بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi °C
Sunday, 15 November 2026 | پاکستان: 7 جمادی الثانی 1448

سپریم کورٹ نے تاریخ رقم کر دی

Sunday, 15 November, 2026

سپریم کورٹ کی ایک سالہ کارکردگی کی جو تفصیل روزنامہ پاکستان اور پیٹریاٹ میں شائع ہوئی ہے، اسے پڑھ کر ایک خوشگوار احساس پیدا ہوا۔ سپریم کورٹ کا منصب بہت بلند ہے۔ یہ ادارہ محض ٹکرز یا ٹاک شوز کی ہنگامہ خیزی کا سامان نہیں ہے۔ کسی بھی معاشرے کا معتبر ترین ادارہ ہونے کے ناتے اس کی ذمہ داریاں اور اس کا اصل کام اس شور و غوغا سے کہیں بلند ہیں۔مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ محترم چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی قیادت میں سپریم کورٹ اپنی اصل منزل کی طرف یکسوئی سے بڑھ رہی ہے۔ نمود و نمائش اور شہرت سے بے نیاز ہو کر عدلیہ اپنے اس عظیم مشن پر کاربند ہے اور اس کے نتائج بھی سامنے آ رہے ہیں۔ شائع ہونے والی تفصیلات یقینا خوش آئند ہیں۔ان تفصیلات پر نظر ڈالیں تو معلوم ہوتا ہے کہ سپریم کورٹ نے محض مقدمات نمٹانے کو اپنی کامیابی کا پیمانہ نہیں بنایا بلکہ پورے نظامِ انصاف کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع اصلاحاتی پروگرام شروع کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 86 نکاتی ایکشن پلان متعارف کرایا گیا جس کے 64 نکا ت پر عملدرآمد مکمل ہوچکا، 11پر پیش رفت جاری ہے جبکہ مزید 11 اقدامات پر کام ہونا باقی ہے۔اس پروگرام کا ایک نمایاں نتیجہ زیر التوا مقدمات میں کمی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔ نومبر 2024 میں سپریم کورٹ میں 60 ہزار 304 مقدمات زیر التوا تھے۔ ستمبر 2026 تک یہ تعداد کم ہو کر 31 ہزار 927 رہ گئی۔ یعنی تقریبا 47 فیصد کمی ہوئی۔ یہ معمولی پیش رفت نہیں۔ ہمارے ہاں عدالتوں میں مقدمات کے انبار اور برسوں تک انصاف کے انتظار کی جو صورتحال رہی ہے، اس تناظر میں یہ اعداد و شمار خاص اہمیت رکھتے ہیں۔یہاں ایک وضاحت بھی ضروری ہے۔ آئینی ترمیم کے بعد 22 ہزار 213 مقدمات وفاقی آئینی عدالت کو منتقل ہوئے، لیکن اس منتقلی کو الگ رکھ کر دیکھا جائے تب بھی نومبر 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران سپریم کورٹ نے نئے دائر ہونے والے مقدمات کے مقابلے میں 6 ہزار 998 زیادہ مقدمات نمٹائے۔ اس سے کارکردگی میں بہتری کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔مالی سال 2023-24 میں سپریم کورٹ نے 16 ہزار 620 مقدمات نمٹائے تھے۔ اگلے مالی سال میں یہ تعداد بڑھ کر 25 ہزار 989 ہو گئی۔ یعنی تقریبا 56 فیصد اضافہ ہوا۔ یہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ مقدمات نمٹانے کی رفتار میں واقعی بہتری آئی ہے۔اس اصلاحاتی عمل کا ایک اہم پہلو پرانے مقدمات کو ترجیح دینا بھی ہے۔ سزائے موت کی اپیلوں میں اب 2015 کے مقدمات سے آگے بڑھ کر 2026 میں دائر ہونے والے مقدمات تک سماعت ہو رہی ہے۔ ضمانت بعد از گرفتاری کے مقدمات میں بھی 2009 سے شروع ہونے والی فہرست اب 2026 تک پہنچ چکی ہے۔ خاندانی مقدمات میں بھی 2010 سے دائر مقدمات کے بعد اب 2026 کے مقدمات کی باری آ رہی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ برسوں سے انصاف کے منتظر لوگوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔شخصی آزادی، خاندانی حقوق، ٹیکس اور سروس کے تنازعات سمیت مختلف نوعیت کے مقدمات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ مخصوص بنچوں کی تشکیل، جلد سماعت اور مقدمات کی بہتر فکسیشن کے ذریعے تاخیر کم کرنیکی کوشش کی جا رہی ہے۔ عدالت کے لیے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ کسی مقدمے کا فیصلہ صرف ایک عدالتی کارروائی کا اختتام نہیں ہوتا، اس کے پیچھے کسی شہری کی زندگی، روزگار، آزادی یا خاندان کا معاملہ بھی ہو سکتا ہے۔اصلاحات کا دوسرا اہم پہلو ٹیکنالوجی کا استعمال ہے۔ رپورٹ کے مطابق 45 ہزار 131 سے زائد مقدمات ای فائل ہوئے، دو

لاکھ 64 ہزار سے زائد عدالتی فیصلوں کو ڈیجیٹل شکل دی گئی اور 34 ہزار 883 سے زیادہ مصدقہ نقول جاری کی گئیں۔ سپریم کورٹ رولز 2025 کے ذریعے الیکٹرانک فائلنگ، ڈیجیٹل ریکارڈ اور ورچوئل سماعتوں کے لیے نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ تبدیلیاں وقت کی ضرورت ہیں۔ ایک سائل کو اپنی درخواست یا فیصلے کی نقل کے لیے بار بار عدالت کے چکر نہ لگانے پڑیں تو یہ بھی انصاف تک رسائی ہی کا ایک اہم حصہ ہے۔عوامی سہولت کے لیے پبلک فیسلیٹیشن سینٹر کا قیام بھی ایک قابلِ ذکر قدم ہے۔ اس کے ذریعے سائلین کو عدالتی امور میں رہنمائی اور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ایسے شہریوں کے لیے مفت قانونی مشاورت اور قانونی امداد کا کال سینٹر شروع کرنے کا منصوبہ بھی اہمیت رکھتا ہے جو نجی قانونی خدمات کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اوورسیز لٹیگنٹس فیسلیٹیشن سیل کا قیام بھی اسی سوچ کا حصہ ہے۔یہاں یہ بات بھی قابلِ توجہ ہے کہ اصلاحات کو صرف سپریم کورٹ تک محدود نہیں رکھا گیا۔ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے ذریعے پورے عدالتی نظام میں بہتری کی کوشش کی جا رہی ہے۔ 17 ترجیحی اقسام کے مقدمات کے لیے دو ماہ سے 24 ماہ تک کی مدت مقرر کرنے کی تجویز اسی سلسلے کی کڑی ہے۔اس حوالے سے ضلعی عدلیہ کی کارکردگی کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔ ستمبر 2025 سے جولائی 2026 کے دوران ضلعی عدالتوں نے مقررہ مدت کے تحت آنے والے 14 لاکھ 67 ہزار 675 مقدمات نمٹائے۔ اسی عرصے میں ماڈل کریمنل کورٹس نے 91 ہزار 71 اور ماڈل سول کورٹس نے 42 ہزار 386 مقدمات کے فیصلے کیے۔ اس کارکردگی کی نگرانی کے لیے نیشنل جوڈیشل اینالیٹکس ڈیش بورڈ استعمال کیا جا رہا ہے۔ایک متحدہ قومی ای فائلنگ اور الیکٹرانک جوڈیشل ریکارڈ سسٹم کی اصولی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے تحت ہر مقدمے کو ایک یونیورسل کیس آئیڈینٹی فکیشن نمبر دینے کی تجویز ہے جس سے وہ عدلیہ کی مختلف سطحوں پر ایک ہی نمبر کے ذریعے ٹریک ہو سکے گا۔ اس کا ابتدائی منصوبہ خاندانی مقدمات سے شروع کرنے کی تجویز ہے۔ اگر یہ نظام کامیابی سے نافذ ہو گیا تو مقدمات کی پیروی اور ان کی پیش رفت معلوم کرنا پہلے سے کہیں آسان ہو جائے گا۔اصلاحات کا ایک انسانی پہلو بھی ہے جسے نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ خواتین کے لیے سازگار عدالتی ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مختلف عدالتی دائرہ اختیار میں 398 مقامات پر خواتین کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ جدید خواتین فیسلیٹیشن سینٹرز میں انتظار گاہوں، بچوں کی نگہداشت، علیحدہ واش رومز اور مصالحتی کمروں کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ادارے کے اندر شفافیت اور جوابدہی کے لیے اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کی گئی ہے، جہاں عملے سے متعلق رشوت، بدعنوانی اور بدسلوکی کی شکایات درج کرائی جا سکتی ہیں۔ مالیاتی نظم و نسق، خریداری، داخلی آڈٹ اور کارکردگی کی نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی اسی سلسلے کا حصہ ہیں۔یہ ساری تفصیلات پڑھتے ہوئے ایک بات ذہن میں آتی ہے۔ کسی بھی ادارے کی اصل کامیابی اس کے شور میں نہیں، اس کے کام میں ہوتی ہے۔ عدلیہ کی عظمت روزانہ کی سیاسی بحثوں میں کسی کو جواب دینے یا خبروں کی سرخی بننے میں نہیں، بلکہ اس شہری کو انصاف فراہم کرنے میں ہے جو برسوں سے عدالت کے دروازے پر کھڑا ہے۔سپریم کورٹ کا منصب اسی لیے غیر معمولی ہے کہ اس سے وابستہ لوگوں کی امیدیں بھی غیر معمولی ہیں۔ عوام چاہتے ہیں کہ عدالتیں ان کے لیے آسانی پیدا کریں، مقدمات کا فیصلہ بروقت ہو، عدالتی کارروائی شفاف ہو اور انصاف صرف صاحبِ استطاعت لوگوں کی دسترس تک محدود نہ

رہے۔یقینا ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ اصلاحات کا اصل امتحان ان کا مستقل نفاذ اور ان کے نتائج ہیں۔ اعداد و شمار خوش آئند ہیں، مجھے خوشی ہے کہ سپریم کورٹ میں اس سمت پیش رفت ہو رہی ہے۔ عدلیہ کو اس کے اصل کام پر توجہ دیتے دیکھنا ایک خوشگوار تجربہ ہے۔ شہرت اور نمود سے بے نیاز ہو کر ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو ان کا کام خود بولتا ہے۔ سپریم کورٹ سے بھی یہی توقع ہے، اور سامنے آنے والی یہ تفصیلات اس توقع کو تقویت دیتی ہیں۔میں اس موقع پر جناب چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔خدا انہیں استقامت عطا فرمائے اور خدا سپریم کورٹ کو اس مقدس مشن میں سرخرو کرے۔

 

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *