بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 14°C
Sunday, 15 November 2026 | پاکستان: 6 جمادی الثانی 1448

ایڈانی پاور منصوبہ، چودہ سو خاندان بے دخل

Saturday, 14 November, 2026

بھارتی ریاست آسام کے ضلع دھوبری میں اڈانی پاور کے بتیس سو میگاواٹ تھرمل پاور پلانٹ کیلئے حاصل کی گئی زمین سے چودہ سو سے زائد بنگالی نژاد مسلمان خاندانوں کو بے دخل کیا گیا ہے۔ جولائی دوہزارپچیس میں ریاستی حکومت نے ان خاندانوں کے گھر مسمار کر دیے تھے، جس کے بعد ستمبر دوہزارچھبیس میں اس منصوبے کا باقاعدہ سنگِ بنیاد رکھا گیا ۔ جولائی دوہزارپچیس میں دھوبری ضلع کے سرکل چاپر کے تین دیہات سے تقریباً دس ہزار افراد پر مشتمل چودہ سو سے زائد خاندانوں کو بے گھر کیا گیا۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق انہیں گھر خالی کرنے کے لیے صرف ایک دن کا نوٹس دیا گیا تھا۔ یہ کوئلے سے چلنے والا بتیس سو میگاواٹ کا پاور پلانٹ ہے جس پر تقریباً اڑتالیس کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے بیس ستمبر دوہزارچھبیس کو اس کا سنگِ بنیاد رکھا۔ اس منصوبے کیلئے کل گیارہ سوستاون ایکڑ زمین مختص کی گئی ہے، جس میں سرکاری اور نجی دونوں طرح کی زمینیں شامل ہیں۔ ابتدا میں یہ زمین ریاستی بجلی کمپنی کو دی گئی تھی جسے بعد میں اڈانی گروپ کو منتقل کر دیا گیا۔بے دخل ہونیوالے خاندانوں کی بحالی اور سرکاری دستاویزات کے حوالے سے شدید تضادات سامنے آئے ہیں۔ اڈانی پاور نے ماحولیاتی کلیئرنس کی درخواست میں دعویٰ کیا کہ منصوبے کی جگہ پر کوئی آبادی موجود نہیں تھی۔ کمپنی نے دستاویزات میں لکھا کہ اس منصوبے میں کسی قسم کی بازآبادکاری یا معاوضے کی ضرورت شامل نہیں ہے۔ بے گھر ہونے والے خاندانوں کا کہنا ہے کہ وہ گزشتہ تین سے چار دہائیوں سے اس علاقے میں مقیم تھے ۔ ان میں سے کئی خاندان پہلے ہی دریائے برہم پترا کے کٹاؤ کی وجہ سے کئی بار نقل مکانی کر چکے تھے۔ ریاستی حکومت نے ان کارروائیوں کو سرکاری زمینوں سے ناجائز قابضین کیخلاف مہم قرار دیا۔ حکومت کی جانب سے متاثرین کو دریائے برہم پترا کے ایک جزیرہ نما علاقے میں تین سو بیگھہ زمین اور پچاس ہزار روپے فی خاندان امداد کی پیشکش کی گئی، جسے بیشتر متاثرین نے غیر موزوں قرار دے کر مسترد کر دیا۔یہ منصوبہ چاپڑ ریونیو سرکل کے تحت آنیوالے دیہاتوں چاروا باکھرا، چیراکوٹا اور سنتوشپوپر محیط ہے ۔ وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے اسے آسام کا’اب تک کا سب سے بڑا پاور پروجیکٹ’قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ریاست کی ضرورت کے مطابق بجلی پیدا ہوگی۔ اس سال آسام میں بجلی کی زیادہ سے زیادہ کھپت تین ہزاردوسوچالیس میگاواٹ رہی ہے۔ جہاں پورے ہندوستان میں بجلی کی مانگ میں سالانہ6 فیصد کا اضافہ ہو رہا ہے، وہیں آسام میں یہ مانگ ہر سال نو فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ دوسری طرف اڈانی گروپ کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کی تعمیر کے دوران بیس ہزار افراد کو اور پلانٹ شروع ہونے کے بعد تقریباً پانچ ہزار لوگوں کو روزگار ملے گا۔آسام میں انتخابات سے کچھ ماہ قبل ریاستی حکومت نے اڈانی گروپ کو اضافی، غیر استعمال شدہ بجلی کی قیمت بھی ادا کرنے کا معاہدہ کیا تھا، جس سے سرکاری دستاویزات کے تجزیے کے مطابق پانچ برسوں میں ریاست کو اکیس ہزار پانچ سو کروڑ روپے سے زیادہ کا بوجھ برداشت کرنا پڑ سکتا ہے۔ بے گھر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ کئے گئے سلوک پر بھی سنگین سوالات اٹھے ہیں۔ ماحولیاتی منظوری کیلئے دی گئی اپنی درخواست میں اڈانی پاور نے مرکزی وزارتِ ماحولیات کو بتایا تھا کہ پروجیکٹ والی جگہ پر کوئی آبادی نہیں ہے اور نہ ہی وہاں بحالی کا کوئی دعویٰ موجود ہے۔ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کیلئے بائزار الگا گاؤں میں تین سو بیگھہ زمین اور سامان کی منتقلی کیلئے پچاس ہزار روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا تھا لیکن مقامی لوگوں نے وہاں منتقل ہونے سے انکار کر دیا کیونکہ وہ جگہ دریائے برہم پترا کے درمیان ایک نشیبی علاقہ ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مویشیوں کے چرنے کیلئے مخصوص سرکاری زمین کو اس پاور پروجیکٹ کیلئے تبدیل کرنے کی تجویز رکھی تھی، جس کی منظوری دو اپریل کی میٹنگ میں دی گئی اور اس کے بعد لوگوں کو نوٹس جاری کر کے ان کے گھر مسمار کر دئیے گئے۔ اس کے بعد، رواں سال چودہ جولائی کو مرکزی وزارتِ ماحولیات کی ماہر کمیٹی نے اڈانی کی جانب سے تجویز کردہ کوئلے سے چلنے والیاس تھرمل پاور پلانٹ کیلئے ماحولیاتی منظوری کی سفارش کی۔ اس سے قبل فروری میں ایک بزنس سمٹ کے دوران بسوا سرمانے بتایا تھا کہ اڈانی گروپ نے آسام میں پچاس ہزارکروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔ یہ پروجیکٹ اور بے دخلی کی کارروائی دوہزارچودہ میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے آسام میں بنگالی بولنے والے مسلمانوں کے خلاف کی جانے والی مسماری کی مہمات کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ دوہزارچودہ سے اب تک ان مہمات کے دوران پولیس فائرنگ میں کم از کم آٹھ مسلمان اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ حال ہی میں سات ستمبر کو بھی گوالپاڑہ ضلع میں مسلمان خاندانوں کو نشانہ بناتے ہوئے انتظامیہ نے پانچ دیہاتوں میں مکانات کو مسمار کر دیا اورسینتیس مسلم خاندانوں کو بے گھر کر دیا جبکہ انہیں جگہ خالی کرنے کیلئے صرف چوبیس گھنٹے کا نوٹس دیا گیا تھا۔ اس کارروائی کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے گوہاٹی ہائی کورٹ نے مسماری کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے اور تبصرہ کیا کہ یہ کارروائی انصاف کے اصولوں کے خلاف ورزی معلوم ہوتی ہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *