لاہور (محمد اشفاق) چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی منظوری کے بعد ملک بھر کی تمام ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے انٹرویو کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی جانب سے جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین کی حیثیت سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم سینئر ترین چیف جسٹس ہونے کے ناطے تمام کمیٹیوں کی رکن ہوں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سید حسن اظہر رضوی کو لاہور ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججز کی تقرری کے لیے انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس محمد سرفراز ڈوگر، اٹارنی جنرل فار پاکستان منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون شامل ہیں۔
یہی کمیٹی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرریوں کے لیے انٹرویوز بھی کرے گی۔
سندھ ہائی کورٹ کے لیے جسٹس عامر فاروق کو انٹرویو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے ارکان میں چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون شامل ہیں۔
اسی طرح بلوچستان ہائی کورٹ میں ایڈیشنل ججوں کی تقرریوں کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی سربراہی جسٹس عامر فاروق کریں گے۔ کمیٹی میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم، اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان، سینیٹر فاروق ایچ نائیک، سینیٹر سید علی ظفر اور محمد احسن بھون شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹیاں متعلقہ ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججوں کی تقرریوں کے لیے امیدواروں کے انٹرویوز کریں گی اور اپنی سفارشات کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ فورم کو بھجوائیں گی۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں