گزشتہ دنوں مجھے اپنے پانچ سالہ بیٹے کے پری سکول(نرسری)کی اساتذہ نے ایک مشاورتی نشست میں مدعو کیا، جہاں انہوں نے آنیوالے سمسٹر کا نصاب شرکا کے سامنے رکھا اور نہایت عاجزی سے پوچھا کہ کیا ہم اس میں کوئی تبدیلی چاہتے ہیں یا کچھ تجویز کرنا پسند کریں گے۔ میں اس نصاب کے اوراق پلٹ رہا تھا اور میری آنکھیں ان تصورات پر جمی تھیں جو ایک پانچ سالہ بچے کے ذہن کی آبیاری کیلئے منتخب کیے گئے تھے؛ جہاں ہمدردی، سماجی شعور، تنقیدی سوچ اور انسانی حقوق جیسے موضوعات کو کھیل ہی کھیل میں سکھانے کا منصوبہ تھا۔ اس نصاب میں ریاضی کو محض گنتی گننے تک محدود رکھنے کے بجائے اسے “مسائل حل کرنے اور منطق سمجھنے کا ایک عملی ہتھیار” بنا کر پیش کیا گیا تھا، جبکہ سائنس کو خشک تعریفوں کے بجائے “مادوں کے ملاپ سے پیدا ہونے والی حیرت اور تجرباتی خوشی” کے گرد بنا گیا تھا۔ سب سے اہم بات یہ تھی کہ وہاں کثیر لسانیت اور انسانی رنگت کے تنوع کو ایک بوجھ نہیں بلکہ ایک “اثاثہ” قرار دے کر بچوں کو پائیدار مستقبل اور مساوی انسانی حقوق کا سبق دیا جا رہا تھا۔ گھر واپس آ کر میں اس حیرت انگیز اور جاندار نصاب کا مطالعہ کر ہی رہا تھا کہ موبائل فون کی سکرین پر ملتان کے نشتر ہسپتال سے ایک ویڈیو نمودار ہوئی، جس نے میرے دل و دماغ کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ ایک جونیئر ڈاکٹر ایک سوگوار خاندان کے سامنے، جو اپنے پیارے کی موت پر احتجاج کر رہا تھا، ایک نہایت غیر اخلاقی اشارہ کر کے اپنی راہ لے رہا تھا۔ میرے ہاتھ میں موجود وہ عالمی معیار کا نصاب اور فون کی سکرین پر موجود ہمارے تعلیمی نظام کا یہ “ثمر”، دونوں ایک دوسرے کے متضاد کھڑے تھے۔ میں اس نوجوان ڈاکٹر کی ذات پر تبصرہ کرنے کے بجائے اس نظام پر سوچنے لگا جس نے اسے یہ ڈگری تو تھمائی، مگر اسے ایک ٹوٹے ہوئے دل کا احترام کرنا نہ سکھایا۔ملتان کا یہ واقعہ محض ایک فرد کی لغزش نہیں بلکہ اس کلچر کی عکاسی ہے جس میں ہم اپنے مسیحاں کی آبیاری کرتے ہیں۔ ہمارا طبی نظامِ تعلیم صرف ہڈیوں کے نام، بیماریوں کی اقسام اور انجکشن لگانے کے طریقوں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے، جبکہ یہ دراصل انسانیت کی خدمت کا سب سے بڑا مرکز ہونا چاہیے تھا۔ میڈیکل کالجز میں برسوں کی محنت کے دوران طالب علموں کو انسانی جسم کی مشینری تو ازبر کروا دی جاتی ہے، مگراخلاقیات اور ہمدردی کے ابواب کہیں گم ہو جاتے ہیں۔ ایک ڈاکٹر کیلئے جتنا ضروری مریض کی نبض پہچاننا ہے، اتنا ہی ضروری اس کے لواحقین کے دکھ اور کرب کو محسوس کرنا بھی ہے جب تک میڈیکل ایجوکیشن کے نصاب میں رویوں کی تبدیلی اور نفسیاتی نزاکتوں کو شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ہسپتالوں میں ہمدرد معالج نہیں بلکہ محض ڈگری یافتہ ٹیکنیشنز ہی پیدا کرتے رہیں گے۔ اور یہ صرف میڈیکل کی تعلیم تک محدود نہیں، ہمیں ہمہ قسمی تعلیم نظام میں ہی ایسی پیچیدگیوں کا سامنا ہے اور اس تبدیلی کی ضرورت مکمل تعلیمی ںظام کو ہے۔ پاکستان کے تعلیمی نظام کا ایک اور بڑا المیہ “تنقیدی سوچ” کا مکمل فقدان ہے۔ ہمارا پورا ڈھانچہ بچے کو یہ سکھاتا ہے کہ “کیا سوچنا ہے ” ، جبکہ اسے یہ سکھایا جانا چاہیے تھا کہ “کیسے سوچنا ہے”۔ ہمارے نظام کے بنجر پن کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ ہماری سائنس لیبارٹریز میں تجربات نہیں بلکہ ‘پریکٹیکل نوٹ بکس’ کی نقل اتاری جاتی ہے؛ جہاں طالب علم کو پہلے سے معلوم ہوتا ہے کہ نتیجہ کیا نکلے گا، اور اگر نتیجہ مختلف آئے تو وہ اسے ‘غلطی’ سمجھ کر مٹا دیتا ہے، جبکہ عالمی سطح پر سائنسی تعلیم کا مقصد ہی ‘ناکامی سے سیکھنا’ اور ‘سوال اٹھانا’ ہے۔ زندگی کے عملی مظاہر پر مبنی تعلیم ‘فینومینن بیسڈ لرننگ’ کے ذریعے بچوں کو حقیقی زندگی کے پیچیدہ مسائل دیے جاتے ہیں، جہاں کوئی ایک ‘درست جواب’ نہیں ہوتا بلکہ مختلف زاویوں سے سوچنا ہی اصل کامیابی کہلاتا ہے ۔ جب کسی معاشرے میں سوال کرنے کی ہمت چھین لی جائے اور صرف کتابی حروف کو حرفِ آخر مان کر رٹا لگانے کی ترغیب دی جائے، تو وہاں ذہنی ارتقا رک جاتا ہے۔ تنقیدی سوچ کے بغیر طالب علم حقائق کو پرکھنے اور منطق کی بنیاد پر نتائج اخذ کرنے کے قابل نہیں رہتا۔ یہی وجہ ہے کہ ہمارے گریجویٹس نظری طور پر تو شاید بہت کچھ جانتے ہوں، مگر جب عملی زندگی میں کسی غیر متوقع چیلنج یا مسئلے کا سامنا ہوتا ہے، تو وہ اسے حل کرنے کے بجائے جذباتیت یا جھنجھلاہٹ کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ہمیں اپنے سکولوں سے لیکر یونیورسٹیوں تک ایسا ماحول بنانا ہوگا جہاں مکالمے کی حوصلہ افزائی ہو اور طالب علم کو اختلاف کرنے کا سلیقہ آئے۔ہم اکثر اپنے نوجوانوں کی فکری پستی، اخلاقی گراوٹ اور عدمِ برداشت کا ملبہ مذہب ، سیاست یا میڈیا پر گرا کر خود کو بری الذمہ قرار دے دیتے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ عوامل صرف اس “خلا”کو بھرتے ہیں جو ہمارے تعلیمی نظام کی ناکامی نے پیدا کیا ہے۔ جب کمرہِ جماعت میں ‘سوال’کرنے کو گستاخی اور ‘خاموشی’ کو ذہانت کا معیار بنا لیا جائے تو وہاں آزاد منش انسان نہیں بلکہ ایک خوفزدہ اور فرمانبردار ہجوم تیار ہوتا ہے۔ ہم نے اپنی درسگاہوں کو ایسی تربیتی گاہیں بنا دیا ہے جہاں طالب علم کو ‘سچ کی تلاش’ کے بجائے صرف ‘غلطی سے بچنا’سکھایا جاتا ہے۔ اسی تناظر میں ہمارے تعلیمی اداروں کو جمہوری اور سیکولر اقدار کی ترویج پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ ہماری نوجوان نسل میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے انہیں دوسروں کے عقائد، خیالات اور طرزِ زندگی کو قبول کرنا نہیں سکھایا۔ آج کا نوجوان ایک ایسے حصار میں قید ہے جہاں اسے اپنے سے مختلف رائے رکھنے والا شخص دشمن نظر آتا ہے ۔ دنیا ستاروں سے آگے جہان ڈھونڈ رہی ہے اور نئی ایجادات کے ذریعے انسانی زندگی کو سہل بنا رہی ہے جبکہ ہم ابھی تک غیر ضروری نظریاتی بحثوں اور ایسے قدیم تصورات کی قبروں میں پناہ تلاش کر رہے ہیں جن کا جدید دور کے تقاضوں سے کوئی تعلق نہیں۔ نصابِ تعلیم میں یہ بات شامل ہونی چاہیے کہ اختلافِ رائے ایک حسن ہے، نہ کہ کوئی جرم۔ ہمیں ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جہاں ہر آواز کو سنا جائے اور جہاں لوگ اپنی غیر یقینی کی کیفیت سے نکل کر ایک روشن اور جدید مستقبل کی طرف قدم بڑھا سکیں۔آج جب میں اپنے بیٹے کو اس کے پری سکول میں “مختلف نقطہ ہائے نظر کے احترام” اور “تصویروں اور فن کے ذریعے جذبات کے اظہار”کا سبق پڑھتے دیکھتا ہوں، تو مجھے یہ ادراک ہوتا ہے کہ تبدیلی باہر سے نہیں، اندر سے آتی ہے۔ ہمیں اپنے تعلیمی اداروں کو صرف نمبروں کی دوڑ کا میدان بنانے کے بجائے ایک ایسی تجربہ گاہ بنانا ہوگا جہاں کردار سازی اور سماجی رویوں کی تشکیل ہو۔ اگر ہم نے آج اپنے نصاب کو اخلاقیات، تنقیدی سوچ اور رواداری کے جدید سانچوں میں نہ ڈھالا، تو ہم محض ڈگری یافتہ ہجوم تو پیدا کر لیں گے مگر ایک باشعور اور مہذب قوم کہلانے کے حقدار کبھی نہیں بن سکیں گے۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم فرسودہ روایات کی زنجیریں توڑیں اور اپنے بچوں کو وہ خواب دیکھنے دیں جو انہیں ایک عالمگیر سچائی اور انسانیت کے قریب لے جائیں۔







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں