بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 10.9°C
Friday, 27 November 2026 | پاکستان: 18 جمادی الثانی 1448

عوامی نبض

Friday, 27 November, 2026

میں نے راولپنڈی کو ہمیشہ چائے کے کھوکھے سے دیکھا ہے۔جہاں کپ ٹھنڈا ہونے سے پہلے بات گرم ہو جاتی ہے۔ جہاں ہر آدمی لیڈر ہے اور ہر لیڈر کا حساب کتاب کھلا پڑا ہے۔ اس شہر میں جھوٹ زیادہ دیر نہیں چلتا۔ یہاں بات چھپتی نہیں، گلی سے نکل کر چوک تک پہنچ جاتی ہے۔مریم نواز شریف جب اس شہر میں آئیں تو میں نے دو منظر ایک ساتھ دیکھے۔ایک منظر وہ تھا جہاں پھول برس رہے تھے، نعرے لگ رہے تھے، جھنڈے ہل رہے تھے۔ دوسرا منظر وہ تھا جہاں عام آدمی راستے میں کھڑا تھا۔ راستہ بند تھا، آمد و رفت رکی ہوئی تھی، مزدور کو گھر جانے کی جلدی تھی، مریض کو ہسپتال پہنچنے کی فکر تھی۔اس بار میں نے فیصلہ کیا کہ میں صرف منظر نہیں دیکھوں گا، آوازیں سنوں گا۔ سیاسی کارکن کی آواز، عام آدمی کی آواز، اور خوانچہ فروش کی آواز۔ کیونکہ یہی تین آوازیں مل کر راولپنڈی کی نبض بنتی ہیں۔ میں نے ایک پرانے سیاسی کارکن سے پوچھا، بھائی تم اتنی دھوپ میں کیوں کھڑے ہو۔اس نے پسینہ پونچھ کر کہا، عباس بھائی، ہم جماعت کے لیے نہیں، اپنی عزت کے لیے کھڑے ہیں۔ جب لیڈر آتا ہے تو ہمیں لگتا ہے کہ ہم زندہ ہیں۔ ہم نے جھنڈے اٹھائے، نعرے لگائے، گلی گلی گئے۔ مگر جب لیڈر چلا جاتا ہے تو پھر کوئی ہم سے نہیں پوچھتا۔اس نے کہا، ہم کارکن ہیں، ہمیں عہدہ نہیں چاہیے، ہمیں عزت چاہیے۔ جب تھانے میں ہمارا مسئلہ ہو، جب دفتر میں ہمارا کام اٹکا ہو، جب ہمارے بچے کو نوکری چاہیے ہو، تب کوئی ہمیں پہچانے۔ ہم صرف جلسے کے لیے نہیں ہیں، ہم جماعت کی بنیاد ہیں۔پھر اس نے آہ بھر کر کہا، ہمیں ڈر لگتا ہے کہ لیڈر کے جانے کے بعد پھر وہی خاموشی آ جائے گی۔ ناراض کارکن کو منا لیا جائے، مگر وفادار کارکن کو بھلا دیا جائے، یہی ہمارا سب سے بڑا دکھ ہے۔میں نے اس کی بات سنی تو لگا کہ کارکن کا دل بھی عام آدمی کے دل جیسا ہے۔ وہ بھی صرف یہ چاہتا ہے کہ اس کی محنت کو یاد رکھا جائے۔پھر میں نے ایک عام آدمی سے پوچھا، جو نہ کسی جماعت کا تھا، نہ کسی جھنڈے کا۔ وہ مزدوری کر کے گھر جاتا تھا۔اس نے کہا،مجھے لیڈر کے آنے سے خوشی نہیں، پریشانی ہوتی ہے۔ میرا راستہ بند ہو جاتا ہے، میری دیہاڑی ٹوٹ جاتی ہے، میرا بچہ بھوکا سو جاتا ہے۔اس نے کہا، میں نے تقریر سنی۔ تقریر میں سب کچھ تھا، مگر میرے گھر میں کچھ نہیں تھا۔ میرے گھر میں آٹا کم ہے، بجلی کا بل زیادہ ہے، بچے کی فیس باقی ہے، دوائی کا خرچ سر پر ہے۔ میں نے پوچھا، تم کیا چاہتے ہو۔اس نے کہا، میں کچھ زیادہ نہیں چاہتا۔ میں چاہتا ہوں کہ سڑک بنی ہو، پانی وقت پر آئے، ہسپتال میں دوائی ملے، اسکول میں استاد ہو، اور میری مزدوری کی عزت ہو۔ مجھے نعرہ نہیں چاہیے، مجھے روٹی چاہیے۔مجھے وعدہ نہیں چاہیے، مجھے کام چاہیے۔اس کی بات میں کوئی سیاست نہیں تھی۔ اس کی بات میں صرف زندگی تھی۔پھر میں ایک خوانچہ فروش کے پاس جا کر بیٹھ گیا۔ اس کی ریڑھی پر چنے تھے، مونگ پھلی تھی، اور تھوڑا سا سامان تھا۔ وہ سارا دن کھڑا رہتا ہے، تب جا کر شام کو دال روٹی کا بندوبست ہوتا ہے۔اس نے کہا،ہمارا بھی کوئی پرسان حال نہیں۔اس نے بتایا کہ بازار میں گاہک کم ہو گیا ہے۔ لوگوں کی جیب خالی ہے تو وہ خوانچہ کی طرف کیسے آئیں گے۔ کبھی راستہ بند ہو جاتا ہے، کبھی ریڑھی ہٹا دی جاتی ہے، کبھی جرمانہ لگ جاتا ہے۔ سماجی رابطوں پر بھی لوگ یہی لکھ رہے ہیں دکاندار پریشان ہیں، گاہک نہیں آ رہا، دکانیں خالی ہو رہی ہیں، اور ریڑھی و کھوکھے والوں پر بھاری جرمانے لگائے جا رہے ہیں۔ ایک جگہ تو یہ بھی لکھا گیا کہ ریڑھی تیس سے پینتیس ہزار کی بنتی ہے، اور جرمانہ دس سے بیس ہزار تک لگ جاتا ہے۔خوانچہ فروش نے کہا، ہم چور نہیں ہیں۔ ہم محنت کرتے ہیں۔ ہم کسی سے مانگتے نہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمیں ایک جگہ دے دی جائے، ہمیں تنگ نہ کیا جائے، ہمیں عزت سے روزی کمانے دی جائے۔ جب لیڈر کا قافلہ گزرتا ہے تو ہماری ریڑھی سب سے پہلے ہٹائی جاتی ہے۔ جیسے ہم اس شہر کے نہیں، جیسے ہماری روزی کی کوئی قیمت نہیں۔اس نے آخر میں کہا، لیڈر کے آنے سے سڑک صاف ہو جاتی ہے، بتیاں جل جاتی ہیں، مگر ہماری قسمت کب صاف ہوگی۔میں خاموش ہو گیا۔ اس کے سوال کا میرے پاس کوئی جواب نہیں تھا۔میں نے صحافیوں سے پوچھا تو وہ بھی رو پڑے،اس دورے میں میں نے ان لوگوں سے بھی بات کی جو سب کی بات سب تک پہنچاتے ہیں۔ صحافیوں سے پوچھا تو ان کے اپنے دکھ کھل گئے۔انہوں نے کہا، ہم دوسروں کے مسائل لکھتے ہیں، ہمارے اپنے مسائل کوئی نہیں لکھتا۔اخبارات سکڑ رہے ہیں۔ اشتہار کم ہو گئے ہیں، اخبار کے صفحے کم ہو گئے ہیں، دفاتر بند ہو رہے ہیں۔ کئی اخباروں نے اپنے ضلعی دفاتر بند کر دیے۔صحافیوں کا کہنا ہے کہ اگر خبر دینے والا ہی بھوکا ہوگا، تو سچی خبر کون دے گا۔میں نے ان سے کہا، آپ کا دکھ بھی عوام کا دکھ ہے کیونکہ جب صحافی دبے گا تو عوام کی آواز بھی دب جائے گی۔اب سوال یہ ہے کہ یہ دورہ کامیاب تھا یا ناکام۔میری نظر میں یہ دورہ ایک پیغام تھا کہ میدان خالی نہیں۔ مگر پیغام سے پیٹ نہیں بھرتا۔ اثر تب ہوگا جب اس دورے کے بعد گلی میں کام نظر آئے گا۔ کارکن کہتا ہے، مجھے عزت دو۔عام آدمی کہتا ہے، مجھے روٹی دو۔خوانچہ فروش کہتا ہے، مجھے جگہ دو۔ یہ آوازیں مل کر ایک ہی بات کہتی ہیں۔ ہمیں تقریریں نہیں کام چاہیے، ہمیں نعرے نہیں نوکریاں چاہئیں، ہمیں وعدے نہیں عمل چاہیے۔جو لیڈر یہ چار آوازیں سن لے گا، وہ راولپنڈی کا دل جیت لے گا۔جو نہ سنے گا، وہ تقریر کر کے واپس چلا جائے گا۔اور راولپنڈی پھر اسی چائے کے کھوکھے پر بیٹھ کر اگلے لیڈر کا انتظار کرتا رہے گا۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *