بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 12.2°C
Friday, 20 November 2026 | پاکستان: 11 جمادی الثانی 1448

وکست بھارت 2047 کا ادھورا خواب

Friday, 20 November, 2026

وِکست بھارت 2047 بھارتی حکومت کا ایک طویل مدتی منصوبہ ہے جس کا مقصد 2047 میں آزادی کے سو سال مکمل ہونے پر بھارت کو ایک مکمل ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ تاہم، سیاسی مبصرین اور ناقدین اس معاشی خواب کے مقابلے میں بھارت کے اندرونی سماجی، معاشی اور علاقائی تضادات کی نشاندہی کرتے ہیں جنہیں اکثر “بھارت کی اندرونی ٹوٹ پھوٹ” یا تقسیم کے تناظر میں زیرِ بحث لایا جاتا ہے۔بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اور نیتی آیوگ کے مطابق اس وژن کے اہم ستون میں معاشی حجم میں اضافہ ہے۔ حکومت کا ہدف 2047 تک بھارتی معیشت کو 30 سے 40 ٹریلین ڈالر تک لے جانا اور فی کس آمدنی کو پندرہ ہزار اٹھارہ ہزار ڈالر تک بڑھانا ہے۔ ملک میں جدید ترین ٹرانسپورٹ، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، مصنوعی ذہانت اور مقامی مینوفیکچرنگ کو فروغ دینا اس منصوبے کا حصہ ہے۔ اس وژن میں چار طبقات یعنی نوجوان، غریب، خواتین اور کسانوں کی فلاح و بہبود اور غربت کے مکمل خاتمے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔معاشی ماہرین، آئی پی ایس اے پالیسی ڈائیلاگ کے تجزیہ کاروں اور ناقدین کے نزدیک ترقی کے ان دعوؤں کے پیچھے کئی ایسے عوامل موجود ہیں جو ملک کو اندرونی طور پر تقسیم کر رہے ہیں۔ ملک کی دولت تیزی سے چند مخصوص کارپوریٹ گھرانوں کے پاس سمٹ رہی ہے جبکہ آبادی کا ایک بڑا حصہ مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہے۔جنوبی اور شمالی ریاستوں کے درمیان وسائل کی تقسیم، ٹیکسوں کے حصے اور پارلیمانی نشستوں کی نئی حد بندی پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔ امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان ترقی کا فرق بڑھ رہا ہے ۔ ناقدین کا ماننا ہے کہ اکثریتی سیاست اور مذہبی قوم پرستی نے اقلیتوں، بالخصوص مسلمانوں اور دلت برادریوں میں عدم تحفظ اور بیگانگی کا احساس پیدا کیا ہے، جس سے سماجی ہم آہنگی متاثر ہوئی ہے۔ منی پور جیسی ریاستوں میں طویل نسلی فسادات اور علیحدگی پسندی کی تحریکیں مرکزی حکومت کی رٹ اور قومی یکجہتی کیلئے ایک بڑا چیلنج بنی ہوئی ہیں۔ بریف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق انسانی ترقی کے اشاریے میں بھارت 130 ویں نمبر پر ہے اور تعلیم، صحت اور تحقیق پر جی ڈی پی کا بہت کم حصہ خرچ کیا جا رہا ہے۔بھارت کے اندرونی حالات، سیاسی تقسیم، اور نظریاتی اختلافات پر مختلف حلقوں میں بحث پائی جاتی ہے۔ بعض حلقوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے نظریاتی بازو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے اندر بھی اندرونی مخالفت اور اختلافات دیکھنے میں آئے ہیں۔ سابق آر ایس ایس رہنما کے حوالے سے انتہا پسند تنظیموں پر تنقید اور ہندوتوا نظریے کی مخالفت کی بازگشت بھی سنائی دیتی ہے۔ کانگریس کے رہنماراہل گاندھی جیسے اپوزیشن رہنما بھی مختلف مواقع پر بھارت کے سماجی اور جمہوری تانے بانے میں آنے والی کشیدگی اور تقسیم کے حوالے سے بیانات دیتے رہے ہیں۔ بھارت کے مختلف حصوں میں نوجوانوں کی جانب سے حکومتی پالیسیوں، روزگار اور سماجی مسائل پر احتجاجی تحریکیں بھی وقتاً فوقتاً سامنے آتی رہی ہیں۔ مبصرین کے مطابق بھارت میں اندرونی طور پر سیاسی جماعتوں، مذہبی اقلیتوں اور مختلف نظریاتی گروہوں کے درمیان خلیج بڑھ رہی ہے، جسے بعض تجزیہ کار اندرونی ٹوٹ پھوٹ یا شدید سیاسی محاذ آرائی سے تعبیر کرتے ہیں۔ خالصتان تحریک کے رہنما اور سکھ فار جسٹس کے جنرل کونسل گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا ہے کہ خالصتان تحریک سکھ ریفرنڈم اور بیلٹ کے ذریعے آگے بڑھ رہی ہے اور کامیابی کے بعد اقوام متحدہ میں بھارتی پنجاب کو ایک آزاد اور خودمختار علاقہ قرار دینے کے لیے درخواست دائر کی جائے گی۔ بھارت 2047 تک نو ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ سکھوں کی تہذیب، زبان اور ثقافت بھارت سے الگ ہے، اس لیے سکھ برادری ایک آزاد و خودمختار خالصتان کے قیام کا مطالبہ کر رہی ہے۔پنوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت ایک سازش کے تحت پنجاب میں سکھوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے اور کشمیر کی طرح دیگر علاقوں سے لوگوں کو لا کر وہاں آباد کیا جا رہا ہے۔ خالصتان تحریک نے اقوام متحدہ میں بھارت کی مبینہ بین الاقوامی دہشت گردی کو بھی اجاگر کیا ہے اور پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھارت کی مبینہ کارروائیوں کو بے نقاب کیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی حکام کے مطابق 2023 میں پنوں کے قتل کی مبینہ سازش کے مقدمے میں بھارتی شہری نکھل گپتا نے امریکی عدالت میں جرم قبول کیا تھا۔گرپتونت سنگھ پنوں نے امید ظاہر کی کہ امریکی عدالت ان کے قتل کی مبینہ سازش میں ملوث شخص کو سیاسی بنیادوں پر معافی نہیں دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسا کیا گیا تو سکھ برادری اسے نہیں بھولے گی۔تجزیہ کاروں کے نزدیک “وِکست بھارت 2047” کا خواب اسی وقت حقیقت بن سکتا ہے جب معاشی ترقی کے ثمرات تمام طبقات اور ریاستوں تک مساوی طور پر پہنچیں۔ اگر معاشی عدم مساوات، بے روزگاری اور سماجی و علاقائی تقسیم پر قابو نہ پایا گیا تو محض جی ڈی پی کے اعداد و شمار ملک کو اندرونی ٹوٹ پھوٹ اور عدم استحکام سے نہیںبچا سکتے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *