بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 24.9°C
Wednesday, 26 August 2026 | پاکستان: 14 ر بیع الاول 1448

سیرتِ نبویۖ انسانیت کیلئے جامع ضابطہ حیات

Wednesday, 26 August, 2026

حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ پوری انسانیت کیلئے ایک مکمل ضابط حیات ہے۔ آپۖ کی تعلیمات نے نہ صرف عرب کے ایک منتشر اور قبائلی معاشرے کو ایک مہذب اور منظم امت میں تبدیل کیا بلکہ پوری دنیا کو امن، عدل، مساوات اور احترامِ انسانیت کا ایسا پیغام دیا جو قیامت تک انسانیت کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ آپۖ کی زندگی کا ہر پہلو انسان کے انفرادی، اجتماعی، معاشی اور سیاسی مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم دنیا میں “رحمت للعالمین” بن کر تشریف لائے۔ قرآنِ مجید میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: “وما رسلنا ِلا رحم لِلعالمِین” (الانبیا: 107)یعنی “ہم نے آپ کو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجا ہے۔” یہ رحمت صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ پوری انسانیت اور تمام مخلوقات کیلئے تھی۔ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انسان کو اس کی اصل قدر و منزلت سے روشناس کرایا اور بتایا کہ ہر انسان عزت، احترام اور انصاف کا حق دار ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بعثت سے قبل عرب معاشرہ جہالت، ظلم، نسلی تعصب اور اخلاقی زوال کا شکار تھا۔ طاقتور کمزوروں کو زیادتی کا نشانہ بناتے، عورتوں کو کمتر سمجھا جاتا تھا، غلاموں کے ساتھ جانوروں جیسا سلوک روا رکھا جاتا تھا اور قبائلی برتری کے نام پر خونریزی معمول بن چکی تھی۔ ایسے حالات میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے توحید، اخوت، مساوات اور عدل کا پیغام دیا۔ آپۖ نے اعلان فرمایا کہ انسان کی عظمت اس کے نسب، قبیلے، رنگ یا دولت میں نہیں بلکہ اس کے تقویٰ اور کردار میں ہے۔ آپۖ نے غلاموں کو آزادی کی ترغیب دی، عورتوں کو حقوق عطا کیے، یتیموں اور مسکینوں کی کفالت کو نیکی قرار دیا اور کمزور طبقات کو معاشرے میں عزت و وقار بخشا۔اسلامی تاریخ کا ایک عظیم واقعہ فتح مکہ ہے۔ مکہ کے وہی لوگ جنہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپۖ کے صحابہ پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے، انہیں اپنے وطن سے ہجرت پر مجبور کیا اور کئی برسوں تک اسلام کیخلاف سازشیں کرتے رہے، جب فتح مکہ کے موقع پر صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے سامنے مغلوب کھڑے تھے تو انہیں سخت سزا کا اندیشہ تھا لیکن رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے انتقام کے بجائے رحمت اور معافی کا راستہ اختیار کیا۔ آپۖ نے فرمایا: “آج تم پر کوئی گرفت نہیں، جا تم سب آزاد ہو۔” یہ اعلان انسانی تاریخ میں عفو و درگزر، برداشت اور اعلیٰ اخلاق کی ایسی مثال ہے جس کی نظیر ملنا مشکل ہے۔ فتح مکہ نے دنیا کو یہ سبق دیا کہ اصل طاقت انتقام لینے میں نہیں بلکہ معاف کرنے میں ہے۔مدینہ منورہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ایک ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس کی بنیاد عدل، مساوات اور قانون کی حکمرانی پر تھی۔ آپۖ کے نزدیک سب انسان برابر تھے اور کوئی شخص قانون سے بالاتر نہیں تھا۔ آپۖ نے حکمرانوں اور عوام دونوں کو انصاف کے یکساں معیار کا پابند بنایا۔ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ریاست میں مذہبی آزادی کا بھی مکمل احترام کیا جاتا تھا۔ مختلف مذاہب اور قبائل کے لوگوں کو اپنے عقائد کے مطابق زندگی گزارنے کی آزادی حاصل تھی۔ یہی اصول آج کے جدید جمہوری معاشروں کیلئے بھی مشعلِ راہ ہیں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی زندگی کا آخری اور جامع ترین پیغام خطب حج الوداع جو آپۖ نے 10 ہجری میں میدانِ عرفات میں ایک لاکھ سے زائد صحابہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ارشاد فرمایا۔ یہ خطبہ درحقیقت انسانی حقوق، معاشرتی انصاف اور عالمی اخوت کا پہلا اور مکمل منشور ہے۔خطبے میں آپۖ نے سب سے پہلے انسانی جان، مال اور عزت کی حرمت کو بیان فرمایا: “جس طرح یہ دن، یہ مہینہ اور یہ شہر محترم ہے، اسی طرح ایک مسلمان کی جان، مال اور عزت بھی محترم ہے۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سود کے خاتمے کا اعلان فرمایا اور معاشی استحصال کی تمام صورتوں کو ناجائز قرار دیا۔ آپۖ نے فرمایا کہ جاہلیت کے تمام سودی معاملات ختم کیے جاتے ہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے عورتوں کے حقوق کی طرف توجہ دلاتے ہوئے فرمایا: “عورتوں کے بارے میں اللہ سے ڈرو، تمہارے ان پر حقوق ہیں اور ان کے تم پر حقوق ہیں۔” آپۖ نے شوہروں کو اپنی بیویوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور محبت سے پیش آنے کی تلقین فرمائی۔ یہ تعلیم آج بھی خاندانی نظام کے استحکام کی بنیاد ہے۔ اس کے بعد آپۖ نے نسل، رنگ اور قومیت کی بنیاد پر برتری کے تمام تصورات کو ختم کرتے ہوئے فرمایا: “کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں، سوائے تقویٰ کے۔ یہ اعلان دنیا میں انسانی مساوات کا سب سے عظیم اور انقلابی پیغام تھا۔ آج جب دنیا نسل پرستی، تعصب اور نفرت کا شکار ہے تو خطب حج الوداع ہمیں انسانوں کے درمیان برابری اور احترام کا درس دیتا ہے۔ خطبے کے آخر میں آپۖ نے امت کو قرآن و سنت سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے ہوئے فرمایا: “میں تم میں دو چیزیں چھوڑے جا رہا ہوں، جب تک انہیں مضبوطی سے تھامے رکھو گے کبھی گمراہ نہیں ہو گے: اللہ کی کتاب اور میری سنت ۔”آج دنیا بے شمار مسائل سے دوچار ہے ۔ جنگیں، معاشی ناہمواری، مذہبی انتہا پسندی ، نسلی تعصب، اخلاقی زوال اور ماحولیاتی بحران پوری انسانیت کیلئے چیلنج بن چکے ہیں۔ ان مسائل کا مستقل حل سیرتِ نبویۖ کی تعلیمات میں موجود ہے۔ اگر ہم عدل کو اپنائیں، کمزوروں کے حقوق کا تحفظ کریں، خواتین کا احترام کریں، نفرت کے بجائے رواداری کو فروغ دیں اور انسانوں کے درمیان برابری کا تصور عام کریں تو معاشرے میں امن اور استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ ایک مثالی معاشرہ صرف قانون سے نہیں بلکہ مساوات، اعلیٰ اخلاق، رحم دلی اور انصاف سے تشکیل پاتا ہے۔حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کیلئے رحمت، محبت، عدل اور اخوت کا کامل نمونہ ہیں۔ فتح مکہ کی عام معافی ہو یا خطب حج الوداع کا عالمگیر پیغام، آپۖ کی زندگی کا ہر لمحہ انسانیت کی خدمت اور فلاح کیلئے وقف تھا۔ آپۖ نے انسان کو اس کی عزت و وقار سے روشناس کرایا، معاشرے کو انصاف کا درس دیا اور دنیا کو امن و محبت کا راستہ دکھایا ۔ آج اگر انسانیت حقیقی امن، خوشحالی اور باہمی احترام کی خواہاں ہے تو اسے سیرتِ نبویۖ کے سنہری اصولوں کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ہوگا۔ یہی وہ ابدی پیغام ہے جو ہر دور میں انسانیت کو اندھیروں سے نکال کر روشنی، عدل اور کامیابی کی منزل تک پہنچاتا رہے گا۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *