خاص خبریں

عمران خان کا چیف جسٹس کو ایک اور خط، قتل کی سازش کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

عمران خان کا چیف جسٹس کو ایک اور خط، قتل کی سازش کی جامع تحقیقات کا مطالبہ

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کے نام ایک اور خط لکھ دیا، جس میں انہوں نے مبینہ قتل کی سازش سمیت دیگر معاملات کی جامع تحقیقات کی استدعا کی ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے خط کے ذریعے تفصیلات چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوا دیں۔ جس میں مبینہ طور پر اُن کے قتل کی سازش، جارحیت اور ریاستی دہشت گردی کے واقعات کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عمران خان نے خط میں کہا ہے کہ میں خود پر 90 سے زائد مقدمات کے باعث مسلسل ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی پیروی کی درخواست کررہا ہوں۔عمران خان نے کہا کہ حکومت میری سلامتی کے حوالے سے مکمل غیر سنجیدہ ہے اور سکیورٹی کی فراہمی سے مسلسل گریزاں ہے۔ میں وزیر آباد میں ایک مہلک قاتلانہ حملے کا شکار ہوچکا ہوں۔ قاتلانہ حملے میں بچ جانے کے بعد عدالتی پیشیوں کی صورت میں میری زندگی مسلسل خطرات کی زد میں ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ 18 مارچ کی عدالتی پیشی کے دوران پیش آنے والے واقعات کی روشنی میں استدعا ہے کہ میرے مؤقف کی حساسیت اور سنجیدگی کو سمجھا جائے۔ اسلام آباد کے عدالتی کمپلیکس میں میری حاضری کے موقع پر تمام راستوں کو کنٹینرز لگا کر بلاک کیا گیا۔ میری عدالت میں پیشی کو سہل بنانے کے بجائے جان بوجھ کر ”عدم پیشی“ کے حالات پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔عمران خان نے چیف جسٹس کے نام خط میں مزید کہا کہ میری پیشی کے موقع پر اظہارِ یکجہتی کے لیے آنے والے لوگوں کو اشتعال دلوانے کے لیے پولیس اور رینجرز نے کارکنان اور قائدین پر آنسو گیس، لاٹھیوں کا بے دریغ استعمال کیا۔ اس سے بھی بدتر تو یہ کہ عدالتی کمپلیکس کی چھت پر تعینات پولیس اہلکاروں نے نہتے لوگوں پر پتھر برسائے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پولیس کی وحشت و سنگ باری کی ویڈیوز موجود ہیں۔ عدالت کے رستے میں پولیس نے میرے ساتھ چلنے والے شہریوں کو بلااشتعال تشدد کا نشانہ بنایا۔ مجھے رستے ہی میں احساس ہوگیا تھا کہ میری گرفتاری نہیں بلکہ قتل مقصود تھا۔ میرے اس تاثر کو تقویت اس سے ملی کہ ہمارے وکلا کو تو مار پیٹ کر باہر نکال دیا گیا مگر کم و بیش 20 نامعلوم افراد کمپلیکس میں موجود رہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

güvenilir kumar siteleri