(گزشتہ سے پیوستہ)
قلیل مدت میں افریقی ممالک اور امریکا سمیت متبادل ذرائع سے ایل پی جی حاصل کرنے کے امکانات تلاش کیے جا رہے ہیں تاکہ قلت پر قابو پایا جا سکے اور مصنوعی قیمتوں میں اضافے کی حوصلہ شکنی ہو۔ اس سلسلے میں ترکمانستان، روس، امریکا، عمان، قطر اور سعودی عرب کے ساتھ بھی مذاکرات کیے گئے ہیں تاکہ رسد کے نئے انتظامات، متبادل ذرائع اور سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔ ان جاری کوششوں کے علاوہ حکومت نے ایل پی جی کے شعبے میں جامع اصلاحات کے لیے ایک سمری وفاقی کابینہ کو بھجوا دی ہے۔ ان اصلاحات کا بنیادی مقصد شفافیت کو فروغ دینا، گیس کی مسلسل فراہمی یقینی بنانا، حفاظتی معیارات بہتر بنانا اور کم آمدنی والے صارفین کیلئے ایل پی جی کو قابلِ برداشت بنانا ہے ۔ حکومت اس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد کر رہی ہے جس کے تحت تلاش اور پیداوار کرنے والی کمپنیوں، آئل ریفائنریوں اور دیگر مقامی پیداواری اداروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنی مقامی ایل پی جی پیداوار کا 10 فیصد سرکاری ایل پی جی مارکیٹنگ کمپنیوں کو پیداواری قیمت پر فراہم کریں۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز اور محروم علاقوں میں ایل پی جی کی مستقل اور شفاف فراہمی یقینی بنانا ہے۔صارفین کے تحفظ اور غیر محفوظ طریقے سے گیس کی منتقلی اور غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے باعث ہونے والے حادثات کی روک تھام کیلئے ایک تجویز وزیراعظم آفس کو ارسال کی گئی ہے۔ اس کے تحت آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کو ایل پی جی کی ہینڈلنگ، ذخیرہ اندوزی، نقل و حمل، فلنگ اور تقسیم سمیت پوری سپلائی چین میں صحت، حفاظت اور ماحولیاتی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری دی جائے گی۔ اس مقصد کیلئے باقاعدہ معائنوں، آڈٹس اور خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی تجویز بھی شامل ہے۔ سنگین یا بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جا سکیں گے۔ اسی طرح متعلقہ ادارے کا کردار مزید مثر بنایا جا رہا ہے تاکہ سپلائی چین میں استعمال ہونے والے تمام آلات کو لائسنسنگ اور نگرانی کے نظام کے تحت لایا جا سکے۔ ٹریک اینڈ ٹریس نظام کے ذریعے مصنوعی قلت اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ قیمتوں کے حوالے سے حکومت نے تمام درآمدی ایل پی جی کے لیے امپورٹ پیریٹی پرائسنگ متعارف کرانے کی تجویز دی ہے تاکہ کم آمدنی والے صارفین کو نسبتا مناسب قیمت پر گیس دستیاب ہو سکے۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے مسابقتی قیمتوں پر درآمدات کی حوصلہ افزائی ہوگی، قلت میں کمی آئے گی اور قیمتوں میں ناجائز اضافے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ حکومت مقررہ منافع اور مال برداری کے اخراجات طے کرنے کا طریقہ ختم کرنے کی تجویز بھی دے رہی ہے، تاکہ مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق ان کا تعین ہو سکے، جبکہ اس عمل کی نگرانی مسابقتی کمیشن آف پاکستان اور اوگرا کرینگے۔ اس کے علاوہ تین سرکاری کمپنیاں، پاکستان اسٹیٹ آئل ، سوئی لیکویفائیڈ گیس اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ، کاروبار سے کاروباریا حکومت سے حکومت کے انتظامات کے ذریعے محفوظ اور مستقل رسد کے امکانات تلاش کریں گی۔ ایل پی جی کی مارکیٹ میں اجارہ داری اور کارٹلز کے خاتمے کیلئے ہر پیداواری ادارے کو پابند کیا جائے گا کہ وہ اپنی پیداوار کی سہ ماہی بنیادوں پر معیاری درخواستِ تجاویز اور معاہدے کے تحت نیلامی کرے۔ روزانہ 100 میٹرک ٹن سے کم پیداوار رکھنے والے پلانٹس کیلئے پانچ میٹرک ٹن اور اس سے زیادہ پیداوار رکھنے والے پلانٹس کیلئے 10 میٹرک ٹن کے پارسل مقرر کیے گئے ہیں۔ ہر بولی کیلئے 10 لاکھ روپے کی بولی ضمانت اور فی میٹرک ٹن 20 لاکھ روپے کی کارکردگی ضمانت لازم ہوگی۔ کسی ایک کمپنی کو ایک پیداواری ادارے سے پانچ میٹرک ٹن کے چار یا 10 میٹرک ٹن کے دو پارسل خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس پابندی کا مقصد ایل پی جی کی خریداری کو چند مخصوص کمپنیوں تک محدود ہونے سے روکنا اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے امکانات ختم کرنا ہے ۔ وزیراعظم کی ہدایت پر ہر نیلامی کا عمل براہِ راست ٹیلی کاسٹ اور ریکارڈ کیا جائے گا، جبکہ مستقبل میں اس مقصد کیلئے ایک جدید ڈیجیٹل نیلامی پلیٹ فارم بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی ہے۔کم آمدنی والے طبقے کو ریلیف فراہم کرنے اور قیمتوں میں استحکام کیلئے سبسڈی فنڈ قائم کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت اوگرا ایک پیداواری قیمت مقرر کرے گا جو سعودی کنٹریکٹ پرائس کی بنیاد پر ہوگی، جسے پی ایس او یا ایس ایل ایل اپنی درآمدی قیمت کے تعین کیلئے استعمال کرتے ہیں۔ چونکہ مقامی پیداواری کمپنیاں مسابقتی نیلامی کے ذریعے اپنی گیس فروخت کریں گی، اس لیے بولی کیلئے پی ایس او یا ایس ایل ایل کی درآمدی قیمت کا 75 فیصد کم از کم قیمت کی بنیاد ہوگا۔ اوگرا کی مقرر کردہ پیداواری قیمت اور نیلامی میں حاصل ہونے والی حتمی قیمت کے درمیان فرق ایک مخصوص فنڈ میں جمع کیا جائے گا۔ اس رقم کو غریب اور مستحق صارفین کیلئے رعایتی نرخوں پر ایل پی جی فراہم کرنے یا مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ اس فنڈ کے شفاف استعمال کیلئے ایک باقاعدہ طریقہ کار بھی تیار کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں ایل پی جی کا مسئلہ محض وقتی قلت یا قیمتوں میں اضافے تک محدود نہیں بلکہ اس کی بنیادی وجوہات ساختی نوعیت کی ہیں۔ طلب میں تیزی سے اضافہ، مقامی پیداوار کی محدود صلاحیت، درآمدات پر بڑھتا ہوا انحصار اور عالمی توانائی کی ترسیل میں غیر یقینی صورت حال اس شعبے کے بڑے چیلنجز ہیں۔ حکومت کی مجوزہ حکمتِ عملی ان مسائل سے نمٹنے کے لیے مقامی پیداوار میں اضافے، درآمدی ذرائع کو وسعت دینے، ذخیرہ کرنے کی سہولتیں بہتر بنانے، ذخیرہ اندوزی کیخلاف سخت کارروائی، حفاظتی معیارات کے نفاذ اور شفاف قیمتوں کے نظام پر مشتمل ہے۔یہ اصلاحاتی منصوبہ بلاشبہ اہمیت کا حامل ہے، تاہم اس کی کامیابی کا انحصار مثر اور بروقت عمل درآمد پر ہوگا۔ بندرگاہوں اور ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، قوانین کا بلاامتیاز نفاذ، نیلامی کے شفاف نظام کی تشکیل اور سبسڈی فنڈ کا منصفانہ استعمال ہی اس امر کا تعین کریں گے کہ آیا یہ اقدامات ملک بھر کے گھریلو صارفین کو ایل پی جی کی مستقل، محفوظ اور مناسب قیمت پر فراہمی یقینی بنا سکیں گے یا نہیں۔ پاکستان کے توانائی کے مستقبل کیلئے ضروری ہے کہ ایل پی جی کو محض ایک متبادل ایندھن نہیں بلکہ قومی توانائی کے تحفظ اور عوامی سہولت کے ایک اہم جزو کے طور پر دیکھا جائے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں