ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز (نیوی)
کراچی، 22 اپریل 2025: پاک بحریہ کے زیر اہتمام انڈین اوشن نیول سمپوزیم (IONS) سے متعلق ایک ورکشاپ کا انعقاد کراچی میں کیا گیا۔
ورکشاپ میں IONS کے 23 رکن ممالک بشمول آسٹریلیا، بنگلادیش، چین، روس، سعودی عرب، یوکے کی نمائندگی کرتے ہوئے 42 سے زائد غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی۔ مزید برآں، ہندوستان اور متحدہ عرب امارات سمیت 6 ممالک نے زوم لنک کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔ یہ ورکشاپ IONS کانکلیو آف چیفس کے لیے ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہے، جو کہ شریک ممالک کو بحری سلامتی اور باہمی تعاون پر مبنی اقدامات پر غور و فکر کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف، وائس ایڈمرل راجہ رب نواز ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی تھے –
مہمانِ خصوصی نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور مکالمے، تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے بحری سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لیے پاک بحریہ کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مندوبین کے تعاون اور مشترکہ کاوشوں سے یہ ورکشاپ علاقائی مفادات کے تناظر میں اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ثابت ہو گی۔
ورکشاپ کے دوران مختلف مقررین نے علاقائی بحری سلامتی سے متعلق اہم موضوعات پر اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے سمندری سلامتی کو درپیش ممکنہ چیلنجز کو اجاگر کیا اور ان سے نمٹنے کے لیے مشترکہ اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ علاوہ ازیں، شرکاء کو بحرِ ہند کے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاک بحریہ کے کردار اور اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔
ورکشاپ کا مقصد علاقائی بحری تعاون اور اسٹریٹجک ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ مزید برآں، مندوبین کو بحرِ ہند میں سلامتی، استحکام اور خوشحالی سے متعلق امور پر تعمیری مکالمے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا بھی اس ورکشاپ کے اہم اہداف میں شامل تھا۔
ورکشاپ کا کامیاب انعقاد اس بات کا مظہر ہے کہ پاک بحریہ علاقائی بحری سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک فعال اور مؤثر کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ رکن ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔