اسلام آباد – وزیر اعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی بیلسٹک میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو ناقابل قبول اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملے ناقابل قبول ہیں اور سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اس مشکل وقت میں سعودی عرب کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہے اور خطے میں امن، استحکام، سلامتی اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کے لیے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔
اس سے قبل پاکستان نے یمن کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کے دوران بھی میزائل حملوں کی مذمت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ پر اسرائیلی حملوں میں 3 فلسطینی شہید، 15 زخمی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اسلام آباد کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے یمن کی خودمختاری، آزادی، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی علاقائی کشیدگی کو بات چیت، سفارت کاری اور تحمل کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔
سعودی قیادت میں اتحادی افواج کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثی فورسز نے جنوبی سعودی عرب کی جانب بیلسٹک میزائل داغے تاہم مملکت کے فضائی دفاعی نظام نے میزائلوں کو اپنے ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی کامیابی سے روک کر تباہ کردیا۔
حوثیوں نے اس سے قبل سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ پر فضائی حملے کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور خبردار کیا تھا کہ مملکت کو اس کارروائی کے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں