بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 12.2°C
Friday, 20 November 2026 | پاکستان: 11 جمادی الثانی 1448

سرکاری پہیہ اور سرکاری خواب

Friday, 20 November, 2026

سرکاری پہیہ اور سرکاری خواب کا قصہ بہت پرانا ہے۔ حکومت جب کوئی سواری کا خواب دیکھتی ہے تو وہ خواب بہت خوبصورت ہوتا ہے، تصویروں میں چمکتی ہوئی گاڑیاں، ہوا میں معلق سڑکیں اور یہ دعویٰ کہ اب سفر آسان ہوگا۔ خواب دیکھنا برا نہیں، لیکن خواب کی تعبیر جب زمین پر اترتی ہے تو وہاں کا موسم اور زمین دونوں مختلف نکلتے ہیں۔ ہمارے ہاں اکثر منصوبہ عمارت سے پہلے آ جاتا ہے، سڑک بننے سے پہلے بس آ جاتی ہے اور بس آنے سے پہلے ٹکٹ چھپ جاتا ہے۔ جلد بازی میں ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ سواری کو صرف لانا نہیں، چلانا بھی ہوتا ہے۔بازار میں ایک پرانی حکایت گردش کرتی ہے کہ جب نئی ٹیکنالوجی کی بسیں آئیں تو ان کے سینے میں آگ کے شعلے اٹھے۔ باہر کے کاریگر بلائے گئے تو انہوں نے دیکھ کر کہا کہ اندر کا حساب باہر کے حساب سے نہیں ملتا۔ اصل اور نقل کے فرق نے اپنا رنگ دکھایا ہے۔ پھر جب ذمہ داری کسی ایک نام سے جوڑی گئی تو شعلے خود بخود بجھ گئے۔ اس کہانی میں بس کا نام اہم نہیں، رویہ اہم ہے کہ جب تک پہرہ نہ ہو، قیمتی چیز اپنی جگہ سے ہل جاتی ہے۔ بزرگ بتاتے ہیں کہ ایک زمانے میں سرکاری بس سروس پورے ملک میں چلتی تھی۔ وقت کی پابند، کرایہ میں مناسب، اور مزدور و سپاہی دونوں کی سواری۔ وہ منافع میں تھی، وہ اعتماد میں تھی۔ فوجی جوان آدھے کرائے پر گھر لوٹتا تھا اور عام مسافر بھی سکھ کا سانس لیتا تھا۔ پھر آہستہ آہستہ اس کا پہیہ سست ہونے لگا۔ کہیں فنڈ کی ہوا نکلی، کہیں پرزہ غائب ہوا، کہیں ڈرائیور کی تنخواہ رک گئی اور ایک دن وہ بس جو سڑک پر تھی، فائلوں میں چلی گئی۔ یہ قصہ صرف ایک بس کا نہیں، ہر اس ادارے کا ہے جو چلتا ہوا اور کماتا ہوا بند ہوا۔ سوال یہ نہیں کہ اسے کس نے بند کیا، سوال یہ ہے کہ ہم چلتی چیز کو سنبھال کیوں نہیں پاتے۔ کہتے ہیں باہر کے دیسوں میں بس میں ٹکٹ چیک کرنے والا کوئی نہیں ہوتا، پھر بھی کوئی مفت سفر نہیں کرتا۔ وہاں شاید قانون سے بڑا ضمیر کا چیک ہوتا ہے۔ ہمارے ہاں ہم زبان سے تو کہتے ہیں کہ اوپر والا دیکھ رہا ہے، لیکن جب ویران سڑک پر وردی اور مزدور آمنے سامنے ہوں تو کبھی کبھی وہ یقین بھی دھندلا جاتا ہے۔ نجی شعبے میں بھی یہی دیکھا گیا ہے کہ کتنی بھی نگرانی ہو، قلم کہیں نہ کہیں اپنا حساب بدل لیتا ہے، بل کہیں اور بنتا ہے اور تیل کہیں اور بہتا ہے۔ اس لیے یہ کہنا کہ صرف حکمران خراب ہیں، کافی نہیں، مزاج مجموعی طور پر دیکھنا پڑتا ہے۔ ہر شہر میں صبح فجر سے پہلے جھاڑو کی آواز آیا کرتی تھی۔ وہ لوگ جن کا کام گلی صاف رکھنا تھا، سنا ہے کہ وہ اب کہیں اور مصروف ہیں۔ پھر نیا عملہ بھرتی ہوا، پھر ہر دکان کو کہا گیا کہ اپنا سامنے خود صاف رکھو۔ کسی نے تنگ آ کر تو دیوار ہی کھڑی کر دی کہ اب اڑ کر جا۔ یہی حال فائلوں کا بھی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ ترقی کے اس دور میں بھی بعض ریکارڈ آج بھی کسی تہہ خانے میں سوتے ہیں، جہاں کبھی کبھی اچانک چنگاری بھڑک اٹھتی ہے۔ ماضی کے کئی منصوبے جن کے نام کبھی سستی روٹی، روزگار اسکیموں اور رنگ برنگے ٹریکٹروں سے جڑے تھے، ان کی فائلیں بھی ایسی ہی چنگاریوں کی نذر ہوئیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بعض خطوں میں ایسی چنگاریاں کم سننے کو ملتی ہیں۔ایک جگہ سڑک پر کوئی روکتا نہیں، سب اپنی مستی میں رواں ہیں۔ نہ ہیلمٹ، نہ بیلٹ، نہ اشارہ۔ موٹر سائیکل والا پولیس کے سامنے موبائل پر بات کرتا گزر جاتا ہے۔ شاید وہاں وردی سختی سے زیادہ صلح جوئی کو بہتر سمجھتی ہے اور کبھی کبھی تلخ کلامی کے ذاتی رنجش میں بدلنے کا ڈر بھی اس خاموشی کی وجہ بنتا ہے۔ دوسری جگہ ہر موڑ پر جرمانہ ہے، ہر اشارے پر چالان ہے۔ وہاں سوال اٹھتا ہے کہ کیا یہ سختی اصلاح کے لیے ہے یا حساب کے لیے۔ اور جب حساب کی بات آتی ہے تو ایک اور حساب یاد آتا ہے کہ ایک شخص جو مہینے کا لاکھ کماتا ہے وہ سات سو دیہاڑی والے سے دو سو کیسے لے لیتا ہے، یہ سوال کسی ایک وردی کا نہیں، پورے مزاج کا ہے۔ اصل سوال سواری کا نہیں، روٹی کا ہے۔ حکومتی ٹرانسپورٹ منصوبے اس لیے ضروری ہیں کہ عوام کو سہولت ملے، لیکن سوال یہ ہے کہ سہولت کون سی پہلے۔ دنیا میں پہلے پیٹ، صحت اور تعلیم کو سستا کیا جاتا ہے، پھر سڑکوں پر رنگ کیا جاتا ہے۔ ہمارے ہاں روٹی پچیس کی ہے، سالن دو سو کا ہے اور دیہاڑی سات سو کی۔ ایسے میں اگر بس تیس کلومیٹر چل کر دو گھنٹے آرام کرے تو وہ اس مسافر کا بوجھ کیسے اٹھائے گی جو ہر تین منٹ بعد پنڈی سے تلہ گنگ جانے کے لیے کھڑا ہے۔ کرایہ ہمیشہ خرچے کے حساب سے ہوتا ہے، اگر خرچہ بجلی اور بیٹری کا ہے اور راستہ لمبا ہے تو حساب خود بتا دیتا ہے کہ یہ سواری چلے گی یا کھڑی رہے گی۔ہم سہولتیں کھاتے ہیں، استعمال نہیں کرتے۔ ہم دکان کا رجسٹر تو مشکل سے کھولتے ہیں لیکن سبسڈی کا دروازہ سب سے پہلے کھٹکھٹاتے ہیں۔ کسی بھی حکومت کے منصوبے کو ناکام نہیں کہنا چاہیے، ہر کوشش قابل قدر ہے۔ لیکن ہر کوشش سے پہلے یہ پوچھنا صحافت کا حق ہے کہ کیا ہم اس کو افورڈ کر سکتے ہیں، کیا ہم اسے سنبھال سکتے ہیں اور کیا ہمارے پاس اسے چلانے کے لیے دیانتدار ہاتھ ہیں۔ اگر ہم نے سینٹری ورکر سے اس کا اصل کام نہ لیا، اگر ہم نے بھرتیاں میرٹ پر نہ کیں اور اگر ہم نے فائل کو تہہ خانے کی بجائے کمپیوٹر میں نہ رکھا تو ہر نئی سواری بھی ایک دن پرانی فائل کی طرح خاموش ہو جائے گی اور ہم پھر کسی نئے خواب، کسی نئی سواری اور کسی نئے نعرے کا انتظار کر رہے ہوں گے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *