اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے مسئلہ فلسطین پر اپنے مشترکہ موقف کا اعادہ کیا اور آٹھ عرب اور اسلامی ممالک کی طرف سے جاری کردہ مشترکہ بیان کی حمایت کی۔ بیان میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات پر پابندی اور ان بستیوں سے منسلک خدمات پر پابندیاں عائد کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے دو ریاستی حل کے حوالے سے برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک کے مشترکہ بیان کی بھی حمایت کی۔
بات چیت کے دوران دونوں فریقوں نے علاقائی چار ملکی فورم R4 کے تحت سعودی عرب اور مصر کے ساتھ علاقائی مسائل پر قریبی مشاورت جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
اسحاق ڈار اور ہاکان فیدان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے آئندہ اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات پر بھی اتفاق کیا۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں