پاکستان میں میں اس وقت خبریں ختم ہو چکی ہیں ، واقعات تھم چکے ہیں ، سنا ہے کہ پاکستان پر ڈیوٹی دینے والے شیطان نے بھی عدم مصروفیت کے بحران سے تنگ آ کر آرام و تفریح کیلئے چھٹی کی درخواست دے ڈالی ہے ۔ خیر شیطان نے تو اپنی چھٹی کی درخواست میں یہ موقف اختیار کیا ہے کہ اسے پاکستان میں رہتے اور ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے گناہ تازہ تر تخلیق کرنے کا بحران درپیش ہے۔وہ پاکستانی مقتدرہ کی جامد عملی سے تنگ آ کر چھٹی کا طلبگار ہے۔میرا چھٹی کی اس درخواست پر اعتراض یہ ہے کہ وہ شیطان ہی کیا ،جسے چھٹی کی ضرورت محسوس ہو؟ یہ شیطان ہی تو ہے جو آج تک اپنی ذمہ داریاں خلوص نیت سے نبھاتا چلا آ رہا ہے، اور اپنے کام سے تھکتا نہیں ہے۔شیطان نے یہ سن کر استفسار کیا کہ کیوں کیا شیطان کے انسانی حقوق نہیں ہوتے؟ یہ کیسی کمزور بات کی ہے شیطان۔شیطان نے وضاحت کی کہ اگر انسان بغیر کسی ندامت اور خجالت سے شیطانوں جیسی زندگی گزارتے اور معاشرے میں عزت پا سکتے ہیں ،تو انسانوں کے درمیان رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھاہنے والے شیطان کے انسانی حقوق کیوں نہیں ہو سکتے ؟میرے پاس اس سوال کا مناسب جواب نہیں تھا۔شیطان یوں تو ہمہ وقت مجھے گمراہ کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے ،وہ تو مسئلہ یہ بن گیا کہ میں اپنی جگہ سے ہلتا نہیں ہوں ، بس جہاں بیٹھ گیا ، وہیں بیٹھا رہتا ہوں ،ورنہ جیسی جیسی تجاویز شیطان میرے کان کے پاس آ کر پیش کرتا ہے ، میں ذرا سا بھی چلنے لگوں ،تو لازما گمراہ ہو جاوں گا۔ شیطان چھٹی کی درخواست گزارنے سے پہلے اگر مجھ سے مشورہ کر لیتا ،تو میں اسے سمجھاتا کہ کمزور انسانوں کی طرح مایوس ہونا اچھی بات نہیں ،ہمت کرے ، اگر اور کچھ نہیں تو پاکستانیوں سے کچھ سیکھنے کی کوشش ہی کر لے۔جیسے ہی میں نے یہ بات سوچی شیطان جھٹ سے بول پڑا ۔۔کیا سیکھوں پاکستانیوں سے؟ پاکستانیوں سے تم بہت کچھ سیکھ سکتے ہو۔میں نے جواب دیا۔ شیطان بولا ۔۔۔مثلا ؟ ایک ہی لطیفے پر بار بار کھلکھلا کر ہنسنا، اپنے جیسے کسی دوسرے آدمی کو خوش دیکھ کر اداس ہو جانا، اپنے دکھوں کا مذاق اڑانا، داستانوں کے مزاحیہ بلکہ مضحک کرداروں سے مماثل لوگوں کو اپنے راہنما مان کر ہیرو بنا لینا۔ حقیقی مقتدرہ کی سالہا سال سے کی جانے والی ایک ہی جیسی حماقتوں پر روز اول کی طرح حیران ہوتے رہنا۔ رکو رکو ۔۔۔ذرا ٹھہرو۔۔۔ان ساری باتوں کو سیکھنا کہاں کی شرافت ہے؟ کیا یہ سب کوئی عزت والے کام ہیں؟ اے شیطان ! تمہارا شرافت اور عزت سے کیا لینا دینا۔تم باقی باتیں چھوڑو، اپنی قابلیت اور اہلیت میں اضافہ کرو۔ممکن ہے پھر تمہیں بھی کسی اچھے سے مغربی ملک میں پوسٹنگ مل جائے. شیطان نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے منہ پھیر لیا، اور یہ کہتا ہوا وہاں سے چل دیا کہ جس سے شیطان بھی منہ پھیر لے ، اس کے بارے میں کیا کہو گے ، کیا سوچو گے؟ ویسے تو سنتے پڑھتے آئے ہیں کہ کسی کو پیچھے سے آواز نہیں دینی چاہیئے ، پر یہ سوچ کر کہ شیطان کے ساتھ تو کچھ بھی کیا جاسکتا ہے ،میں نے آواز دے کر پوچھ لیا کہ شیطان صاحب تم جا کہاں رہے ہو؟ شیطان پیچھے دیکھے بغیر ہوا میں تحلیل ہوگیا۔ میں نے کروٹ بدلی،تو ایک آنکھ کھل گئی، تھوڑی ہمت اور ارادے کو جمع کر کے میں نے دوسری آنکھ بھی کھول لی اور اٹھ کر بیٹھ گیا۔شاید میں اونگھ گیا تھا، شاید میں کسی خواب نما کیفیت میں تھا۔میں نے پاکستان اور اس کے حوالے سے شیطان کے خیالات کو ذہن سے جھٹکتے ہوئے کچھ اچھا اور مفید سوچنے کا ارادہ کیا۔میں نے خود کو سیاسی معاملات سے الگ کرتے ہوئے ارادہ کیا کہ مجھے ملک و قوم کیلئے کوئی مفید بات سوچنی چاہیئے۔چونکہ میں شیطان نہیں ہوں، اس لیے بات بے بات مایوس نہیں ہو جاتا ۔ میں نے خلوص نیت سے سوچنا شروع کیا تو سجھائی دیا کہ ؛اصل ضرورت تو اس وقت “ادارہ تشکیل و ترتیب آرزو” کے قیام کی ہے ۔آج کل ملکی حالات کی وجہ سے دل ودماغ میں آرزو اور تمناں کے بحران نے ایک سنگین مسئلے کی صورت اختیار کر لی ہے ۔پرچہ نویسوں نے بتایا ہے کہ بیشتر لوگ اپنی ہی بیویوں سے اظہار محبت کرنے لگے ہیں۔ ایک حضرت کو اپنی سالخوردہ اور مجروح بنیان پر شاعری کرتے پایا گیا ہے۔ ان کے پاکستانی اہل خانہ نے انہیں نفسیاتی علاج کیلئے برطانیہ بھیج دیا ہے۔ اسی طرح کچھ لوگ سیڑھیاں چڑھنے کی بجائے ، نیچے کھڑے ہو کر سیڑھیاں گننے میں راحت محسوس کرنے لگے ہیں۔ایک صاحب گلی سے گزرنے والے پھیری والے کی آواز کو اپنے ذوق وشوق کا عنوان بنائے سر دھنتے رہتے ہین۔ایسے میں دانشوران شہر کا فرض ہے کہ وہ ادارہ تشکیل وترتیب آرزو کے قیام کو ممکن بنا کر اس کی سرگرمیوں کا آغاز کریں ۔ستم ظریف کی رائے اس ضمن میں کچھ اور ہے۔وہ کہتا ہے کہ ملک کے موجودہ اور ماضی قریب کے حالات کے پیش نظر احتیاط کا تقاضا ہے کہ آرزو کی ترتیب و تشکیل کے عمل سے گریز کیا جائے۔وہ کہتا ہے کہ دراصل آرزو ارادے کو جنم دیتی ہے ،اور ارادہ عمل کا باعث بنتا ہے ۔اس وقت ملک میں جس طرح کا موسم چل رہا ہے۔ اس میں فی الحال آرزو ، ارادے اور عمل سے گریز ہی مناسب ہے ۔ شرلی بے بنیاد کی ساری باتیں عموما بے بنیاد ہی نکلتی ہیں ، لیکن غیر ملکی میڈیا سے منسوب ایک چند سال پرانی خبر کی بنیاد پر اس نے متوجہ کیا ہے کہ؛ امریکی ریاست اوہائیو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون ڈوٹی فائڈیلی نے خود سے شادی کر لی تھی ۔نہ تو شرلی بے بنیاد نے بتایا اور نہ ہی غیر ملکی میڈیا نے وضاحت کی تھی کہ شادی کیلئے خود اپنے آپ ہی کو زحمت دینے والی امریکی خاتون نے مرزا غالب کا یہ شعر پڑھ رکھا ہے یا نہیں کہ ؛
ڈالا نہ بیکسی نے کسی سے معاملہ
اپنے سے کھینچتا ہوں خجالت ہی کیوں نہ ہو
خیر نہ بھی پڑھا ہو، شارحین غالب کے لیے اپنے سے خجالت کھینچنے کی ایک مثال کا محل تو پیدا ہو ہی گیا ہے۔اس امریکی خاتون نے خود ہی سے شادی والے دن کو اپنی زندگی کا شاندار دن قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ سارا وقت صرف خود کو دیا کرے گی۔ اگرچہ خبر میں یہ وضاحت نہیں ملتی کہ خود سے ہنسی خوشی شادی کر لینے سے پہلے یہ خاتون اپنا سارا وقت کس طرح گزارا کرتی تھی۔لیکن وہ جیسی زندگی بھی گزار رہی تھی ،سبق اسے یہی حاصل ہوا کہ اگر کوئی اور آپ کو اہمیت نہیں دیتا یا دیتے ، تو بہتر بات یہ ہے کہ آپ خود اپنے آپ کو اہمیت دینا شروع کردیں۔زندگی گزارنے کیلئے جس پرخلوص ساتھی کی ضرورت ہر ذی نفس کو ہوتی ہے ،وہ اس امریکی خاتون کو خود اپنی ہی ذات میں نظر آیا ۔ویسے بھی امریکی اپنے سوا کسی کو کچھ نہیں سمجھتے۔دنیا بھر میں امریکی خود غرضی اور بے مروتی اپنی مثال آپ ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق خود سے شادی کرنیوالی خاتون کی پہلی شادی 1965 میں ہوئی تھی، اس شادی کے نتیجے میں اس کی ایک بیٹی بھی ہے ۔ اس شادی کے 9سال بعد خاتون کو طلاق ہوگئی تھی، تب سے وہ تنہا زندگی بسر کررہی تھیں۔خاتون کے مطابق چونکہ وہ گزشتہ طویل عرصے سے خود کے ساتھ زندگی گزار رہی تھی لہٰذا بالآخر اس نے فیصلہ کر لیا کہ مجھے خود سے ہی شادی کرلینی چاہیے۔ شرلی بے بنیاد کا مفروضہ یہ ہے ایک معمر خاتون کے خود اپنے آپ سے شادی کر لینے کی خبر میں دنیا کیلئے ایک واضح پیغام بھی پوشیدہ ہے، یعنی یہ کہ ہر بے چین فرد یا ریاست بھی خود سے شادی کر کے اپنے لیے ایسے ذہنی سکون کا بندوست کر سکتا اور کر سکتی ہے،جس کیلئے انہیں کسی غیر کا مرہون منت نہ ہونا پڑے۔ ویسے بھی امریکہ بوجہ ضعف و پیری اور بسیار بے تدبیری ، اب دوسرے ملکوں کو شادی شدہ زندگی کی سہولیات فراہم نہیں کر سکتا ۔ اب عام امریکی بھی ‘خاص”امریکیوں سے سوال کرنے لگے ہیں اور پوچھنے لگے ہیں کہ ہمارے ٹیکسوں کے پیسے جو یہاں تعلیم ، صحت اور عوامی سہولیات کیلئے خرچ ہونی چاہیئں ،وہ چھپی آشنائیوں اور احمقانہ جنگوں کی نذر کیوں ہو رہے ہیں ؟ کچھ یہی وجہ ہے کہ اب امریکی انتظامیہ کو خود اپنی ” ازدواجی زندگی” کے تحفظ اور بقا کی طرف توجہ دینے کی ضرورت پڑ گئی ہے۔شرلی بے بنیاد کہتا ہے کہ؛ خود سے شادی کرنے کے ان گنت فوائد بھی ہوتے ہیں مثلا خود سے شادی کرنیوالے کی ساس نہیں ہوتی، سسر اور سالے نہیں ہوتے، سسرال نہیں ہوتا۔ بیوی کا مزاج مختلف نہیں ہوتا ۔میں نے شرلی بے بنیاد کے اس بے محل مفروضے کو رد کر دیا ہے۔اس ساری گفتگو سے مجھے شیطان کے چھٹی کی درخواست لکھنے کی وجہ کچھ کچھ سمجھ آنے لگی ہے۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں