پاکستان پچھلی چار دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف طویل، صبر آزما اور قربانیوں سے بھرپور جنگ لڑ رہا ہے۔ اس جنگ میں افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ یہ ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، بڑے نیٹ ورکس توڑے گئے، دہشت گردوں کی کمر توڑی گئی اور ریاستی رٹ بحال ہوئی۔ تاہم اس کے باوجود یہ تلخ حقیقت اپنی جگہ موجود ہے کہ دہشت گردی مکمل طور پر ختم نہیں ہو سکی اور یہ ناسور سر اٹھاتا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کی حالیہ پریس کانفرنس نے ایک بار پھر اس بنیادی نکتے کو اجاگر کیا کہ دہشتگردی کا بڑا منبع آج بھی افغانستان کی سرزمین ہے، جہاں سے دہشت گرد پاکستان میں داخل ہو کر خونریزی کرتے ہیں۔ انہوں نے درست طور پر اس امر پر زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ محض ریاست یا سکیورٹی اداروں کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، اور اس کے لیے ریاست اور عوام کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ناگزیر ہے ۔اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا میں بعض عناصر کی جانب سے دہشت گردوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کی نشاندہی بھی سنجیدہ لمح فکریہ ہے۔اب سوال یہ ہے کہ ہم دہشت گردی سے مستقل نجات کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ اگر دہشت گردی کا تسلسل افغانستان سے جڑا ہوا ہے تو پھر ہمیں بطور ریاست یہ جرات مندانہ جائزہ لینا ہوگا کہ آیا ہماری افغانستان پالیسی میں کوئی بنیادی خامی تو موجود نہیں ۔ پاکستان برسوں سے اس پالیسی پر کاربند رہا ہے کہ “افغانستان ہمارا دوست ہے”۔ بلاشبہ مستحکم اور پرامن افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، مگر دوستی کا یہ تصور یکطرفہ نہیں ہو سکتا۔ اس پالیسی کا ازسرِنو جائزہ لینا ہوگا کہ کہیں یہ سوچ عملی حقائق سے متصادم تو نہیں ہو چکی۔ افغانستان میں اس وقت عبوری نوعیت کی حکومت موجود ہے، جو اصولا نہ تو دیرپا فیصلوں کی مجاز ہے اور نہ ہی پائیدار ریاستی ضمانتیں دینے کی اہل۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کو آج تک تحریری ضمانت نہیں مل سکی کہ افغان سرزمین پاکستان یا کسی اور ملک کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔ٹی ٹی پی اور افغان طالبان درحقیقت ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ انہیں الگ الگ خانوں میں رکھ کر دیکھنا زمینی حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔ 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ امید کی جا رہی تھی کہ پاکستان میں دہشت گردی مزید کم ہو جائے گی مگر 2022کے بعد دہشت گردی میں واضح اضافہ ہوا، خاص طور پر خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں۔ بلوچستان میں ایف سی اور دیگر سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ مسئلہ داخلی نہیں بلکہ سرحد پار عوامل سے جڑا ہوا ہے۔یہاں ایک اہم نکتہ یہ بھی ہے کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں افغانستان کا ساتھ دیا، مگر اس کے برعکس افغان طالبان کی حکومت نے پاکستان کے تحفظات کو سنجیدگی سے نہیں لیا۔ قطر، ترکی اور سعودی عرب میں ہونیوالے مذاکرات میں زبانی یقین دہانیاں تو دی گئیں، مگر تحریری ضمانت دینے سے مسلسل انکار کیا گیا، جو غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے۔ دہشت گردی کے مستقل خاتمے کیلئے سب سے بنیادی اور طویل المدتی اقدام یہ ہے کہ پاکستان افغانستان میں مستقل، پائیدار اور منتخب حکومت کے قیام کی حمایت کرے۔ 2021کے معاہدے کے تحت افغانستان میں انتخابات کا انعقاد ناگزیر ہے، جن میں تمام نسلی، سیاسی اور مذہبی گروہوں کی شمولیت ہو۔ ایک نمائندہ حکومت ہی علاقائی امن اور ذمہ دارانہ فیصلوں کی ضمانت دے سکتی ہے۔ خیبر پختونخوا میں ہونیوالے آپریشنز انٹیلی جنس بیسڈ ہیں جیسا کہ گزشتہ برس 75ہزار سے زائد آپریشنز کیے گئے۔اس کے باوجود صوبائی حکومت اور سیاسی قیادت کو یہ باور کرانا ہوگا کہ یہ معاملہ سیاست کا نہیں بلکہ قومی سلامتی کا ہے۔اسی تناظر میں ان مذہبی و سیاسی شخصیات اور گروہوں سے بھی بات چیت ناگزیر ہے جن کا طالبان پر اثر و رسوخ سمجھا جاتا ہے، جن میں مولانا فضل الرحمن جیسے رہنما شامل ہیں۔ یہ رابطے ریاستی مفاد میں ہونے چاہئیں، نہ کہ کسی سیاسی مفاہمت کے تحت ۔ علاقائی سطح پر پاکستان کو چین، قطر، ترکی اور سعودی عرب جیسے دوست ممالک کو دوبارہ فعال کردار میں لانا چاہیے۔ یہ وہ ممالک ہیں جو ماضی میں افغان مذاکرات میں سہولت کار رہے ہیں اور آج بھی طالبان پر اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ افغانستان پالیسی کی تشکیل میں سول اور ملٹری قیادت کا ایک پیج پر ہونا انتہائی ضروری ہے۔ اگر کوئی سیاسی جماعت قومی سلامتی کے معاملے پر مختلف ایجنڈا رکھتی ہے تو اسے قومی دائرے میں لانا ہوگا کیونکہ دہشتگردی پر کوئی ابہام یا تقسیم ناقابلِ برداشت ہے۔ خطے کے تمام ممالک کو بھی افغانستان کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینا ہوگا۔ افغان طالبان کو بھی یہ ثابت کرنا ہوگا کہ وہ کسی بیرونی قوت، خصوصا بھارت کے اثر و رسوخ میں نہیں۔ 2022میں بھارتی خصوصی ایلچی اور افغان وزیر خارجہ ملا متقی کے درمیان ملاقاتیں کئی سوالات کو جنم دیتی ہیں، جن کے واضح جوابات ضروری ہیں۔یہ حقیقت ہے کہ دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ پاکستان سے۔ یہ انسانیت کے خلاف جنگ ہے اور اس کا مقابلہ صرف بندوق سے نہیں بلکہ دانش، اتحاد، متوازن پالیسی اور قومی اتفاقِ رائے سے ہی ممکن ہے۔







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں