا وکیل بابو! کل تم نے ہمارے ساتھ لاہور جانا ہے۔ رات وہاں گزاریں گے اور دوسرے روز واپس آ جائیں گے۔ہم تین چار افراد ان کے ساتھ لاہور روانہ ہوئے۔ جب انہوں نے بتایا کہ ہم ہیرا منڈی جائیں گے اور شام وہیں گزاریں گے تو میں نے حیرت سے پوچھا کہ یہ تو ایک بدنامِ زمانہ علاقہ ہے۔ پیر صاحب نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اگر کوئی جاننے والا پوچھے تو اسے بتا دینا کہ ہم یہاں کسی غلط مقصد کیلئے نہیں بلکہ ایک نیک مقصد کے تحت آئے ہیں ۔چنانچہ ہم لاہور کی تاریخی ہیرا منڈی میں داخل ہوئے۔ وہاں ایک لڑکی بن سنور کر، میک اپ کیے، اپنے گھر پر تالا لگا کر کسی فنکشن میں جانے کی تیاری کر رہی تھی۔ پیر صاحب نے اسے آواز دی اور کہا: کیا ہمیں پانی نہیں پلا گی؟اس نے دروازہ کھول دیا اور ہم سب اس کے گھر داخل ہوگئے۔ گھر کے صحن میں ایک نلکا لگا ہوا تھا۔ اس نے وہاں سے پانی بھر کر گلاس سب کو پیش کئے۔ پانی کی رنگت دیکھ کر پہلی نظر میں یوں لگاجیسے یہ زنگ آلود پانی ہو، لیکن جب اسے پیا تو اس کا ذائقہ حیرت انگیز طور پر شربت جیسا میٹھا تھا۔ اس علاقے کے لوگ پیر صاحب کی دل سے عزت کرتے تھے۔ ان کے بارے میں یہ روایت بھی مشہور تھی کہ انہوں نے سات سو سے زیادہ بازارِ حسن کی خواتین کو اس پیشے سے نکلنے، شادی کرنے اور گھر بسانے میں مدد دی تھی۔ بادشاہی مسجد کے امام قادر آزاد صاحب نے اپنے ایک خطبے میں ان کی اس سماجی خدمت کا ذکر کیا تھا۔ان واقعات کے بعد میں بھی پیر صاحب سے عقیدت مندوں میں شامل ہو گیا۔ پیر کاکی تاڑ کا نام آتے ہی لاہور کی تاریخی ہیرا منڈی ، بازارِ حسن کا تصور ذہن میں آتا ہے۔ ان کا آستانہ بھی اسی علاقے کے پاس تھا۔ مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے مسائل، پریشانیاں اور روحانی سکون کی تلاش میں ان کے پاس آتے تھے۔ان کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ ان کا تعلق پنجاب کے ایک خوشحال زمیندار گھرانے سے تھا۔ ان کا آبائی تعلق جہلم کے علاقے پنڈ دادن خان کے گائوں لیلہ کے زمین دار سید گھرانیسے تھا۔ انکا نام سید صفدر علی شاہ بخاری تھا۔لیکن پیر کاکی تاڑ کے نام سے مشہور تھے۔ انہوں نے راولپنڈی کے معروف گارڈن کالج سے گریجویشن کر رکھی تھی۔ مالی آسودگی کے باوجود انہوں نے سادہ زندگی اختیار کی۔ ان کی تربیت میں والدین کی نیک نیتی اور اچھے اخلاق کا نمایاں اثر تھا۔راقم نے انہیں ہمیشہ سادہ لباس کم کھانا کھاتے دیکھا ۔ اپنی زندگی کا بڑا حصہ فلاحی کاموں میں گزارتے ۔ان کے پاس دولت اور وسائل کی کمی نہیں تھی، لیکن انہوں نے اپنی زندگی کو نمود و نمائش کے بجائے دوسروں کی خدمت کیلئے وقف کر رکھا تھا۔ان کی شخصیت کا سب سے قابلِ ذکر پہلو یہ تھا کہ انہوں نے معاشرے کے اس طبقے کے درمیان وقت گزارا جسے عام طور پر نفرت اور حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ وہ ان خواتین کے پاس جاتے، ان کے مسائل سنتے اور انہیں ایک بہتر زندگی کی طرف آنے کی ترغیب دیتے۔ ان سے منسوب روایات کے مطابق سات سو سے زیادہ بازار حسن کی خواتین کو اس ماحول سے نکال کر شادی اور باعزت گھریلو زندگی اختیار کرنے میں انکی مالی مدد کی۔ان کی زندگی کا ایک دلچسپ پہلو قرآن پاک سے وابستگی بھی تھا۔ وہ پریشان حال لوگوں اور مریضوں کا علاج سور الرحمن سے کیا کرتے تھے۔ ان کا عقیدہ تھا کہ قرآن کی تلاوت انسان کے دل و دماغ کو سکون عطا کرتی ہے۔راقم کے ذاتی مشاہدات اور ان کی شخصیت سے وابستہ یادیں یہ ضرور بتاتی ہیں کہ وہ عام روایتی پیروں سے مختلف طرزِ زندگی رکھتے تھیان کی سادگی لوگوں سے بے تکلفی اور محروم طبقے کے ساتھ ان کا تعلق میرے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔راقم کی نظر میں معاشرے کو ایسے لوگوں کی ضرورت ہے جو صرف تقریروں اور تحریروں میں انسانیت کا درس نہ دیں بلکہ عملی طور پر دکھی انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں۔ آخر میں صرف اتنا عرض کروں گا کہ کسی انسان کے سفید بالوں، عمر رسیدہ دیکھ کر نہیں ان کے کرتوتوں کو دیکھ کر ان کی عزت کیا کریں۔پیر کاکی تاڑ اب ہمارے درمیان موجود نہیں لیکن ان سے وابستہ یادیں آج بھی میری تازہ ہیں۔ ان کی سادہ زندگی، ان کے مخصوص انداز اور ان کیساتھ گزارے ہوئے لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے۔اللہ تعالیٰ ان کی نیکیوں، عبادات اور خدمتِ خلق کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے، ان کی مغفرت فرمائے اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطافرمائے ۔آمین ثم آمین






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں