بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 13.2°C
Monday, 23 November 2026 | پاکستان: 14 جمادی الثانی 1448

مفاہمت سے آگے: بلاول کا سیاسی امتحان

Monday, 23 November, 2026

پاکستان کا سیاسی بحران محض طرزِ حکمرانی کا بحران نہیں بلکہ سیاسی ساکھ، اداروں پر اعتماد اور قیادت کے فقدان کا بحران بھی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کراچی پریس کلب میں حالیہ خطاب ملک کی سیاسی سمت پر ازسرنو غور کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔ سیاسی نظام میں اصلاحات کی ضرورت، ماضی کی غلطیوں کا اعتراف اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے طریق کار پر ان کی تنقید قابلِ توجہ ہے۔ تاہم سیاسی بیانات کی اصل اہمیت اس بات سے متعین ہوتی ہے کہ قیادت موجودہ نظام کو چیلنج کرنے کیلئے کس حد تک عملی جرات کا مظاہرہ کرتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا یہ موقف کہ نظام کو خود بخود تباہ ہونے نہیں دیا گیا بلکہ اسے دانستہ طور پر تباہی کی طرف دھکیلا گیا، اس حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان کے ادارہ جاتی مسائل محض انتظامی کمزوریوں کا نتیجہ نہیں۔ سیاسی انتشار، احتساب کے غیر مساوی معیار، آئینی تنازعات اور اپوزیشن کو سیاسی عمل سے باہر رکھنے کی کوششوں نے عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ سیاسی مکالمے کی بحالی، سیاسی انتقام کا خاتمہ اور پارلیمان کی ساکھ کو مضبوط بنانے پر ان کا زور، محاذ آرائی کی سیاست سے ایک مثبت انحراف ہے۔ماضی کی غلطیوں کا اعتراف ان کے خطاب کا ایک اہم پہلو ہے۔ سیاسی رہنما عموما ایسے فیصلوں کی ذمہ داری قبول کرنے سے گریز کرتے ہیں جو بعد میں متنازع ثابت ہوں۔ تاہم غلطی کا اعتراف اسی وقت سیاسی اہمیت اختیار کرتا ہے جب اس کے بعد اصلاحی اقدامات بھی کیے جائیں۔ 27ویں آئینی ترمیم پر بلاول کی تنقید ایک بنیادی سوال اٹھاتی ہے کہ اگر اس ترمیم کو مطلوبہ سیاسی اتفاقِ رائے کے بغیر اور عددی اکثریت کے بل پر منظور کیا گیا تو ان کی جماعت نے اس کی حمایت کیوں کی؟پیپلز پارٹی کی قانون سازی میں شرکت، ترمیم کی حمایت اور بعد ازاں تحفظات کا اظہار ایک ایسا تضاد ہے جسے محض سیاسی بیانات سے دور نہیں کیا جا سکتا۔ صدر آصف علی زرداری کی مفاہمت کی پالیسی کا مقصد سیاسی استحکام پیدا کرنا ہو سکتا ہے، لیکن مفاہمت کو آئینی اصولوں کا متبادل نہیں بننا چاہیے۔ سیاسی مصلحت جمہوری احتساب اور اصولی سیاست پر غالب نہیں آنی چاہیے۔بلاول کے حالیہ بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ وہ 27ویں آئینی ترمیم کی حمایت کے فیصلے سے پوری طرح مطمئن نہیں تھے اور پارٹی کی وسیع تر مفاہمتی حکمتِ عملی نے اس فیصلے میں کردار ادا کیا۔ یہ صورتِ حال پیپلز پارٹی کے اندر اختیارات کے توازن پر بھی سوالات اٹھاتی ہے۔ چیئرمین کی سیاسی سوچ اور پارٹی کے بااثر حلقوں کے فیصلوں میں اختلاف ہو سکتا ہے۔ خدشہ ہے کہ اگر پارٹی کے موجودہ طاقتور سیاسی حلقے فیصلہ سازی پر غالب رہے تو بلاول کے تحفظات محض بیانات تک محدود رہ جائیں گے اور عملی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ چیئرمین کو واضح کرنا ہوگا کہ ان کا حالیہ مقف پارٹی کی سابقہ پالیسی سے حقیقی انحراف ہے یا محض وقتی سیاسی اختلاف۔ پیپلز پارٹی بیک وقت پارلیمانی جمہوریت کی علمبردار ہونے کا دعوی اور ایسے آئینی اقدامات پر خاموش بھی نہیں رہ سکتی جن میں وسیع سیاسی اتفاقِ رائے موجود نہ ہو۔ بلاول کے سیاسی ری سیٹ کی ساکھ اسی بات پر منحصر ہے کہ وہ اپنی جماعت کے اندر ایک آزاد سیاسی سمت متعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں یا نہیں۔یہاں بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا بلاول پاکستان کی اصلاح سے پہلے پیپلز پارٹی کی اصلاح کر سکتے ہیں؟پارٹی کے سیاسی ڈھانچے، فیصلہ سازی کے طریق کار اور بااثر حلقوں کے کردار پر سنجیدہ نظرثانی کی ضرورت ہے جو چیئرمین قومی سطح پر سیاسی نظام کو تبدیل کرنے کی بات کرتا ہے، اسے پہلے اپنی جماعت میں جمہوری احتساب متعارف کرانا ہوگا۔ پیپلز پارٹی کو داخلی بحث کی حوصلہ افزائی، نوجوان قیادت کو بااختیار بنانے، نظریاتی بنیادوں کو مضبوط کرنے اور شخصیات و موروثی سیاست سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی سیاسی میراث محض خاندانی قیادت تک محدود نہیں تھی۔ یہ عوامی سیاسی تحریک، مزاحمت، سماجی اصلاحات اور مروجہ نظام کو چیلنج کرنے کی صلاحیت کا نام بھی تھا۔ بلاول کو اس روایت کی بحالی علامتی نعروں کے بجائے عملی اقدامات سے کرنا ہوگی۔ وسیب، ہزارہ اور جنوبی خیبر پختونخوا کے نئے صوبوں کے مطالبات دیرینہ محرومیوں کی عکاسی کرتے ہیں ، جنہیں محض سیاسی چال قرار دے کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان کو بھی مکران، شمالی اور وسطی بلوچستان کے انتظامی خطوں یا صوبوں میں تقسیم کرنے کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے، بشرطیکہ یہ عمل آئینی طریق کار، عوامی مشاورت اور حقیقی اتفاقِ رائے کے تحت ہو۔ نئے صوبوں کا قیام قومی یکجہتی کے لیے خطرہ نہیں سمجھنا چاہیے۔ انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی وفاق کو مضبوط بنا سکتی ہے، حکومتی خدمات عوام کے قریب لا سکتی ہے اور سیاسی و مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم میں مدد دے سکتی ہے۔ اس سے سیاسی اجارہ داریوں کو چیلنج کرنے، روایتی سیاسی مکمل اجارہ داری کو کمزور کرنے اور نئی قیادت کے ابھرنے کے مواقع بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔بلاول کی غیر آئینی طریقوں سے صوبوں کے قیام کی مخالفت کو انتظامی تقسیم کی مخالفت نہیں سمجھنا چاہیے۔ اس کے بجائے انہیں وفاقی نظام کی ازسرنو تشکیل کیلئے ایک آئینی فریم ورک وضع کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ نوجوان پاکستانی روایتی سیاسی نظام، موروثی قیادت اور ایسے نظام سے مایوس ہیں جو میرٹ، روزگار اور بامعنی سیاسی شرکت کے محدود مواقع فراہم کرتا ہے۔ وہ جمہوریت کو مسترد نہیں کر رہے بلکہ ایسی جمہوریت پر سوال اٹھا رہے ہیں جو تبدیلی لانے میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔ نوجوان اس نظام کو محض اس لیے برقرار رکھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے کہ یہ کئی دہائیوں سے موجود ہے ۔ نوجوان محض تقریروں سے مطمئن نہیں ہوں گے ۔ وہ ایسا سیاسی نظام چاہتے ہیں جو ان کی امنگوں کو تسلیم کرے اور انہیں ملک کے مستقبل میں حقیقی حصہ دار بنائے ۔ بلاول بھٹو زرداری ایک سیاسی دوراہے پر کھڑے ہیں۔ وہ موجودہ طاقت کے نظام کا حصہ بن کر رہ سکتے ہیں یا اس کے تضادات کو چیلنج کرنے والی قیادت بن کر ابھر سکتے ہیں۔ اگر انہیں پاکستان کی سیاست میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو پہلے اپنی جماعت میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی۔ داخلی اصلاحات اور اختیارات کی حقیقی تقسیم کے بعد نئے صوبوں، جمہوری اداروں اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر مبنی قومی ایجنڈا انہیں ایسا رہنما بنا سکتا ہے جو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے وژن کو آگے بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہو۔پاکستان کو ایسے رہنما کی ضرورت نہیں جو صرف موجودہ سیاسی بندوبست کو چلاتا رہے۔ پاکستان کو ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو اسے تبدیل کرنے کی جرات رکھتا ہو۔ بلاول بھٹو زرداری کے پاس یہ موقع موجود ہے لیکن پہلا قدم پیپلز پارٹی کے اندر حقیقی سیاسی ری سیٹ ہونا چاہیے۔ تاریخ انہیں ان کی تقریروں کاموثراندازبیان یا خاندانی نام کی بنیاد پر نہیں بلکہ اس سیاسی جرات سے یاد رکھے گی کہ آیا وہ اپنی جماعت کو تبدیل کرنے، طاقتور مفادات کو چیلنج کرنے اور پاکستان کی نوجوان نسل کو ایک بہتر مستقبل پر یقین دلانے میں کامیاب ہوئے یا نہیں۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *