اسلام آباد:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے ملکی و غیرملکی میڈیا کو لائن آف کنٹرول(ایل او سی)کا دورہ کروا کر بھارت کے دہشتگردی کے کیمپوں کے بے بنیاد الزامات کا پول کھول دیا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کی جانب سے عالمی میڈیا سے منسلک صحافیوں کو ایل او سی کا دورہ کرانے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا۔
بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کیلئے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کئے گئے اور میڈیا کے نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا گیا تھا۔ زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود مشاہدہ کر کے میڈیا نے ان بھارتی دعوں کی حقیقت جاننے کا موقع حاصل کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے، تاہم آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیئے ہیں اور جو مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے، وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔
پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشتگردی یا دہشتگردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔
ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا کہ ہم امن کے داعی ہیں لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہم ہر حد تک جائیں گے، بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے۔
خاص خبریں
وزیراطلاعات کا ملکی و غیرملکی میڈیا کیساتھ ایل او سی کا دورہ، بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب
- by Daily Pakistan
- مئی 5, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 56 Views
- 3 ہفتے ago