صوبائی دارالحکومت لاہور سے تقریبا 340کلومیٹر کے فاصلے پر واقع میانوالی اپنی جغرافیائی اہمیت، تاریخی شناخت اور سماجی اقدار کے باعث پنجاب کے نمایاں اضلاع میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ضلع ایک طرف پنجاب کی تہذیبی روایت کا امین ہے تو دوسری طرف خیبر پختونخواہ کے سنگم پر واقع ہونے کے باعث مختلف ثقافتوں ، روایات اور معاشرتی رنگوں کا حسین امتزاج بھی پیش کرتا ہے۔ 9نومبر 1901 کو میانوالی کو ضلع کا درجہ ملا اور تب سے یہ خطہ نہ صرف انتظامی اعتبار سے بلکہ سماجی، معاشی اور تزویراتی حوالے سے بھی مسلسل اہمیت اختیار کرتا چلا آ رہا ہے ۔ میانوالی کے لوگوں کی شناخت ان کی وطن دوستی، خلوص، مہمان نوازی اور اپنے اداروں سے وابستگی سے ہوتی ہے۔ یہاں کے باسی اپنے علاقے، اپنی روایات اور اپنے قومی اداروں کے ساتھ مضبوط تعلق رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میانوالی میں عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کی ایک مضبوط فضا موجود ہے۔ اس اعتماد کو برقرار رکھنے اور مزید مستحکم کرنے میں ضلعی پولیس کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔کسی بھی معاشرے میں امن و امان کی صورتحال اس کی ترقی ، استحکام اور خوشحالی کی بنیاد ہوتی ہے۔ جہاں قانون کی حکمرانی مضبوط ہو، وہاں شہری زندگی زیادہ محفوظ، منظم اور پراعتماد ہوتی ہے۔ میانوالی پولیس اسی بنیادی اصول کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔ سرحدی ضلع ہونے کے باعث میانوالی کو سیکیورٹی کے کئی منفرد چیلنجز کا سامنا رہتا ہے لیکن ان حالات میں ایک فعال، متحرک اور جواب دہ پولیس فورس کی موجودگی عوام کے اعتماد کو مضبوط بناتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر میانوالی وقار عظیم کی قیادت میں ضلع پولیس نے قانون کے نفاذ، جرائم کی روک تھام اور عوامی خدمت کے میدان میں ایک واضح سمت اختیار کی ہے۔ ان کا اندازِ کار انتظامی سنجیدگی، پیشہ ورانہ دیانت اور عوامی رابطے کے اصولوں پر استوار ہے۔ انہوں نے اپنے فرائض کو محض سرکاری ذمہ داری نہیں سمجھا بلکہ اسے ایک عوامی امانت کے طور پر نبھانے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے واضح کیا ہے کہ میانوالی میں جرائم پیشہ عناصر کیلئے کوئی گنجائش نہیں۔ یہ موقف صرف ایک انتظامی بیان نہیں بلکہ قانون کی بالادستی کے عزم کا اظہار ہے۔ پولیس کا اصل کردار محض جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری تک محدود نہیں ہوتا بلکہ ایک پرامن اور محفوظ معاشرے کی تشکیل بھی اس کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوام اس وقت خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں جب انہیں یقین ہو کہ قانون ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی شکایات کو سنجیدگی سے سنا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ شکایت درج کروانے میں کسی قسم کی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں اور اگر کسی سطح پر ان کی بات نہ سنی جائے تو وہ براہِ راست ان سے رابطہ کر سکتے ہیں۔یہ طرزِ عمل ایک جدید اور عوام دوست پولیسنگ کی عکاسی کرتا ہے۔ ایک ایسے دور میں جب ریاستی اداروں اور عوام کے درمیان فاصلوں کو کم کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے، وہاں پولیس افسر کا خود کو عوام کیلئے قابلِ رسائی بنانا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اس سے نہ صرف عوام کا اعتماد بڑھتا ہے بلکہ ادارے کی ساکھ بھی مضبوط ہوتی ہے۔میانوالی پولیس اور مقامی میڈیا کے درمیان باہمی تعاون بھی قابلِ توجہ ہے۔ ایک ذمہ دار اور فعال میڈیا معاشرے کی آنکھ اور کان کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، عوامی آواز کو ایوانوں تک پہنچاتا ہے اور مثبت اقدامات کو اجاگر کرتا ہے۔ جب پولیس اور میڈیا باہمی احترام اور پیشہ ورانہ تعاون کے ساتھ کام کریں تو اس کے نتائج پورے معاشرے کیلئے سودمند ثابت ہوتے ہیں۔ آج کے دور میں پولیسنگ کا تصور صرف روایتی حدود تک محدود نہیں رہا۔ اب اس میں کمیونٹی انگیجمنٹ، عوامی اعتماد، شفافیت اور فوری ردعمل جیسے عناصر شامل ہو چکے ہیں۔ وہ ایک ایسے پولیسنگ ماڈل کی نمائندگی کرتے ہیں جس میں سختی قانون شکن کیلئے جبکہ نرمی قانون پسند شہری کیلئے ہے۔تاہم امن و امان کا دائرہ صرف سنگین جرائم تک محدود نہیں۔ روزمرہ زندگی کو متاثر کرنیوالے مسائل بھی عوامی سکون اور سماجی نظم پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ انہی مسائل میں رہائشی علاقوں میں پھیری والوں کی جانب سے لاڈ اسپیکر کا بے جا استعمال شامل ہے ۔ بظاہر یہ ایک معمولی مسئلہ محسوس ہوتا ہے لیکن اس کے اثرات گھرانوں کی روزمرہ زندگی پر نہایت گہرے ہوتے ہیں۔بچوں کی تعلیم، بزرگوں کے آرام، مریضوں کی صحت اور خواتین کے معمولات اس شور سے متاثر ہوتے ہیں۔ رہائشی علاقوں کا بنیادی حق سکون اور تحفظ ہے۔ جب مسلسل اور غیر ضروری شور اس سکون کو متاثر کرے تو انتظامیہ اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کا موثر تدارک کریں۔ پنجاب پولیس کو پھیری والوں کے لائوڈ اسپیکروں کیخلاف سخت ایکشن لینا چاہیے۔ ایک مہذب معاشرے کی پہچان صرف جرائم کی کم شرح نہیں بلکہ شہری سکون، سماجی نظم اور عوامی احترام بھی ہے۔ قانون کی حکمرانی اس وقت مکمل ہوتی ہے جب شہری خود کو اس نظام کا حصہ سمجھیں۔ جب پولیس عوام کی محافظ، رہنما اور معاون کے طور پر نظر آئے تو اعتماد کی وہ فضا قائم ہوتی ہے جو کسی بھی پائیدار امن کی بنیاد ہوتی ہے ۔ میانوالی میں اس فضا کو مزید مضبوط بنانے کیلئے مسلسل محنت، غیر جانبداری اور شفافیت کی ضرورت ہے۔ یہ تعاون اس وقت مزید موثر ہوتا ہے جب ادارے بھی عوام کے اعتماد کا احترام کریں۔ پولیس، میڈیا اور شہری معاشرہ اگر مشترکہ وژن کے ساتھ آگے بڑھیں تو میانوالی نہ صرف امن و امان کے حوالے سے بلکہ سماجی ہم آہنگی اور انتظامی کارکردگی کے اعتبار سے بھی ایک مثالی ضلع بن سکتا ہے۔قانون کی عملداری موثر ہو، عوامی شکایات کے ازالے کے نظام مضبوط ہو، روزمرہ شہری مسائل پر فوری توجہ ہو اور پولیس و عوام کے درمیان رابطے فعال ہوں تو ایک محفوظ، منظم اور باوقار معاشرہ وجود میں آتا ہے۔میانوالی اپنی تاریخ، اپنے لوگوں اور اپنی روایات کے باعث ایک منفرد شناخت رکھتا ہے ۔ اس شناخت کے تحفظ اور اس کے روشن مستقبل کی ضمانت مضبوط اداروں، بااعتماد عوام اور قانون کی غیر متزلزل حکمرانی میں مضمر ہے۔ جب قیادت ذمہ دار ہو، ادارے فعال ہوں اور عوام شریکِ سفر ہوں تو ترقی اور استحکام محض خواہش نہیں بلکہ ایک قابلِ حصول حقیقت بن جاتے ہیں۔







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں