سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم مکہ دفاعی اتحاد کے تحت سعودی عرب میں مشترکہ فوجی یونٹس کی تعیناتی کا فیصلہ خطے کی دفاعی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ عالمی اور علاقائی سیاست میں بعض فیصلے محض وقتی نوعیت کے نہیں ہوتے بلکہ آنیوالے برسوں کی سمت متعین کرتے ہیں۔ ریاض میں ہونیوالے حالیہ ہنگامی اجلاس کے فیصلے بھی اسی تناظر میں اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ ان سے اس اتحاد کو ایک واضح اور منظم دفاعی ڈھانچے کی طرف لے جانے کی کوشش نظر آتی ہے۔ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تعلقات تاریخی، مذہبی، سیاسی اور عسکری بنیادوں پر قائم ہیں۔ یہ تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں رہے بلکہ گزشتہ برسوں کے دوران تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ فوجی مشقوں، دفاعی صنعت اور سکیورٹی رابطوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ ان مسلسل روابط نے باہمی اعتماد کو مضبوط کیا، جس کے نتیجے میں دفاعی تعاون کو ایک زیادہ منظم اور ادارہ جاتی شکل دینے کی بنیاد فراہم ہوئی۔ مکہ دفاعی اتحاد اسی طویل تعاون کی ایک نئی اور منظم کڑی کے طور پر سامنے آیا ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی تعاون کوئی نیا تصور نہیں۔ پاکستانی افواج ایک عرصے سے سعودی عرب میں موجود رہی ہیں اور مملکت کی دفاعی ضروریات کے مطابق تربیت، مشاورت اور دیگر شعبوں میں تعاون فراہم کرتی رہی ہیں۔ یوں دونوں ممالک کے درمیان زمینی سطح پر عسکری تعاون پہلے ہی موجود تھا۔ نئے اتحاد کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس موجود تعاون کو وسیع تر علاقائی شراکت داری اور ایک واضح اجتماعی دفاعی فریم ورک سے جوڑا جا رہا ہے۔حالیہ برسوں میں سعودی عرب کو مختلف نوعیت کے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا رہا ہے۔ سرحد پار حملوں، ڈرونز اور میزائلوں سے لاحق خطرات نے خلیجی خطے کے دفاعی ماحول کو مزید پیچیدہ بنایا۔ سعودی مسلح افواج نے ان خطرات کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی دفاعی صلاحیتوں اور تیاریوں کا مثر مظاہرہ کیا۔ تاہم وقت کے ساتھ خطرات کی نوعیت میں بھی تبدیلی آئی اور مملکت کے مختلف شہروں، شہری آبادیوں اور اہم معاشی تنصیبات کے ساتھ ساتھ مقدس شہروں کے تحفظ کا معاملہ بھی زیادہ حساس بن گیا۔دوسری جانب مشرق وسطی میں جاری کشیدگی، عالمی سیاست میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی اور علاقائی سلامتی کو درپیش نئے چیلنجز نے بھی مشترکہ دفاعی حکمت عملی کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ ایسے حالات میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کیلئے یہ ضروری محسوس ہوا کہ پہلے سے موجود دفاعی تعاون کو ایک ایسے ادارہ جاتی نظام میں تبدیل کیا جائے جو ممکنہ خطرات کے مقابلے میں مشترکہ اور بروقت ردعمل کی صلاحیت رکھتا ہو۔ اسی مقصد کیلئے اتحاد کی تنظیمی ساخت کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں ریاض میں تذویراتی سیاسی اوردفاعی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کے مطابق اجلاس کا بنیادی مقصد اتحاد کے ادارہ جاتی اور انتظامی ڈھانچے کو مکمل کرنا اور مشترکہ دفاعی تعاون کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا تھا۔ اس اعتبار سے یہ اجلاس اہم تھا، کیونکہ اس نے مکہ دفاعی اتحاد کو محض ایک سیاسی تصور کے بجائے عملی اور منظم ادارہ جاتی شکل دینے کی راہ ہموار کی۔اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کی۔ سیاسی، سفارتی اور عسکری قیادت کی ایک ساتھ شرکت اس اتحاد کو دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ امر بھی واضح ہوتا ہے کہ تینوں ممالک دفاعی تعاون کو صرف عسکری سطح تک محدود رکھنے کے بجائے اسے وسیع ترسیاسی اور سفارتی تناظر میں بھی دیکھ رہے ہیں ۔ہنگامی اجلاس میں سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، بالخصوص مقدس شہروں کو نشانہ بنانے کی کوششوں اور شہری و معاشی تنصیبات کو لاحق ممکنہ خطرات پر غور کیا گیا۔ شرکا نے اس امر پر اتفاق کیا کہ موجودہ علاقائی حالات میں مشترکہ دفاعی حکمت عملی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقدس شہروں کو نشانہ بنانے کی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا گیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پوری امت مسلمہ کیلئے غیر معمولی مذہبی اور روحانی اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کا تحفظ بنیادی طور پر سعودی عرب کی ذمہ داری ہے، تاہم ان مقدس مقامات کی سلامتی کے حوالے سے مسلم دنیا کی گہری وابستگی بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے ۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق تینوں ممالک نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر فوری عملدرآمد کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کیلئے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی فوجی صلاحیتوں اور عسکری یونٹس کی منظوری دی گئی۔ یہ یونٹس متعلقہ ممالک کے آئینی اور قانونی تقاضوں کے مطابق سعودی عرب میں تعینات کیے جائیں گے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا بروقت اور موثر مقابلہ کیا جا سکے۔یہ فیصلہ صرف فوجی دستوں کی تعیناتی تک محدود نہیں۔ اس کے پیچھے ایک وسیع تر دفاعی تصور کارفرما ہے، جس کا مقصد دفاعی تیاریوں کو بہتر بنانا، عسکری ہم آہنگی کو فروغ دینا، مشترکہ منصوبہ بندی کو مضبوط کرنا اور ممکنہ خطرات کیخلاف اجتماعی ردعمل کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔ ریاض اجلاس کی ایک اور اہم پیش رفت اتحاد کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل تھی۔ پاکستان کے ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو تین سال کی مدت کیلئے مکہ دفاعی اتحاد کے سیکرٹریٹ کا پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ یہ تقرری پاکستان کیلئے اہم سفارتی اور دفاعی اعزاز کے ساتھ ساتھ اس امر کی بھی عکاسی کرتی ہے کہ اتحاد کے مستقبل کے کردار میں پاکستان کو ایک اہم شراکت دار سمجھا جارہا ہے۔ کسی بھی بین الاقوامی اتحاد کی موثر کارکردگی کیلئے مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچہ ضروری ہوتا ہے اور سیکرٹری جنرل کی تقرری اسی سمت میں ایک بنیادی قدم ہے ۔ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا کہ پاکستانی افواج پہلے ہی سعودی عرب میں موجود ہیں اور مملکت کی ضروریات کے مطابق ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہیں۔ریاض کا اجلاس یمن کی صورتحال پر گفتگو کیلئے نہیں تھا بلکہ اس کا بنیادی مقصد مکہ دفاعی اتحاد کے تنظیمی اور انتظامی ڈھانچے کو حتمی شکل دینا تھا۔ یہ وضاحت اس تاثر کو دور کرتی ہے کہ اتحاد کسی مخصوص جنگ یا علاقائی تنازع کیلئے تشکیل دیا گیا ہے۔ اس کے بجائے اس کا بنیادی مقصد وسیع تر دفاعی تعاون اور اجتماعی سلامتی کیلئے ایک مشترکہ نظام وضع کرنا ہے۔مکہ دفاعی اتحاد مستقبل میں تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ مشترکہ فوجی تربیت، انٹیلی جنس شیئرنگ، دفاعی منصوبہ بندی، جدید ٹیکنالوجی اور ممکنہ خطرات کے خلاف مربوط ردعمل جیسے شعبے اس تعاون کو مزید مثر بنا سکتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں نہ صرف رکن ممالک کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ خطے میں استحکام اور طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔کسی بھی دفاعی اتحاد کی کامیابی صرف معاہدے یا فوجی دستوں کی تعیناتی سے نہیں ہوتی۔ اس کیلئے مسلسل سیاسی عزم، واضح کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام، باہمی اعتماد، مشترکہ تربیت اور عملی سطح پر موثر رابطہ ضروری ہوتا ہے۔ اگر تینوں ممالک ان پہلوں پر مستقل توجہ دیتے ہیں تو مکہ دفاعی اتحاد ایک مضبوط اور قابلِ عمل اجتماعی دفاعی ماڈل بن سکتا ہے ۔ ریاض اجلاس کے فیصلے اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ اپنی سلامتی کو اب زیادہ مربوط اور مشترکہ تناظر میں دیکھ رہے ہیں۔ تینوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود تاریخی تعلقات اور دفاعی تعاون کو اگر مضبوط ادارہ جاتی بنیاد مل جاتی ہے تو یہ اتحاد نہ صرف رکن ممالک کیلئے دفاعی تحفظ کو بڑھا سکتا ہے بلکہ مسلم دنیا میں باہمی تعاون اور اجتماعی سلامتی کے ایک نئے تصور کو بھی تقویت دے سکتا ہے۔مکہ دفاعی اتحاد کی اصل اہمیت یہی ہے کہ یہ تین اہم مسلم ممالک کی دفاعی صلاحیتوں اور باہمی اعتماد کو ایک مشترکہ فریم ورک میں لانے کی کوشش ہے۔ آنیوالے وقت میں اس اتحاد کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ تینوں ممالک طے شدہ فیصلوں کو کس حد تک عملی شکل دیتے ہیں اور بدلتے ہوئے علاقائی سکیورٹی ماحول کے مقابلے میں مشترکہ دفاعی صلاحیت کو کس قدر موثر بناتے ہیں۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں