وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے حال ہی میں ستھرا پنجاب کے کنٹریکٹرز کو فارغ کر کے اس کے عارضی ملازمین کو ایل ڈبلیو ایم سی کے تحت میونسپل کمیٹیوں میں ضم کرنے کا حکم دیا۔ اس فیصلے سے پنجاب بھر میں لاکھوں اہلکار سخت اضطراب میں مبتلا ہیں۔یہی کرب پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عارضی ملازمین کا بھی ہے۔ دونوں محکمے عوام کی صحت اور زندگی کے تحفظ کیلئے بنائے گئے تھے، مگر دونوں کے ملازمین برسوں سے مستقل حیثیت سے محروم ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے دفتر کے باہر کھڑے ہو کر ملازمین کے چہرے دیکھیں تو ہر چہرے پر ایک ہی سوال لکھا نظر آتا ہے: ہم کب پکے ہوں گے؟یہ سوال آج کا نہیں، دس پندرہ سال پرانا ہے۔ یہ وہ نوجوان تھے جو سرکاری نوکری، بچوں کے روشن مستقبل اور والدین کے سہارے کی امید لیکر فوڈ اتھارٹی میں آئے تھے۔ آج ان کے بچے اسکولوں میں ہیں، والدین بوڑھے ہو چکے ہیں، ان کے اپنے بالوں میں سفیدی آ گئی ہے، مگر نوکری آج بھی کنٹریکٹ پر ہے۔یہ کہانی صرف 1450 ملازمین کی نہیں، 1450 خاندانوں کی ہے۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پنجاب کے عوام کو زہریلے دودھ، ملاوٹی مصالحوں اور گندے تیل میں تلے کھانوں سے بچایا۔ چھاپہ مارنا ہو، فیکٹری سیل کرنی ہو یا مافیا کا سامنا کرنا ہو، یہی کنٹریکٹ ملازمین سب سے آگے ہوتے ہیں۔ مگر جب ان کے حق کی باری آتی ہے تو یہی لوگ سب سے پیچھے دھکیل دیے جاتے ہیں۔ کوئی ادارہ اس وقت تباہ ہوتا ہے جب اس کے تجربہ کار لوگ اسے چھوڑنے لگیں۔ عمارتیں کھڑی رہتی ہیں، گاڑیاں کھڑی رہتی ہیں، بورڈ لگے رہتے ہیں، مگر اندر کام کرنے والا تجربہ ختم ہو جاتا ہے۔ نیا آنے والا لڑکا پانچ سال میں بھی وہ تجربہ حاصل نہیں کر سکتا جو جانے والا پندرہ سال میں حاصل کر چکا تھا۔ ملاوٹ مافیا سب سے زیادہ اسی وقت خوش ہوتا ہے جب سامنے نیا اور ناتجربہ کار افسر ہو، کیونکہ اسے دبانا، بہکانا اور خریدنا آسان ہوتا ہے۔ پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ 2018 اسی لیے بنا تھا کہ برسوں سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ یہ قانون ایک وعدہ اور ایک امید تھا۔ اس قانون کے تحت پنجاب فوڈ اتھارٹی کے بورڈ نے اپنے 28ویں اور پھر 39ویں اجلاس میں باقاعدہ منظوری دی کہ ریگولرائزیشن ایکٹ 2018 کو اختیار کیا جائے اور ملازمین کی مستقلی کیلئے طریقہ کار بنایا جائے۔ یعنی ادارہ خود مان چکا تھا کہ ان ملازمین کی مستقل ضرورت ہے، یہ آسامیاں عارضی نہیں ہیں۔ پھر کیا ہوا؟ فائلیں چلتی رہیں، کمیٹیاں بنتی رہیں، اسکروٹنی ہوتی رہی، مگر فیصلہ نہ ہوا۔ ملازمین عدالت گئے۔ لاہور ہائی کورٹ نے 2026 LHC 1419 میں ایک اہم قانونی اصول طے کیا: اگر ابتدائی کنٹریکٹ بھرتیوں کے وقت محکمہ خزانہ سے مشاورت میں کوئی کمی رہ گئی تھی تو یہ حکومت کے اندرونی طریقہ کار کا معاملہ ہے، اس کی سزا ان ملازمین کو نہیں دی جا سکتی جنہوں نے برسوں تک بلا تعطل خدمت کی ہے۔ یہ فیصلہ ڈویژن بینچ سے بھی برقرار رہا۔ اس کے بعد رٹ پٹیشن نمبر 62840 آف 2026 میں جسٹس خالد اسحاق نے 16 اکتوبر 2026 کو حکم دیا کہ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی ملازمین کی نمائندگی کا فیصلہ 30 دن کے اندر کریں اور وہ فیصلہ 2026 LHC 1419 والے اصولوں کی روشنی میں ہو۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف پٹیشن دائر کرنے پر ملازمین کے خلاف کوئی سخت کارروائی نہ کی جائے۔ عدالتی حکم کی تعمیل میں 2 نومبر 2026 کو چیئرمین نے ذاتی شنوائی بھی کی۔ ملازمین نے اپنا موقف پیش کیا کہ ہم 10 سے 15 سال سے کام کر رہے ہیں، ہماری خدمات تسلی بخش ہیں، بورڈ نے منظوری دے رکھی ہے، عدالت نے اصول طے کر رکھا ہے، اب ہمیں مستقل کیا جائے۔ انہوں نے ایک موافق، مدلل اور وجوہات پر مبنی تحریری حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔ مگر آج تک کیا ہوا؟ شنوائی ہو گئی، مہینے گزر گئے، مگر فیصلہ نہیں آیا۔ یہی وہ مقام ہے جہاں عام آدمی کا اعتماد ٹوٹتا ہے۔ وہ سوچتا ہے کہ اگر ہائی کورٹ کے حکم پر بھی عمل نہیں ہو رہا تو انصاف کہاں سے ملے گا؟ سوال یہ ہے کہ جب 2018 کا ایکٹ 2025 میں ختم کیا گیا تو ان ملازمین کا کیا قصور تھا جنہوں نے اس ایکٹ کے ہوتے ہوئے درخواستیں دی تھیں، جن کے کیسز اسکروٹنی کمیٹیوں میں پڑے تھے؟ کیا ایک قانون کے ختم ہونے سے ان کا 15 سال کا حق بھی ختم ہو جاتا ہے؟ عدالت نے اسی لیے کہا تھا کہ فیصلہ کرتے وقت ایکٹ کے ختم ہونے کو بنیاد نہ بنایا جائے۔ عدالت نے محسن عباس کیس کا حوالہ بھی اسی لیے دیا تھا۔ دوسرا بہانہ محکمہ خزانہ کی مشاورت کا ہے۔ عدالت نے اسے بھی مسترد کر دیا۔ ملازم نے تو درخواست نہیں دی تھی کہ مشاورت نہ کرو، یہ تو محکمے کی ذمہ داری تھی۔ اگر محکمے نے کوتاہی کی تو سزا محکمے کو ملنی چاہیے، ملازم کو نہیں۔ افسوس کہ آج بھی اسی کوتاہی کو ڈھال بنا کر ملازمین کو لٹکایا جا رہا ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی جیسے ادارے میں یہ ظلم اور بھی بڑا ہے۔ اگر اس ادارے کے ملازم کا مستقبل ہی غیر محفوظ ہوگا تو وہ مافیا کے سامنے کیسے ڈٹ کر کھڑا ہوگا؟ ایک غیر محفوظ ملازم عوام کو تحفظ کیسے دے گا؟ ایک ملازم جسے یہ ڈر ہو کہ کل اس کا کنٹریکٹ ختم ہو جائے گا، وہ رشوت کے دبا ؤکا مقابلہ کیسے کرے گا؟ ملازمین کی مستقلی صرف ان کا ذاتی فائدہ نہیں، یہ ادارے کی مضبوطی اور عوام کی صحت کا تحفظ ہے۔ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ وہ اس معاملے کو صرف فائل کا معاملہ نہ سمجھے، یہ انسانی معاملہ ہے۔ چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی کو چاہیے کہ عدالت کے حکم پر عمل کرتے ہوئے فوری طور پر موافق حکم جاری کریں۔ محکمہ خزانہ کو چاہیے کہ ایس این ای آسامیوں کو مستقل کرنے میں رکاوٹ نہ بنے۔ ان ملازمین کو مستقل کرنا کوئی احسان نہیں ہوگا، یہ ان کا حق ہوگا۔ یہ وہ حق ہے جو قانون نے دیا، بورڈ نے مانا، عدالت نے تسلیم کیا۔ اب صرف عمل باقی ہے۔ اگر آج بھی عمل نہ ہوا تو یہ 1450 خاندانوں کی آہ ہوگی جو تاریخ میں لکھی جائے گی۔ ادارے کو بچانا ہے تو ملازمین کو بچانا ہوگا۔ ملازمین کو بچانا ہے تو انہیں مستقل کرنا ہوگا۔ ورنہ تاریخ لکھے گی کہ ایک ادارہ تھا جو عوام کو زہر سے بچاتا تھا، اسے خود اس کے اپنے نظام نے زہر دے دیا تھا۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں