وزیراعظم شہباز شریف نے جون 2026 میں پاکستان کی ثالثی کے ذریعے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانیوالے اسلام آباد مفاہمت نامے کے تحت ہونے والی سمجھ بوجھ کو مزید آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کوپ تھرٹی ون لیڈرز سمٹ کے موقع پر ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے علاقائی امن اور استحکام کی حمایت میں پاکستان کی جانب سے مخلصانہ اور تعمیری کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ امر افسوسناک ہے کہ فروری دوہزارچھبیس میں ایران کیخلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت سے شروع ہونیوالا تنازعہ جون میں امن معاہدے پر دستخط ہونے کے باوجود اب بھی جاری ہے۔ حالانکہ اس معاہدے میں دونوں فریقین کے بنیادی خدشات کا احاطہ کیا گیا تھا۔ تاہم، یہ حوصلہ افزا بات ہے کہ کبھی کبھار ہونے والی خلاف ورزیوں کے علاوہ، جنگ بندی برقرار ہے لیکن نہ جنگ، نہ امن کی یہ کیفیت دونوں ممالک کے صبر کا امتحان لے رہی ہے۔ خدشہ یہ بھی ہے کہ کسی بھی فریق کی جانب سے غلط اندازے کی صورت میں یہ کشیدگی ایک خطرناک رخ اختیار کر سکتی ہے۔ تنازع کو محدود کرنے کیلئے ثالثوں، بالخصوص پاکستان کی کوششوں کے باوجود، یہ تنازع پھیل چکا ہے۔ حوثیوں کو سعودی عرب میں دہشت پھیلانے کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے اور اب ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر مغربی ممالک نے ایران کیخلاف امریکی جارحیت میں سہولت فراہم کی تو وہ یورپ میں موجود امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ ایسی صورتحال پوری دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے اور ایران کیلئے بھی معاملات کو مزید پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے متضاد بیانات جن میں وہ ایک دن ایران پر دوبارہ حملوں کی دھمکیاں دیتے ہیں اور اگلے ہی دن مذاکرات کے حتمی معاہدے کی جانب بڑھنے کا حوالہ دیکر ان حملوں کے امکان کو مسترد کر دیتے ہیں کے باوجود، ایسا لگتا ہے کہ واشنگٹن ایک تیسرے راستے پر فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ یعنی ایران پر معاشی ناکہ بندی کو مزید سخت کرنا تاکہ تہران پر دبائو ڈالا جا سکے اور وہ مذاکرات کی میز پر کچھ رعایتیں دینے پر آمادہ ہو جائے۔ اسی پس منظر میں، وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے بات چیت، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان اور قطر دونوں فریقین کے درمیان اختلافات کو دور کرنے کیلئے پسِ پردہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیںاور اب بھی کسی معاہدے کا امکان موجود ہے بشرطیکہ واشنگٹن اور تہران اپنے سخت اور انتہائی موقف سے پیچھے ہٹ جائیں۔
خیبرپختونخوامیںحملوں کی افسوسناک لہر
خونریزی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ خیبر پختونخوا میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران کم از کم 12 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ کوہاٹ میں ایک کلیئرنس آپریشن سے واپسی پر پولیس پارٹی پر گھات لگا کر کئے گئے حملے میں 10 اہلکار جان کی بازی ہار گئے جبکہ صوابی میں پولیس گشتی ٹیم پر فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 اہلکار شہید ہو گئے۔ ایک اور واقعے میں، ڈیرہ اسماعیل خان میں دھماکہ خیز مواد سے لدی ایک پک اپ گاڑی پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے سے ٹکرا گئی، تاہم اس حملے کو فوری طور پر ناکام بنا دیا گیا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں پولیس کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے باوجود، ایک ہی دن میں 12 افراد کا ہلاک ہونا اور کم از کم اتنے ہی مزید افراد کا زخمی ہو کر ہسپتال پہنچنا، صوبائی پولیس فورس کیلئے ایک بہت بھاری نقصان ہے۔ یہ فورس دہشتگردوں کیخلاف ایک ایسی شدید اور مسلسل جنگ میں مصروف ہے جو ہر روز ریاست کی رٹ کو چیلنج کرتے ہیں۔ خاص طور پر کوہاٹ میں ہونیوالا حملہ ایک بڑا سکیورٹی واقعہ معلوم ہوتا ہے۔پولیس کے مطابق، ایک ٹیم جو دارابوکچ کے علاقے میں غیر قانونی سونے کی کان کنی کیخلاف سول انتظامیہ کے ساتھ مشترکہ آپریشن کر رہی تھی، اپنے اہداف کی تکمیل کے بعد واپس آ رہی تھی کہ اسے ایک بہت بڑے گروہ نے گھات لگا کر نشانہ بنایا۔پولیس کی جوابی کارروائی میں کم از کم 18 حملہ آور ہلاک ہوئے۔سرکاری اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ رواں سال کے پہلے نصف میں ہی پولیس اہلکاروں کی ہلاکتوں اور زخمی ہونے کے واقعات گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب حملوں کی تعداد میں 34 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ پولیس پر ہونیوالے حملے پہلے سے کہیں زیادہ مہلک ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، نفری، اسلحہ اور ضروری سازوسامان کی کمی کے باعث خیبر پختونخوا پولیس مزید غیر محفوظ ہو گئی ہے حالانکہ یہ فورس دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشنز میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے۔ اگرچہ اکتوبر میں، اس سے پچھلے مہینے کے مقابلے میں حملوں کی تعداد میں نمایاں بہتری دیکھی گئی تھی لیکن بدھ کے روز پیش آنیوالے تین واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ یہ بہتری کتنی نازک ہو سکتی ہے خاص طور پر اگر ریاست کی برتری کے باوجود پولیس کو مضبوط نہ کیا گیا۔چونکہ مرکز نے صوبے کا انتظام سنبھال رکھا ہے اس لیے پولیس کے تحفظ کی مکمل ذمہ داری بھی اسی پر عائد ہوتی ہے۔ خیبر پختونخوا کے امور کی نگرانی کیلئے تعینات نئی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اس بات کو یقینی بنائے کہ صوبائی سکیورٹی فورسز کو ان کی طلب کردہ تمام فنڈز فراہم کیے جائیں اور خالی اسامیاں ہنگامی بنیادوں پر پر کی جائیں۔اسے اس بات کو بھی یقینی بنانا چاہیے کہ فرنٹ لائن پر تعینات اہلکاروں کو بکتر بند گاڑیاں، حفاظتی سازوسامان، رات کے وقت دیکھنے کے آلات اور بہتر ہتھیار فراہم کیے جائیں۔ نیز یہ کہ انتہائی حساس علاقوں میں پولیس آپریشنز کے دوران انٹیلی جنس اور فوج کی معاونت بھی دستیاب ہو۔
تائیوان کا مسئلہ
صدر شی جن پنگ کی جانب سے تائیوان کے ساتھ پرامن اتحاد کی تازہ اپیل، جزیرے میں مقامی انتخابات سے چند ہفتے قبل اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کی متوقع ملاقات سے پہلے سامنے آئی ہے ایک ایسے وقت میں جب علاقائی اور عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال بڑھ رہی ہے۔ ان کا یہ بیان کہ “تاریخ کے دھارے کو روکا نہیں جا سکتا،” بحرالکاہل میں واشنگٹن کے تذویراتی حساب کتاب کیلئے ایک چیلنج ہے۔پاکستان اور دنیا کے بیشتر ممالک کیلئے، “ون چائنا” (ایک چین) کا اصول ایک طے شدہ پالیسی ہے۔ جیسا کہ شی کا استدلال ہے، اتحاد چینی تاریخ کا فطری تقاضا ہے۔ اس کے باوجود، مغربی پالیسی تائیوان کو اب بھی ایک ممکنہ فوجی چوکی کے طور پر دیکھتی ہے، جس کا مقصد بیجنگ کو قابو میں رکھنا ہے۔یہ حکمت عملی ہر گزرتے سال کے ساتھ کم قابلِ اعتبار ہوتی جا رہی ہے۔ چین کی بڑھتی ہوئی معاشی طاقت، صنعتی صلاحیت اور عسکری قوت علاقائی توازن کو تبدیل کر رہی ہیں۔ چین کے خلاف ایک “اگلی چوکی” کے طور پر تائیوان کی افادیت کم ہوتی جا رہی ہے، جبکہ تصادم کے خطرات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔یہاں تک کہ تائیوان کی سیمی کنڈکٹر صنعت جسے اس کی “سلیکون شیلڈ” (حفاظتی ڈھال)کہا جاتا ہے بھی اب پہلے جیسی ضمانت فراہم نہیں کرتی۔ ‘اینویڈیاکے ارد گرد پیدا ہونے والے تنازعات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ کس تیزی سے تکنیکی ملکیت اور تجارتی خودمختاری کو امریکی تزویراتی مفادات کے تابع کیا جا سکتا ہے۔ تائیپے کو اپنی سلامتی کی ضمانت کے لیے واشنگٹن پر انحصار کرنے کی حدود کو سمجھ لینا چاہیے۔تائیوان کی قیادت، امریکی مفادات کی حوصلہ افزائی کے باعث، اتحاد کو مسترد کرتی چلی آ رہی ہے لیکن طویل مدتی تصادم نہ تو استحکام لا سکتا ہے اور نہ ہی خوشحالی۔ جیسے جیسے چین آگے بڑھ رہا ہے، طاقت کا توازن ساکت نہیں رہے گا۔اہم بات یہ ہے کہ شی نے فوجی کارروائی کے بجائے پرامن اتحاد اور بات چیت پر زور دیا ہے۔ اس پیشکش پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔ شی اور ٹرمپ کی آئندہ ملاقات کشیدگی کم کرنے اور ان پالیسیوں پر نظر ثانی کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے جو تقسیم کو برقرار رکھتی ہیں۔واشنگٹن کو یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ تائیوان ہمیشہ کے لیے چین کو قابو میں رکھنے کا آلہ کار نہیں بنا رہ سکتا۔ مذاکرات کے ذریعے پرامن اتحاد ہی بہتر راستہ ہے۔ فوجی تصادم خطے میں تباہی لائے گا اور اس سے کسی کا بھلا نہیں ہوگا۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں