حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی ضمانت منسوخی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ۔
حکومت نے شہباز گل کی ضمانت کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل میں موقف اپنایا ہے کہ شہباز گل کے خلاف اداروں کے خلاف اکسانے کا مقدمہ درج ہے۔ شہباز گل نے اپنے بیان سے حساس ادارے میں بغاوت کی کوشش کی، شہباز گل کو ضمانت دیتے ہوئے ہائی کورٹ نے حقائق کی نوعیت کا جائزہ نہیں لیا۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ ضمانت کے فیصلے کے خلاف اپیل منظور کی جائے۔ اپیل میں شہباز گل کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بغاوت پر اکسانے کے کیس میں شہباز گل کی ضمانت منظور کی تھی ۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے 6 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ تحریر کیا جس میں قرار دیا گیاہے کہ شہباز گل کا بیان لاپروائی اور غیر ذمہ دارانہ تھا، سیاسی جماعت کے ترجمان اور ماہر تعلیم ہونے کے دعویدار سے لاپروا بیان کی امید نہیں تھی جب کہ افواج پاکستان کی جانب سے مقدمے میں کوئی شکایت نہیں کی گئی۔





