آج کے کالم کا پہلا حصہ ٹی ٹاک کتاب کی تقریب رونمائی کے حوالے سے ہے اور اس کا دوسرا حصہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بارے میں ہے ۔آٹھ جنوری کو سپریم کورٹ بار میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کتاب ٹی ٹاک کی تقریب رونمائی میں مہمان خصوصی تھے۔ بار کے صدر اور سیکرٹری کی ذاتی مصروفیات کی بنا پر نائب صدر لیاقت ترین ، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار طارق ، فنانس سیکرٹری ساحرہ خالد راجپوت اور میزبان ایڈوکیٹ سپریم کورٹ طلعت عباس خان نے مہمان خصوصی تارڑ صاحب کو ویلکم کیا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اسی روز جوڈیشل کمپلیکس میں وکلا کے چیمبرز بنائے جانے کی تقریب میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی کی حثیت سے شرکت کرنا تھی ۔لہٰذا وقت کی کمی کے باعث اعظم نذیر تارڑ صاحب کی درخواست پر آپ کا تقریب سے خطاب جلد کرایا گیا۔ سردار طارق نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دئے۔ قرآن پاک کی تلاوت قاضی احمد رشید ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے کی اور نعت شریف ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل ثنا اللہ زائد نے پڑھی ۔ تقریب کے میزبان طلعت گچ خان نے مہمان خصوصی اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا سب سے پہلے اللہ تعالی کا شکر ادا کرتا ہوں پھر اہل خانہ دوستوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ مہمان خصوصی اپنے ساتھی بھائی ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ کا دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے بیشمار مصروفیات کے باوجود اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس کے بعد اپ نے دوسرے پروگراموں میں شرکت کرنے جانا ہے لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ آئیں اور اپنے خیالات کا اظہار کریں۔ تالیوں کی گونج میں دعوت خطاب کیلئے تشریف لائے۔ کچھ کتاب اور کچھ کتاب والے اور کچھ آئینی ترمیم کے حوالے سے بتایا جلد جانے کی معذرت کی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ پروگرام کو جاری رکھا جائے اپ کے رخصت ہو جانے کے بعد یہ پروگرام جاری رہا جس میں صائمہ بتول جعفری جو خود بھی دو کتابوں کی مصنفہ ہیں اور علمی ادبی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔مرحوم سید ضمیر جعفری کی قریبی رشتہ دار ہیں۔آپ نے کتاب اور کتاب کے مصنف پر خوبصورت انداز میں روشنی ڈالی ۔ حافظ احسان کھوکھر ، عبید الرحمن عباسی، راجہ محمد نذیر، راجہ شفقت عباسی ان تمام سپریم کورٹ کے دوستوں نے دوستی کاحق نبھایا۔ ہائیکورٹ بار کے صدر سید واجد علی گیلانی نے پرخلوص انداز میں کتاب اور مصنف کی دوستی کے رشتے کا ذکر کیا۔احسن الدین شیخ سینئر وکیل نے بڑی تفصیل کے ساتھ کتاب کے کالموں پر خوبصورت انداز میں تبصرہ کیا ، آنے والے مہمانوں کو مشکل میں ڈال دیا کیونکہ ان کے کہنے کے بعد کہنے کو کچھ بچا ہی نہیں تھا۔ اپ میرے کالموں کے مستقل قاری ہیں۔ لکھنے کا حوصلہ دیتے رہتے ہیں۔ اسی طرح ٹی ٹاک کارنر کے پیر اور بزرگ سیاستدان ایڈووکیٹ سپریم کورٹ سید منظور علی گیلانی نے نہ صرف کتاب کے کالموں پر تبصرہ کیا بلکہ لاہور سے اسلام آباد شفٹ ہونے کا ذمہ دار کتاب کے مصنف کو ٹھہرایا۔ کہا یہ سپریم کورٹ بار کی تاریخ میں پہلی بار کسی کتاب کی تقریب رونمائی کی گئی ہے اپ نے خوب صورت انداز میں حالات حاضرہ اور کتاب پر تبصرہ کیا۔ پروگرام کے آخر میں سابق جسٹس اعظم چھٹہ صاحب نے خوبصورت دعا میں سب کیلئے اورکتاب کے مصنف کیلئے خصوصی دعا کرائی تقریب کے مہمانوں کی خاطر توازح گرم گرم پکوڑوں کیک اور چائے سے کی گئی میڈیا کے تمام چینلوں نے اس تقریب کی لائف کوریج بھی کی۔ اپنے ٹاک شو میں بات بھی کی اخبارات نے اس تقریب کی نمایاں کورج دی۔ یہ تقریب میرے سمیت میرے تمام ساتھیوں کیلئے یادگار رہی وزیر قانون اعطم نزیر تارڑ اور اپنے بار کے تمام ممبران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اس تقریب کو کامیاب بنایا۔ یہ تقریب ہر لحاظ سے یادگار تھی اور رہے گی۔ اب اس کالم کا دوسرا حصہ پیش خدمت ہے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ موجودہ ترمیم کرنا مناسب نہیں تھا ۔یہاں یہ بتاتا چلوں کہ یہ ایمنسٹی انٹرنیشنل ہے کیا۔ اسے کون چلا رہا ہے جو قاری اس این جیو کی معلومات نہیں رکھتے یہ کالم میرا آج ان کیلئے ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل ایک عالمی غیر سرکاری تنظیم این جیو ہے جو انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرتی ہے۔ اس کی بنیاد 1961 میں لندن میں ایک برطانوی وکیل پیٹر بیننسن نے رکھی تھی۔ یہ تنظیم دنیا کے تقریباً 150سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ: انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنا حکومتوں اور طاقتور اداروں کو جوابدہ بنانا مظلوم قیدیوں اقلیتوں اور کمزور طبقات کے حقوق کیلئے آواز اٹھانا اورعالمی قوانین کے مطابق ریاستوں کے رویوں کا جائزہ لینا ہے 27ویں آئینی ترمیم پرایمنسٹی انٹرنیشنل کہتی ہے کہ یہ ترمیم پاکستان میں عدلیہ کی آزادی اور عدالتی آزادیاں کمزور کرتی ہے، اور قانون کی حکمرانی کو خطرے میں ڈالتی ہے نقاطِ اعتراض یہ ہے کہ ایک نیا وفاقی آئینی عدالت قائم کیا گیا ہے جس کے فیصلے سب عدالتوں پر لازم ہوں گے، مگر یہ عدالت خود سیاسی اور انتظامی اثر و رسوخ کے خلاف مضبوط نہیں۔ صدر اور فوجی اعلیٰ حکام کو احتساب سے تحفظ (لائف ٹائم امیونٹی)مل گیا ہے جسے ایمنسٹی نے قانون کے سامنے برابری کے اصول کیخلاف ہے ایمنسٹی نے کہا ہے کہ یہ ترمیم بین الاقوامی انسانی حقوق کے قانون کی خلاف ورزی ہے۔ رپورٹ میں بتایا کہ ترمیم سول سوسائٹی یا اپوزیشن سے مشاورت کے بغیر جلدی میں منظور کی گئی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پاکستانی حکام سے فوری طور پر اس ترمیم کا جامع اور ازسرِنو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل لگتا ہے یہ ہمارے ملک کی اپوزیشن کی ایک جماعت کا حصہ ہو جیسے۔ ان کا ایسا کرنا ملکی معملات میں مداخلت ہے۔ اس این جیو کو پاکستان میں ہی تنقید کرنے کی ضرورت اب انہیں کیوں کر پیش آئی۔ یہ اس وقت کہاں تھے جب ذوالفقار علی بھٹو کوججز نے پھانسی دی تھی، جب جنرل ضیا الحق نے مارشل لا لگایا تھا ۔جب جنرل مشرف نے سویلین حکومت کو فارغ کیا تھا۔ عدلیہ نے نظریہ ضرورت کے تحت انہیں اقتدار میں رہنے دیاگیا تھا میاں نواز شریف کو ان عدالتوں کے فیصلے سے اقتدار بسے الگ کر دیا گیا اور جیل بھیجا تھا جب آصف علی زرداری کو گیارہ سال جیل میں رکھا۔ جب محترمہ بے نظیر کو شہید کیا گیا اس وقت یہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کہاں تھی۔ کیا فلسطین میں جو کچھ اب ہو رہا ہے یا ونزیویلہ میں جو کچھ ہو چکا ہے۔ اس پر کیوں یہ خاموش ہے۔ یہ سب ڈرامے باز این جیو ہیں۔ کسی کے کہنے پر یہ بے وقت کی راگنی چھیڑتے ہیں ۔ جس ملک کی یہ این جیو ہے اور کام کر رہی ہے اسے الطاف دہشتگرد دکھائی نہیں دیتا اسے کیوں پناہ دے رکھی ہے۔ اپنی عدلیہ کی بھی بات کیا کرو ۔کبھی خود بھی اپنی چارپائی کے نیچے ڈنڈا پھیر لیا کرو۔ دوسروں پر تنقید کرتے ہو ۔ہاں یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہر ایک کو اپنا احتساب خود کرنا ہو گا۔ ہمارے ملک میں جو لوگ اسوقت اقتدار سے باہر ہیں وہ اقتدار میں آنے کی کوشش میں ہیں۔ ان چہروں کو دیکھیں جو اپنے آپ کو سیاستدان کہتے ہیں کیا یہ سب وہی لوگ ہیں جو ادھر ڈوبے ادھر نکلے کے فارمولے پر ہیں ۔ یہ سیاسی لوگ نہیں یہ گیس کے غبارے ہیں۔ جب ان میں گیس کی ہوا بھری جاتی ہے تو پھر یہ آڑتے ہیں۔ جب ہوا بھرنے والے ہوا ان کی نکال دیتے ہیں تو یہ ان جیسی این جیو سے بیانات دلواتے ہیں ۔ پھر دشمن کا آلہ کار بن جاتے ہیں۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں