سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ اسلم حق نے وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری فلاحی و سماجی منصوبوں، غربت کے خاتمے، صاف پانی کی فراہمی، روزگار کے مواقع، یتیم بچوں کی کفالت اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے فلاحی کردار پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کی پاکستان میں جاری فلاحی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ناروے اور دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے اپنے وطن کے محروم اور مستحق طبقات کی بہتری کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ بالخصوص جنوبی پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے منصوبوں کو انہوں نے غربت میں کمی اور معاشرتی ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے حافظ اسلم حق کی جانب سے یتیم بچوں کے لیے قائم کیے گئے فوسٹر ہوم اور ان کی معیاری تعلیم، بہتر تربیت، تحفظ اور سرپرستی کے اقدامات کو بھی سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یتیم اور بے سہارا بچوں کی مناسب سرپرستی، تعلیم و تربیت اور صلاحیتوں کی نشوونما کے ذریعے ہم اپنی نوجوان نسل کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ ایسے بچوں کو معاشرے کا بااعتماد اور خودمختار شہری بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ مستحق خاندانوں کو مالی معاونت، تعلیم، غذائیت، ہنرمندی اور روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے مختلف پروگراموں پر کام کر رہی ہے۔ ان اقدامات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، بینظیر تعلیمی وظائف، بینظیر نشوونما پروگرام، بینظیر ہنرمند پروگرام، پاکستان بیت المال اور پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے ذریعے سماجی تحفظ اور معاشی خودمختاری کو فروغ دینا شامل ہے۔ ان پروگراموں کا بنیادی مقصد صرف فوری مالی امداد فراہم کرنا نہیں بلکہ مستحق خاندانوں کو غربت سے نکلنے، اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور باعزت روزگار کے حصول کے قابل بنانا ہے۔
ملاقات میں سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کی ٹرسٹی محترمہ فلزا بھٹی بھی موجود تھیں۔
اس موقع پر پروجیکٹ میدان (Project Maidaan) کے گروپ لیڈر ریحان طاہر نے پاکستان کی اسٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم کے گزشتہ بین الاقوامی دوروں، بالخصوص ناروے کے دوروں کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور سہارا ویلفیئر فاؤنڈیشن ناروے کے چیئرمین حافظ اسلم حق کی معاونت اور میزبانی پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
ریحان طاہر نے کہا کہ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اپنے وطن سے محبت اور وابستگی کا عملی اظہار اس وقت نمایاں ہوتا ہے جب وہ پاکستان کے محروم بچوں کو عالمی سطح پر آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتی ہے۔ گلی کوچوں اور محروم بستیوں سے تعلق رکھنے والے بچوں کو ناروے میں عزت، محبت اور خلوص کے ساتھ خوش آمدید کہنا اور ان کے لیے اپنی خدمات پیش کرنا ایک قابلِ قدر انسانی جذبہ ہے۔ ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص حافظ اسلم حق نے پروجیکٹ میدان کے بچوں کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کے سفر میں جو تعاون فراہم کیا، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پروجیکٹ میدان کھیل کے ذریعے اسٹریٹ چائلڈ اور محروم بچوں کو شناخت، تعلیم، صحت، تحفظ اور مثبت مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ بیرونِ ملک پاکستانی کمیونٹی کا تعاون ان بچوں کے اعتماد اور عالمی سطح پر پاکستان کی مثبت شناخت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے حافظ اسلم حق کو ان کی شاندار فلاحی و سماجی خدمات، پاکستان کے مستحق طبقات کی معاونت اور یتیم و محروم بچوں کی سرپرستی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈ پیش کی۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حکومت، فلاحی اداروں اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے باہمی تعاون سے غربت کے خاتمے، انسانی ترقی اور مستحق خاندانوں کو باعزت زندگی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کو مزید فروغ دیا جائے گا






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں