بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi °C
Saturday, 27 June 2026 | پاکستان: 12 محرم 1448

پروفیسر کا کرکٹ کو الوداع، کرکٹرز کا زبردست خراج تحسین

Monday, 3 January, 2022

پاکستان کرکٹ ٹیم اور شائقین میں پروفیسر کے نام سے مشہور آل راؤنڈر محمد حفیظ نے آج انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جس پر ساتھی کرکٹرز کی جانب سے انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے لیے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے محمد حفیظ کے اعلان نے جہاں مداحوں کو افسردہ کیا وہیں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے آل راؤنڈر کے لیے سوشل میڈیا پر پیغامات شیئر کیے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی اور پروفیسر کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ حفیظ کا یادگار کیرئیر اپنے اختتام کو پہنچا، میں نے حفیظ بھائی سے اور ان کے تجربات سے بہت کچھ سیکھا، کرکٹ کے میدان میں میری رہنمائی کرنے کے لیے شکریہ۔ آل راؤنڈر شاداب خان نے حفیظ کے کیرئیر کو شاندار قرار دیا اور انہیں مینشن کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ شاداب خان نے محمد حفیظ کے مستقبل کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عُمر گل نے کہا کہ ہم نے اپنے کیریئر کا آغاز ایک ساتھ کیا تھا اور اس دن سے میں آپ کو سب سے زیادہ مہربان اور ہر بات سامنے کرنے والے کے طور پر جانتا ہوں۔ عمر گل نے لکھا کہ آپ نے ان سالوں میں دنیائے کرکٹ کو بہت کچھ دیا ہے اور ہم یقیناً آپ کے کھیل کو یاد کریں گے۔

مڈل آرڈر بیٹر آصف علی نے کہا کہ آپ کو لاجواب کیرئیر کے لیے مبارک ہو، اللہ آپ کو ہمیشہ کامیابیاں دے، آمین۔ فاسٹ بولر وہاب ریاض نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے آپ کی تمام تر خدمات اور بہترین کیرئیر کے لیے مبارک ہو، ہماری ایک ساتھ کئی خوبصورت یادیں ہیں۔

وہاب ریاض نے حفیظ کے مستقبل کے لیے دعائیہ الفاظ بھی کہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *