بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 11.8°C
Tuesday, 17 November 2026 | پاکستان: 8 جمادی الثانی 1448

آزاد کشمیر کیوں اہم ہے؟

Tuesday, 17 November, 2026

رواں سال جون میں جب آزاد کشمیر میں حالات خراب ہونا شروع ہوئے تو کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ یہ بحران چھ ماہ تک طول پکڑ جائے گا اور حالات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان اعتماد کا رشتہ ہی سوالات کی زد میں آجائے گا۔پاکستان کی تاریخ میں شاید ہی کبھی ایسا موقع آیا ہو کہ کشمیریوں نے خود کو پاکستان سے الگ سمجھا ہو یا پاکستان نے کشمیریوں کو اپنے سے جدا تصور کیا ہو۔ یہ رشتہ روح اور جسم بلکہ ہڈیوں اور جسم کی طرح ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے نہ کبھی کشمیریوں نے پاکستان کے خلاف جنگ کا راستہ اختیار کیا اور نہ ہی پاکستان کی حکومتوں نے ماضی میں ایسا کوئی قدم اٹھایا جس سے کشمیریوں میں اس نوعیت کا شدید احساسِ محرومی پیدا ہوا ہو۔ لیکن گزشتہ چھ ماہ میں جو کچھ ہوا وہ نہ صرف ناقابلِ یقین ہے بلکہ اس کے اثرات بھی انتہائی گہرے اور دور رس ہو سکتے ہیں۔برطانیہ میں 36 سالہ قیام اور تقریبا اتنے ہی عرصے پر محیط صحافتی سفر کے دوران مجھے پاکستان کے کم از کم پندرہ سفیروں کے ساتھ کام کرنے اور مختلف سفارتی و صحافتی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا۔ ہماری جدوجہد اور توجہ کا مرکز زیادہ تر مقبوضہ کشمیر کی آزادی رہا۔ مجھے کم از کم چھ مرتبہ یورپی یونین کے ہیڈ کوارٹرز برسلز میں کشمیر کانفرنسوں کی کوریج کا موقع ملا۔ جنیوا میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے اجتماعات میں شرکت کی جبکہ اٹلی کے شہر میلان، بریشیا اور جرمنی میں ہونے والے کشمیر پروگراموں میں بھی شریک رہا تین مرتبہ امریکہ گیا کئی ریاستوں میں امریکن پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی ہی نے میری میزبانی کی ۔ایک ہاتھ میں پاکستان کا پرچم اور دوسرے ہاتھ میں کشمیر کا پرچم تھامے، برطانوی پارلیمنٹ ہو ایمنسٹی انٹرنیشنل ہو یا انسانی حقوق کے دیگر ادارے، میں نے ہر ممکن کوشش کی کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی آواز عالمی ایوانوں تک پہنچائی جائے۔ ہماری کوشش یہی رہی کہ پاکستان اور کشمیر کا مقدمہ دنیا کے سامنے ایک مضبوط اور متحد آواز کے طور پر پیش کیا جائے۔لیکن آج افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ برسوں کی اس جدوجہد کے بعد گزشتہ چھ ماہ میں آزاد کشمیر کے اندر جو صورتحال پیدا ہوئی ہے، اس نے بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانیوں اور کشمیریوں کو بھی شدید اضطراب میں مبتلا کر دیا ہے۔عوامی ایکشن کمیٹی، مقتدرہ، آزاد کشمیر کی حکومت، سیاسی جماعتوں اور قوم پرست حلقوں کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدگی نے معاملات کو ایک ایسے مقام پر پہنچا دیا ہے جہاں ہر طرف بداعتمادی، الزام تراشی اور تقسیم دکھائی دیتی ہے۔ دل خون کے آنسو روتا ہے کہ برطانیہ اور یورپ میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹیز جو برسوں سے ایک دوسرے کے ساتھ شیر و شکر ہو کر رہتی آئی ہیں آج ان کے درمیان بھی اختلافات اور دوریاں پیدا ہو رہی ہیں۔وفاداری اور غداری کے سرٹیفکیٹ بانٹے جا رہے ہیں۔ جو حکومتی موقف کی حمایت کرے وہ وفادار، جو سوال اٹھائے وہ مشکوک ، جو درمیانی راستے اور مذاکرات کی بات کرے، اسے بھی بعض حلقوں میں شک کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے۔ کیا کسی قوم کے اندر اختلافِ رائے کی یہی گنجائش رہ گئی ہے؟ کیا ریاست سے محبت کا واحد پیمانہ کسی ایک موقف کی غیر مشروط حمایت ہے؟میں حال ہی میں امریکہ سے واپس لوٹا ہوں۔ شکاگو، اوک بروک، واشنگٹن، میری لینڈ، ورجینیا اور آرلنگٹن سمیت مختلف مقامات پر پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی سے ملاقاتیں ہوئیں۔ تقریبا ہر جگہ آزاد کشمیر میں ہونے والی ہلاکتوں، نقصانات، احتجاج اور دھرنوں کے حوالے سے شدید تشویش اور بے چینی محسوس کی۔ڈاکٹر غلام نبی فائی سے گفتگو ہوئی تو ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آزاد کشمیر ہمارے لیے انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ سردار زبیر خان،سردار ظریف اور سردار شعیب جیسے احباب کی تشویش یہ تھی کہ جن لوگوں کو ہم بھارت کے خلاف متحد کرکے مظاہرے کرتے تھے آج وہی پاکستانی سفارتخانوں کے باہر احتجاج کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔خورشید الزمان عباسی اور اسد حسن کا سوال تھا کہ کشمیر کا فیصلہ 2019 میں بھارت نے یکطرفہ طور پر کر دیا تھا اب مذاکرات کا راستہ کیوں اختیار نہیں کیا جا رہا؟ کچھ حلقوں کا خیال تھا کہ قوم پرست عناصر نے عوامی ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کیا جس سے صورتحال مزید پیچیدہ ہوئی۔ جبکہ آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی بات ہوئی ۔دوسری طرف جاوید راٹھور روزانہ کی بنیاد پر اپنے وی لاگز میں اس معاملے پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ ان کی بنیادی تشویش بھی یہی ہے کہ جب لوگ مارے جا رہے ہیں فورسز کے اہلکار شہید ہو رہے ہیں اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں تو پھر مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے میں تاخیر کیوں کی جا رہی ہے؟نیویارک سے اورنگزیب بھی اکثر مجھ سے اس بات پر اختلاف کرتے ہیں کہ میں اپنے میڈیا پلیٹ فارمز پر اس معاملے کو ان کے خیال میں اتنی جارحانہ انداز میں کیوں نہیں اٹھاتا۔ میرا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ صحافت کا کام آگ لگانا نہیں بلکہ مسائل کی نشاندہی، حقائق کی ترجمانی اور حل کی راہ تلاش کرنا بھی ہے۔14اور 15 نومبر کو واشنگٹن میں وائٹ ہاس کے سامنے احتجاج میں چھوٹے چھوٹے بچوں کو سخت سردی میں شریک دیکھا۔ ان میں سے بہت سے بچوں نے شاید اپنی پیدائش کے بعد پاکستان اور کشمیر کو دیکھا تک نہیں ہوگا لیکن وہ اپنے والدین کے ساتھ اس مسئلے پر احتجاج کر رہے تھے۔یہ بچے پاکستان اور کشمیر کے مستقبل کا اثاثہ ہیں ان کے دلوں میں اگر آج نفرت، بداعتمادی اور دوری کے بیج بو دیے گئے تو آنیوالی نسلوں کو ان کے اثرات بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔ ہمیں سوچنا ہوگا کہ ہم اپنی نئی نسل کو محبت، اعتماد اور یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں یا اختلافات کی ایسی میراث منتقل کر رہے ہیں جسے ختم کرنے میں کئی دہائیاں لگ جائیں گی ۔ آج ہی نیویارک سے عبدالحلیم خان کا فون آیا۔ وہ ایک کاروباری شخصیت ہیں اور اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ رابطہ کاری اور راجہ مختار کے ہمراہ احتجاجی سرگرمیوں میں پیش پیش رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ غیر معمولی طور پر رات دو بجے سے جاگ رہے ہیں اور مسلسل سوچ رہے ہیں کہ کس طرح عوامی ایکشن کمیٹی، قوم پرست حلقوں، مقتدرہ اور آزاد کشمیر و پاکستان کی حکومتوں تک ایک مشترکہ پیغام پہنچایا جائے کہ تمام فریق اپنے اپنے موقف میں کچھ لچک پیدا کریں اور بات چیت کا آغاز کریں۔ان کا کہنا تھا کہ نقصان بہت ہو چکا ہے، اب مزید نقصان نہیں ہونا چاہیے۔میں نے انہیں بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کی وفاداری پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ مقبوضہ کشمیر کی قیادت، پاکستان اور بیرون ملک موجود کشمیری نمائندوں کو بھی مذاکراتی عمل میں شامل کیا جائے اور راولاکوٹ سمیت مختلف مقامات پر جاری دھرنوں کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جائیں۔اگر طاقت کے استعمال اور آپریشن کا راستہ مزید اختیار کیا گیا تو خدشہ ہے کہ جانی نقصان میں اضافہ ہوگا۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان بزنس فورم کے چیئرمین سردار عمران عزیز بڑے زیرک انسان ہیں تعلق راولاکوٹ سے ہے انہوں نے کہا رحم کی اپیل کرتے ہوئے چاروں کردار سول حکومت ، مقتدرہ ، ایکشن کمیٹی اور قوم پرست اپنے اپنے مقاصد کو انسانی زندگیوں کو بچانے کیلئے ایک ایک قدم پیچھے جا کر حل کریں۔ مقاصد اہم نہیں انسانی جانوں کا ضیاح روکنا ہو گا۔یہ بات اپنی جگہ درست ہے کہ لارڈ نذیر احمد، لارڈ قربان حسین، لارڈ شفق احمد، محمد یاسین ایم پی، عمران حسین ایم پی، سید قمر رضا اور دیگر معتدل اور بااثر شخصیات متعدد مرتبہ مصالحت اور مذاکرات کی کوششیں کر چکی ہیں، لیکن تاحال کوئی قابلِ ذکر پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ اب ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام فریقوں کو ایک میز پر بٹھانے کیلئے ایک باقاعدہ قومی کانفرنس بلائی جائے۔ اس میں پاکستان اور آزاد کشمیر کی حکومتوں، عوامی ایکشن کمیٹی، سیاسی جماعتوں، قوم پرست نمائندوں، اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیری قیادت کو شامل کیا جائے۔حل کیا ہو سکتا ہے؟میں نے اس صورتحال پر غور کرتے ہوئے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی قیادت میں ایک ایسے نام کے بارے میں سوچا جس پر مختلف حلقوں میں اتفاق رائے پیدا ہو سکتا ہے۔ وہ نام چوہدری طارق فاروق کا ہے جو مسلم لیگ(ن)کے سینئر رہنما، سابق اسپیکر اسمبلی اور میرپور ڈویژن کی ایک نمایاں سیاسی شخصیت ہیں۔وہ متعدد مرتبہ انتخابی کامیابی حاصل کرکے اسمبلی میں پہنچے ہیں۔ ان کے سیاسی روابط مختلف جماعتوں اور حلقوں میں موجود ہیں۔ آزاد کشمیر کے اندر بھی ان کا ایک سیاسی مقام ہے اور بیرون ملک کشمیری کمیونٹی میں بھی انہیں جانا جاتا ہے۔میری رائے میں اگر تمام سیاسی اور متعلقہ حلقے ان کے نام پر اتفاق کر لیں اور انہیں ایک واضح، غیر جانب دارانہ اور بااختیار مذاکراتی مینڈیٹ دیا جائے تو وہ مختلف فریقوں کے درمیان رابطے اور مفاہمت کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔یہ محض ایک تجویز ہے، کوئی حتمی فیصلہ نہیں۔ اصل ضرورت کسی ایک شخصیت کو آگے لانے سے زیادہ ایک ایسے قابلِ اعتماد نظام کی تشکیل ہے جس میں ہر فریق کو سنا جائے عوامی مطالبات پر سنجیدگی سے غور ہو اور کسی کو اپنی عزتِ نفس قربان کیے بغیر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے کا موقع ملے۔آزاد کشمیر صرف ایک خطہ نہیں، پاکستان کے مستقبل کا اہم سوال ہے۔آخر میں ایک بنیادی سوال اٹھانا چاہتا ہوں کہ آزاد کشمیر پاکستان کے لیے اتنا اہم کیوں ہے؟آزاد کشمیر کی اہمیت محض جغرافیائی یا انتظامی نہیں۔ یہ مسئلہ کشمیر کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حیثیت سے جڑا ہوا ہے۔ پاکستان کئی دہائیوں سے عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا مقدمہ پیش کرتا آیا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں، سفارتی کوششوں اور عالمی فورمز پر پاکستان کا موقف یہی رہا ہے کہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ملنا چاہیے۔ایسے میں آزاد کشمیر کے عوام کا اعتماد، اطمینان اور پاکستان کے ساتھ وابستگی غیر معمولی اہمیت رکھتی ہے۔ اگر آزاد کشمیر کے اندر ہی بے چینی، بداعتمادی اور سیاسی تقسیم بڑھتی رہی تو اس کے اثرات صرف مظفرآباد یا راولاکوٹ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ دنیا بھر میں کشمیر کے مقدمے اور پاکستان کی سفارتی پوزیشن پر بھی سوالات اٹھیں گے۔یہ وقت ایک دوسرے کو غدار قرار دینے، گالی دینے یا طاقت کے استعمال سے مسائل حل کرنے کا نہیں۔ یہ وقت تحمل، تدبر، سیاسی بصیرت اور قومی ذمہ داری کا ہے۔پاکستان کی مقتدرہ، حکومتِ پاکستان، آزاد کشمیر کی حکومت، عوامی ایکشن کمیٹی اور تمام سیاسی و قوم پرست قیادت کو یہ سمجھنا ہوگا کہ طاقت سے وقتی خاموشی تو حاصل کی جا سکتی ہے، لیکن دلوں میں اعتماد پیدا نہیں کیا جا سکتا۔ اعتماد مکالمے، انصاف، احترام اور عملی اقدامات سے بحال ہوتا ہے۔ فیلڈ مارشل جناب عاصم منیر صاحب سمیت تمام متعلقہ ریاستی ذمہ داران سے اپیل کرتا ہوں کہ اس معاملے کو محض امن و امان کا مسئلہ سمجھنے کے بجائے ایک حساس قومی اور سیاسی مسئلے کے طور پر دیکھا جائے۔ سیاسی قیادت کو آگے آنے دیا جائے، مذاکرات کا راستہ کھولا جائے اور عوام کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے۔ہم نے برسوں پاکستان کا پرچم ایک ہاتھ میں اور کشمیر کا دوسرے ہاتھ میں تھام کر دنیا کے سامنے یہ مقدمہ پیش کیا ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ آنیوالی نسلیں انہی پرچموں کو ایک دوسرے کے مقابل کھڑا دیکھیں۔پاکستان کشمیریوں کا ہے اور کشمیری پاکستان کے ہیں۔ اس رشتے کو الزام تراشی، ضد اور طاقت کی سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔اب بھی وقت ہے کہ سب فریق اپنے اپنے موقف میں لچک پیدا کریں، مذاکرات کی میز پر آئیں اور آزاد کشمیر کو مزید کسی بڑے سانحے سے بچائیں۔یاد رکھیے، گالی اور گولی سے مسائل حل نہیں ہوتے، مسائل کا حل مکالمے، انصاف اور اعتماد کی بحالی میں ہے۔یہ وقت جیتنے یا ہارنے کا نہیں، پاکستان اور کشمیر کے رشتے کو بچانے کا ہے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *