(گزشتہ سے پیوستہ)
1956ء میں مصر کے صدر جمال عبدالناصر نے نہر سویز کو قومیانے کا اعلان کیا۔ یہ نہر یورپ اور ایشیا کے درمیان بحری تجارت کا ایک انتہائی اہم راستہ تھی۔ برطانیہ کیلئے اس کی اہمیت محض تجارتی نہیں تھی، بلکہ ہندوستان اور مشرقِ بعید کے ساتھ اسکے تاریخی اور اسٹریٹجک تعلقات بھی اسی راستے سے وابستہ رہے تھے۔ناصر کے اعلان نے لندن اور پیرس کے ایوانوں میں تشویش کی لہر دوڑا دی۔ برطانیہ اور فرانس نے اسرائیل کے ساتھ خفیہ منصوبہ بندی کے بعد مصر کیخلاف فوجی کارروائی کی ۔ اسرائیلی افواج نے جزیرہ نما سینا میں پیش قدمی کی اور پھر برطانوی و فرانسیسی افواج نے نہر کے علاقے میں مداخلت کی۔ابتدا میں ایسا محسوس ہوا جیسے برطانیہ اپنی پرانی عسکری طاقت کا مظاہرہ کرنے جا رہا ہے، مگر اس مرتبہ عالمی سیاست کا منظرنامہ بدل چکا تھا۔ امریکہ نے اس کارروائی کی مخالفت کی اور سوویت یونین نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا۔ بین الاقوامی دباؤ اور معاشی مشکلات نے برطانیہ کو پسپائی پر مجبور کر دیا۔ اسے اپنی فوجیں واپس بلانا پڑیں۔یہ واقعہ برطانوی تاریخ میں ایک فیصلہ کن علامت بن گیا۔ دنیا نے پہلی مرتبہ اس شدت سے محسوس کیا کہ برطانیہ اب اپنی مرضی سے ہر عالمی معاملے کا فیصلہ نہیں کر سکتا۔ کبھی جس سلطنت کے سامنے سمندروں کے راستے کھلتے تھے، اب اسے ایک نہر کے معاملے میں بھی عالمی طاقتوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔نہر سویز کے کنارے ہونے والی یہ پسپائی دراصل ایک پورے سامراجی تصور کی پسپائی تھی۔ یہ اس بات کا اعلان تھا کہ عالمی اقتدار کا مرکز تبدیل ہو چکا ہے۔ اس کے بعد بھی برطانیہ نے اپنی عالمی حیثیت برقرار رکھنے کیلئے مختلف راستے اختیار کیے۔ دولتِ مشترکہ کے ذریعے سابق نو آبادیاتی ممالک کے ساتھ تعلقات کو نئی آئینی اور سفارتی شکل دی گئی۔ برطانیہ نے اپنے سیاسی، معاشی اور ثقافتی اثرورسوخ کو برقرار رکھنے کی کوشش کی، مگر اب وہ پرانا دور واپس نہیں آ سکتا تھا۔وقت کیساتھ اس کی بیشتر نوآبادیاں آزاد ہو گئیں۔ افریقہ کے صحراؤں سے ایشیا کے ساحلی علاقوں تک، آزادی کی تحریکوں نے ایک نئی دنیا تشکیل دی۔ پھر یکم جولائی 1997ء کو ہانگ کانگ کی چین کو واپسی کا تاریخی لمحہ آیا۔ برطانوی پرچم اتارا گیا اور چینی پرچم بلند کر دیا گیا۔ ہانگ کانگ میں اقتدار کی منتقلی کے موقع پر برطانوی حکام کی رخصتی نے دنیا کو ایک ایسے عہد کی یاد دلائی جس کا آغاز کئی صدیوں پہلے تجارت کے چند مراکز سے ہوا تھا اور جس کا اختتام ایک عظیم نوآبادیاتی سلطنت کے خاتمے پر ہوا۔ آج کا برطانیہ ایک ترقی یافتہ ملک ہے۔ اس کے تعلیمی ادارے، سائنسی مراکز، مالیاتی ادارے اور سفارتی نظام عالمی سطح پر اپنی اہمیت رکھتے ہیں۔ لندن آج بھی بین الاقوامی تجارت اور مالیات کا ایک اہم مرکز ہے۔ برطانیہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور اس کی دفاعی صلاحیت بھی موجود ہے۔ مگر اس کی حیثیت اب ایک ایسی سلطنت کی نہیں جس کے زیرِ اقتدار کبھی دنیا کے وسیع خطے تھے ۔ معاشی سست روی، قومی قرضوں کا بڑھتا ہوا بوجھ، مہنگائی، صحتِ عامہ کے مسائل اور بریگزٹ کے بعد یورپی تجارتی تعلقات میں آنے والی پیچیدگیاں اس کے سامنے نئے امتحانات کھڑے کر رہی ہیں۔ دنیا کا معاشی اور سیاسی مرکز اب کئی نئے خطوں کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔ چین، امریکہ، یورپی یونین اور دوسری ابھرتی ہوئی معیشتیں عالمی طاقت کے توازن میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں ۔ اس پوری داستان کو دیکھتے ہوئے سب سے اہم سوال یہ نہیں کہ برطانوی سلطنت کا خاتمہ کیوں ہوا بلکہ یہ ہے کہ کیا کسی عظیم طاقت کیلئے اپنے عروج کے زمانے میں زوال کے آثار کو پہچاننا ممکن ہوتا ہے کیا کوئی قوم اپنی طاقت کے نشے میں اتنی دور نکل سکتی ہے کہ اسے اپنے قدموں تلے زمین سرکتی ہوئی بھی محسوس نہ ہو۔تاریخ اس سوال کا جواب بار بار دیتی ہے۔ روم کی عظیم سلطنت اپنے زمانے میں ناقابلِ تسخیر سمجھی جاتی تھی۔ اس کے لشکر یورپ، ایشیا اور افریقہ کے وسیع علاقوں میں پھیلے ہوئے تھے، مگر وقت نے اس کے اقتدار کو بھی ماضی کا قصہ بنا دیا۔ عثمانی سلطنت نے صدیوں تک تین براعظموں میں اپنی سیاسی موجودگی قائم رکھی، مگر بدلتے ہوئے عالمی حالات، داخلی مسائل اور جنگوں نے اس کے اقتدار کو بھی ختم کر دیا۔ اسی طرح برطانوی سلطنت کی داستان ہمیں بتاتی ہے کہ اقتدار کی بقا صرف فوجی قوت یا معاشی دولت سے ممکن نہیں ہوتی۔ اس کیلئے سیاسی بصیرت، اداروں کی مضبوطی، انصاف، عوامی اعتماد اور زمانے کے بدلتے ہوئے تقاضوں کو سمجھنے کی صلاحیت بھی ضروری ہوتی ہے ۔ سلطنتوں کا زوال اکثر اس دن شروع نہیں ہوتا جب ان کا آخری قلعہ فتح ہوتا ہے، بلکہ اس دن شروع ہو جاتا ہے جب ان کے حکمران یہ سمجھ بیٹھتے ہیں کہ ان کے فیصلوں کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ جب اقتدار مشاورت سے خالی ہو جائے، طاقت انصاف سے جدا ہو جائے اور حکمران اپنے عوام کی آواز سننا چھوڑ دیں تو عظمت کی بلند عمارت میں خاموشی سے دراڑیں پڑنے لگتی ہیں ۔ ذرا پھر لندن کے ان شاہی ایوانوں کا تصور کیجیے جہاں کبھی دنیا کے نقشے بنائے جاتے تھے۔ان نقشوں پر ہندوستان کے وسیع میدان، افریقہ کے صحرا، مشرقِ بعید کے جزائر اور سمندروں کے تجارتی راستے نشان زد تھے۔ ان ایوانوں میں بیٹھے حکمران شاید یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ ایک دن انہی نقشوں پر ان کی سلطنت کی سرحدیں سکڑتی چلی جائیں گی۔ وہ شاید یہ بھی تصور نہیں کر سکتے تھے کہ جن قوموں کو کبھی ان کے احکامات سننے پڑتے تھے، ایک دن وہی قومیں اپنے قومی پرچموں کے سائے میں اپنی آزادی کا جشن منائیں گی۔مگر تاریخ نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔برطانوی سلطنت کے پاس کبھی دنیا کے وسیع ترین نوآبادیاتی علاقے تھے، اس کے جہاز سمندروں پر حکمرانی کرتے تھے، اس کے خزانے دولت سے بھرے تھے اور اس کے ایوانوں میں بیٹھ کر براعظموں کی تقدیریں لکھی جاتی تھیں۔ لیکن وقت کے ہاتھوں میں ایک ایسا قلم ہے جو نہ کسی شاہی فرمان کا محتاج ہے اور نہ کسی فوجی طاقت کا پابند۔آج جب ہم برطانوی سلطنت کے عروج و زوال کی داستان پڑھتے ہیں تو ہمارے سامنے صرف ایک تاریخی حقیقت نہیں آتی بلکہ اقتدار، غرور، انصاف اور وقت کی بے رحمی کا ایک ایسا آئینہ بھی آتا ہے جس میں ہر طاقتور قوم اپنا چہرہ دیکھ سکتی ہے۔دنیا کی ہر سلطنت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ زمین پر سرحدیں بنائی جا سکتی ہیں، سمندروں پر بحری بیڑے دوڑائے جا سکتے ہیں ، آسمانوں میں جنگی طیارے اڑائے جا سکتے ہیں اور دولت کے انبار جمع کیے جا سکتے ہیں، مگر وقت کو نہ خریدا جا سکتا ہے اور نہ اسے کسی حکم کے تابع کیا جا سکتا ہے۔وہ سورج جس کے کبھی غروب نہ ہونے کا دعویٰ تھا آخرکار افق کے اس پار ڈوب گیا۔ اس کے جہاز رہ گئے، اس کی زبان رہ گئی، اس کی یادگاریں رہ گئیں، مگر اس کی سلطنت نہ رہی اور شاید تاریخ کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ اقتدار کی بلندی انسان کو آسمان کے قریب ضرور لے جاتی ہے لیکن جب اسے اپنی پرواز پر غرور ہو جائے تو زوال کیلئے زمین تک آنے میں زیادہ وقت نہیں لگتا۔کیونکہ آسمان کسی سلطنت کی جاگیر نہیں، سورج کسی بادشاہ کا فرمانبردار نہیں اور وقت کسی فاتح کے سامنے کبھی سر نہیں جھکاتا۔ختم شد




تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں