بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi °C
Friday, 13 November 2026 | پاکستان: 4 جمادی الثانی 1448

پاکستان میں ایل پی جی کا مستقبل اور حکومتی اصلاحات

Friday, 13 November, 2026

پاکستان میں مائع پیٹرولیم گیس کا شعبہ اس وقت بڑھتے ہوئے دبا ئوکا سامنا کر رہا ہے ۔ ملک میں ایل پی جی کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے، جبکہ مقامی پیداوار اس رفتار سے اضافہ نہیں کر پا رہی۔ دوسری جانب عالمی سطح پر توانائی کی ترسیل میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں نے درآمدی گیس پر پاکستان کے انحصار کو مزید نمایاں کر دیا ہے۔ ان حالات کے پیش نظر حکومت نے ایل پی جی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے، قیمتوں کو مستحکم رکھنے اور عام صارفین کے مفادات کے تحفظ کیلئے متعدد اقدامات اور اصلاحات تجویز کی ہیں ۔ پاکستان میں ایل پی جی کی سالانہ کھپت کا تخمینہ تقریبا 24 لاکھ میٹرک ٹن ہے ۔ گزشتہ چھ برسوں کے دوران اس شعبے میں سالانہ اوسط شرحِ نمو 7.5 فیصد رہی ہے، جبکہ آئندہ برسوں میں اس کی طلب میں سالانہ 8 سے 8.5 فیصد اضافے کی توقع ہے۔ آبادی میں مسلسل اضافہ اور مقامی قدرتی گیس کی پیداوار میں کمی اس بڑھتی ہوئی طلب کی بنیادی وجوہات ہیں۔کے پی ایم جی کے تجزیے کے مطابق مالی سال 2025-26 میں ایل پی جی کی طلب 24 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر مالی سال 2032-33 تک 41 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ سکتی ہے۔ اس کے برعکس مقامی پیداوار میں اضافہ نسبتا محدود رہنے کا امکان ہے، جو اسی عرصے میں 9 لاکھ 60 ہزار میٹرک ٹن سے بڑھ کر صرف 13 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس طرح طلب اور مقامی پیداوار کے درمیان بڑھتا ہوا فرق درآمدات کے ذریعے پورا کرنا پڑے گا جن کا حجم 14 لاکھ میٹرک ٹن سے بڑھ کر 28 لاکھ میٹرک ٹن تک پہنچ سکتا ہے۔ ایل پی جی کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ گئی ہے کہ پاکستان میں مقامی قدرتی گیس کے ذخائر اور پیداوار میں کمی آ رہی ہے، جبکہ پائپ لائن کے ذریعے فراہم کی جانے والی گیس کا نیٹ ورک بھی ملک کے محدود علاقوں تک پھیلا ہوا ہے۔ دور دراز، پہاڑی اور ایسے علاقے جہاں گیس کی پائپ لائنیں موجود نہیں، وہاں ایل پی جی گھریلو ضروریات پوری کرنے کیلئے توانائی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ تاہم درآمدی گیس پر بڑھتا ہوا انحصار پاکستان کو عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھا اور ترسیل کے مسائل سے متاثر ہونے کے خطرات سے دوچار کر رہا ہے ۔ موجودہ عالمی سیاسی اور جغرافیائی صورت حال نے ان خدشات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ آبنائے ہرمزکی بندش اور اہم بین الاقوامی توانائی راہداریوں میں رکاوٹوں نے عالمی منڈی میں توانائی کی فراہمی کو غیر یقینی بنا دیا ہے۔ اس صورت حال سے درآمدی توانائی مصنوعات، بشمول ایل پی جی، کی دستیابی، نقل و حمل اور قیمتوں پر دبائو بڑھنے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ ایران کے توانائی کے شعبے پر امریکا کی عائد کردہ پابندیاں بھی علاقائی تجارت اور زمینی راستوں سے توانائی کی فراہمی کے امکانات کو متاثر کر رہی ہیں۔ ان تمام عوامل سے پاکستان میں ایل پی جی کی ممکنہ قلت اور قیمتوں میں اضافے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ یہی صورت حال اس امر کی متقاضی ہے کہ پاکستان درآمدی ذرائع متنوع بنانے کے ساتھ مقامی پیداوار، ذخیرہ کرنے کی سہولتوں اور ترسیلی نظام کو بھی مضبوط بنائے ۔ ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے، قیمتوں میں استحکام لانے، صارفین کے تحفظ اور مسابقتی مارکیٹ کے قیام کیلئے پٹرولیم ڈویژن نے متعدد پالیسی اور انتظامی اقدامات شروع کیے ہیں۔ حکومت کی اولین ترجیح مقامی پیداوار میں اضافہ ہے۔ اس مقصد کیلئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پیٹرولیم کنسیشنز کی جانب سے تلاش کے نئے لائسنس جاری کیے گئے ہیں جبکہ جے جے وی ایل پلانٹ کی دوبارہ فعالیت سے گیس نکالنے کی موجودہ صلاحیت میں بھی بہتری آئی ہے۔ حکومت نے متعلقہ ریگولیٹری ادارے کو ہدایت کی ہے کہ ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی قلت پیدا کرنے اور غیر مسابقتی کاروباری سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ صارفین کو ناجائز منافع خوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ مغربی سرحدوں سے تجارت بند ہونے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کمی پوری کرنے کیلئے حکومت سے حکومت کی سطح پر ایل پی جی کی فراہمی کے انتظامات بھی زیر غور ہیں۔ایل پی جی کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی کمی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اس وقت پاکستان کی بندرگاہوں اور متعلقہ سہولتوں میں سمندری راستے سے بڑے پیمانے پر ایل پی جی درآمد کرنے کی مناسب گنجائش موجود نہیں۔ بندرگاہوں پر تقریبا 14 ہزار میٹرک ٹن اور ملک بھر میں مجموعی طور پر تقریبا 86 ہزار میٹرک ٹن ذخیرہ کرنے کی صلاحیت اس شعبے کی اہم رکاوٹیں ہیں۔ اس مسئلے کے مستقل حل کیلئے حکومت بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور اداروں کے تعاون سے ذخیرہ کرنے کی جدید سہولتیں قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔(……جاری ہے)

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *