بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 11°C
Wednesday, 25 November 2026 | پاکستان: 16 جمادی الثانی 1448

خاتونِ جنت حضرت فاطمہ: عصمت و حیا کا کامل نمونہ

Wednesday, 25 November, 2026

تاریخِ انسانیت کے اوراق پر یوں تو بے شمار عظیم خواتین کے نام ثبت ہیں، جنہوں نے اپنی ذہانت، شجاعت اور ایثار سے زمانے کا رخ موڑا، لیکن جب کائنات کی سب سے کامل، پاکیزہ اور مثالی خاتون کا ذکر آتا ہے تو نگاہیں ذاتِ فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا پر آ کر ٹھہر جاتی ہیں۔ آپ وہ عظیم ہستی ہیں جنہیں سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سیدہ نسا العالمین اوربضع منی قرار دیا۔ 20جمادی الثانی کا دن عالمِ اسلام کے لیے نہ صرف خوشی و مسرت کا پیامبر ہے بلکہ یہ دن ہمیں اس عظیم المرتبت ہستی کی سیرتِ طیبہ سے روشنی حاصل کرنے کی دعوت بھی دیتا ہے۔
ولادتِ باسعادت اور دورِ جاہلیت کے اندھیروں کا خاتمہ:
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہاکی ولادت بعثتِ نبوی کے پانچویں سال، 20 جمادی الثانی بروز جمعہ مکہ مکرمہ میں حضرت خدیجة الکبری سلام اللہ علیہا کے بطنِ اطہر سے ہوئی۔ یہ وہ دور تھا جب عرب معاشرہ جہالت کی اتھاہ گہرائیوں میں ڈوبا ہوا تھا۔ بیٹی کی پیدائش کو باعثِ عار سمجھا جاتا تھا۔ ایسے اندھیرے میں اللہ تعالیٰ نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو”کوثر”عطا فرما کر دنیا کو یہ عظیم پیغام دیا کہ عورت باعثِ ذلت نہیں بلکہ رحمتِ خداوندی، عزتِ نفس اور نسلِ انسانی کی بقا و شرف کا ذریعہ ہے۔
القابات اور فضائلِ زہرا سلام اللہ علیہا:
فاطمہ:اللہ نے آپ کو اور آپ کے سچے محبین کو آتشِ جہنم سے نجات عطا فرمائی۔
زہراہ:جب آپ محرابِ عبادت میں کھڑی ہوتی تھیں تو آپ کے نورِ عبادت سے اہلِ آسمان منور ہوتے تھے۔
– بتول:آپ دنیاوی آلائشوں سے پاک ہو کر صرف اللہ کی رضا کے لیے وقف رہیں۔
صدیقہ و طاہرہ:آپ سچائی کا پیکر اور ہر آلودگی سے پاک تھیں، جس کی گواہی آیتِ تطہیر دیتی ہے۔
ام ابیہا:یہ لقب خود رسولِ خدا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عطا فرمایا۔
آغوشِ نبوت میں تربیت اور استقامت:
آپ کی تربیت براہِ راست مرکزِ وحی و رسالت میں ہوئی۔ شعبِ ابی طالب کی محصوری ہو یا طائف کے مصائب، والدہ کی جدائی ہو یا ہجرتِ مدینہ کے مراحل، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا:ہر قدم پر اپنے والدِ گرامی کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ غزوہ احد میں جب حضور اکرمۖ زخمی ہوئے تو حضرت فاطمہ سلام اللہ علیہا نے چٹائی جلا کر اس کی راکھ سے آپۖ کے زخموں کا خون بند کیا۔
علم و حکمت اور خطبہ فدک:مسجدِ نبوی میں آپ کا تاریخی خطبہ فدک عربی ادب، فصاحت و بلاغت، فلسفہ توحید اور حقوقِ انسانی کا ایسا شاہکار ہے جس کی نظیر تاریخ میں ملنا محال ہے۔
مثالی ازدواجی زندگی، سادگی اور قناعت:یکم ذی الحجہ 2 ہجری کو آپ کا عقدِ نکاح حضرت علی ابن ابی طالب علیہ السلام سے طے پایا۔ اس شادی کا جہیز انتہائی سادہ تھا، مٹی کے برتن، چکی، چمڑے کا مشکیزہ، کھجور کی چھال سے بنا بستر اور چند سادہ کپڑے۔
ایثار و سخاوت (نزولِ سورة دہر)
امام حسن اور امام حسین کی بیماری پر تین روزوں کی نذر مانی گئی۔ تین دن افطار کے وقت مسکین، یتیم اور قیدی کو اپنا کھانا دے دیا گیا اور خود پانی سے روزہ افطار کیا۔ اس ایثار پر سورہ دہر نازل ہوئی۔
بہترین ماں اور معمارِ انسانیت:امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام، امام حسین علیہ السلام اور حضرت زینب کبری سلام اللہ علیہاکی تربیت ہی سیدہ فاطمہ زہراسلام اللہ علیہاکی عظیم تربیت کا ثمر تھی۔ آپ فرمایا کرتی تھیں: “الجار ثم الدار” (پہلے ہمسایہ، پھر اپنا گھر)۔
پردہ، حیا اور عفت کا پیکر:آپ نے فرمایا: “عورت کیلئے سب سے بہتر یہ ہے کہ نہ وہ کسی نامحرم کو دیکھے اور نہ کوئی نامحرم اسے دیکھے۔حضور اکرمۖنے فرمایا: “فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہے، اس نے بالکل درست کہا۔”
عصرِ حاضر کیلئے پیغام:محض رسمی تقاریب کافی نہیں، اصل مقصد ان کی سیرت کو عملی زندگی میں نافذ کرنا ہے۔ فضول خرچی، بھاری جہیز، نمود و نمائش اور غیر شرعی رسومات کو ترک کر کے سادگی، قناعت اور حیا کو اپنایا جائے۔اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں خاتونِ جنت کے نقشِ قدم پر چلنے اور روزِ محشر ان کی شفاعت کا حقدار بننے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *