ری انٹیگریشن دراصل مایوسی کے اندھیروں میں بھٹکے ہوئے مسافروں کیلئے امید کا وہ چراغ ہے جو انہیں دوبارہ زندگی کی شاہراہ پر گامزن کرتا ہے۔ جب کوئی نوجوان دیارغیر کی تلخ حقیقتوں، قید و بند کی صعوبتوں اور ملک بدری کے کڑے امتحان سے گزر کر اپنے وطن کی سرزمین پر قدم رکھتا ہے تو اس کے پاس ٹوٹے ہوئے خوابوں اور قرضوں کے بوجھ کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ ایسے نازک وقت میں ری انٹیگریشن کا عمل ایک شفیق سہارے کی مانند سامنے آتا ہے جو اسے معاشرے کی سرد مہری اور بے جا سوالات سے بچا کر نفسیاتی سکون، جدید ہنر اور باعزت روزگار کی راہ دکھاتا ہے۔ یہ محض مالی یا فنی امداد کا سلسلہ نہیں بلکہ انسان کی کھوئی ہوئی عزت نفس کو بحال کرنے کا ایک مقدس سفر ہے جو واپس لوٹنے والے ہر فرد کو یہ یقین دلاتا ہے کہ وہ اپنے وطن پر بوجھ نہیں بلکہ اس کی تعمیر و ترقی کا ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے زیر اہتمام لاہور کے رامادا ہوٹل میں 10 اور 11 نومبر کو ریٹرن اینڈ ری انٹیگریشن کے عنوان سے دو روزہ تربیتی ورکشاپ منعقد ہوئی۔ سید شاہ نواز علی اور عائشہ اس ورکشاپ کے روح رواں تھے۔ محاذ ملک نے مائیگرنٹ ریسورس سینٹر کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارے اور اس کے طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ شہزاد بخاری نے بھی ایک معلوماتی سیشن میں روزگار اور اپنی متعلقہ ایپ کے بارے میں نہایت جامع انداز میں آگاہ کیا۔ خاکسار نے آغوش کوئٹہ بلوچستان کی نمائندگی کی۔ بلوچستان میں غربت اور افلاس نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ بے روزگاری عروج پر ہے۔ معدنیات کے بے شمار ذخائر ہونے کے باوجود عام آدمی کے حصے میں ایک چھڑی اور چند بھیڑوں کے سوا کچھ نہیں آیا۔ دنیا بدل چکی ہے مگر بلوچستان کے بہت سے علاقوں میں عوام کے حالات نہیں بدلے۔ غلطی کس کی ہے؟ یہ ایک الگ بحث ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہاں کے عام آدمی کی زندگی میں آج بھی اندھیرا ہے۔ لاہور پاکستان کا دل ہے۔ اس تربیتی ورکشاپ میں زیادہ تر مقامی تنظیموں کے نمائندے شریک تھے۔ واحد آغوش این جی او تھی جو بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں سے پنجاب کے سرسبز میدانوں میں آئی تھی۔ یہ بھی ایک اچھا تجربہ تھا کہ خشک پہاڑوں کے باسیوں نے پنجاب کے لہلہاتے کھیت دیکھے۔ پاکستان واقعی قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے۔ کہیں بلند و بالا پہاڑ، کہیں میدان، دریا، صحرا اور کہیں سمندر ہیں۔ قدرت نے اتنی نعمتیں عطا کی ہیں مگر اس کے باوجود ہمارے نوجوان بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان، بھارت اور بنگلہ دیش سمیت جنوبی ایشیا میں نوجوان آبادی کا تناسب زیادہ ہے جبکہ یورپ کے متعدد ممالک کو عمر رسیدہ آبادی اور افرادی قوت کی کمی کا سامنا ہے۔ ہمارے نوجوان وہاں جا کر ان ممالک کی معیشت کا پہیہ چلا رہے ہیں۔ بیرون ملک جانا کوئی بری بات نہیں بلکہ قانونی طریقے سے روزگار، تعلیم اور کاروبار کے لیے دوسرے ممالک کا رخ کرنا ایک مثبت عمل ہے۔ نوجوان مستند ذرائع سے ویزا اور ملازمت حاصل کریں، متعلقہ ممالک کے قوانین کا احترام کریں اور اپنے وطن کے لیے زرمبادلہ بھیجیں۔اصل مسئلہ غیر قانونی ہجرت اور ڈنکی کا خطرناک راستہ ہے۔ انسانی اسمگلر نوجوانوں کو یورپ میں خوش حال زندگی اور اچھی ملازمت کے خواب دکھاتے ہیں۔ غریب خاندان اپنی زمینیں، زیورات اور جمع پونجی فروخت کرکے لاکھوں روپے ان کے حوالے کر دیتے ہیں۔ ایک شخص نے بتایا کہ ایک مرتبہ ستر افراد گھروں سے نکلے مگر منزل تک صرف بارہ پہنچ سکے جبکہ اٹھاون افراد موت کے آغوش میں چلے گئے۔ یہ واقعہ غیر قانونی ہجرت کے خطرات کی ایک دردناک مثال ہے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارے کے ریکارڈ پر مبنی جولائی 2026 کی ایک رپورٹ کے مطابق جون 2023 سے اب تک سات بڑے کشتی حادثات میں کم از کم 335 پاکستانی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ جون 2023 میں یونان کے قریب پیش آنے والے ایک بڑے حادثے میں بھی سینکڑوں پاکستانی متاثر ہوئے۔ سمندر میں لاپتا ہونے والے افراد کی حقیقی تعداد اس سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔ڈی پورٹ ہونے والوں کی تعداد بھی تشویش ناک ہے۔ ایف آئی اے کی سالانہ انتظامی رپورٹ 2025 کے مطابق اس سال اڑسٹھ ہزار چار سو اٹھاسی افراد مختلف وجوہات کی بنا پر پاکستان واپس بھیجے گئے۔ ان میں فضائی اور زمینی راستوں سے آنیوالے افراد شامل تھے۔ یہ تعداد صرف ڈنکی لگانے والوں کی نہیں بلکہ مختلف وجوہات سے ڈی پورٹ ہونیوالے افراد کی مجموعی تعداد ہے۔ جو نوجوان ڈنکی کے ذریعے منزل تک پہنچ بھی جاتے ہیں، ان میں سے بہت سے گرفتار ہو کر ڈی پورٹ کر دیے جاتے ہیں۔ وطن واپسی پر انہیں امیگریشن اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ان میں پہلے ہی ناکام سفر، قرضوں اور مالی نقصان کی وجہ سے پریشانی ہوتی ہے جبکہ بعض افراد ذہنی صدمے کا بھی شکار ہوتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار ان سے عزت اور احترام کیساتھ پیش آئیں۔ قانونی کارروائی اور پوچھ گچھ ضرور ہونی چاہیے لیکن کسی کو بلاوجہ ہراساں کرنا، تذلیل کرنا یا تشدد کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔ ہر ڈی پورٹ ہونے والا شخص مجرم نہیں ہوتا۔ انسانی اسمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے جبکہ ان کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہونیوالوں کو مدد فراہم کی جانی چاہیے۔ ریٹرن کا مطلب وطن واپسی اور ری انٹیگریشن سے مراد واپس آنیوالے شخص کو دوبارہ معاشرے کا فعال اور باعزت رکن بنانا ہے۔ محض کسی شخص کو واپس وطن پہنچا دینا کافی نہیں بلکہ اسے دوبارہ زندگی شروع کرنے کا موقع دینا ضروری ہے۔ اس مقصد کیلئے اس کی تعلیم، تجربے اور صلاحیت کے مطابق فنی تربیت، روزگار، کاروبار کے لیے مالی معاونت، نفسیاتی رہنمائی اور قانونی مدد فراہم کی جانی چاہیے۔ واپس آنے والے نوجوانوں کو الیکٹریشن، پلمبر، مکینک، کمپیوٹر، زراعت اور دیگر ہنر سکھا کر روزگار سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ چھوٹے کاروبار کیلئے آسان قرض اور نجی اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ سول سوسائٹی، مقامی تنظیموں اور حکومتی اداروں کو مل کر ایسے افراد کی بحالی کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ وہ دوبارہ اپنے خاندانوں کا سہارا بن سکیں۔ معاشرے کو بھی ان افراد کے ساتھ امتیازی سلوک کرنے کے بجائے انہیں قبول کرناچاہیے۔انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد بھی سول سوسائٹی کے نمائندوں کو تربیت دینا تھا تاکہ وہ وطن واپس آنیوالے افراد کی مشکلات سمجھ سکیں اور ان کی بحالی میں مثر کردار ادا کر سکیں۔سید شاہ نوازعلی، محاذ ملک اور شہزاد بخاری کے معلوماتی سیشنز نے اس حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔ بلوچستان جیسے وسائل سے مالا مال صوبے میں اگر معدنیات، زراعت، سیاحت اور دیگر شعبوں کو شفاف منصوبہ بندی کے تحت ترقی دی جائے تو ہزاروں نوجوانوں کو اپنے علاقوں میں روزگار مل سکتا ہے۔ یہی صورتحال ملک کے دیگر پسماندہ علاقوں میں بھی ہے۔ نوجوانوں کو ڈنکی کے ذریعے یورپ جانے سے روکنے کیلئے صرف آگاہی مہم کافی نہیں بلکہ انہیں اپنے وطن میں باعزت روزگار اور بہتر مستقبل فراہم کرنا چاہیے ۔ریٹرن اینڈ ری انٹیگریشن محض ایک تربیتی اصطلاح نہیں بلکہ ایک انسانی ذمہ داری ہے جو نوجوان موت کے خطرات سے گزر کر وطن واپس آیا ہے، اسے مایوسی اور تنہائی کے حوالے کرنے کے بجائے نئی زندگی شروع کرنے کا موقع دینا چاہیے۔ ہمارے نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہیں موت کے راستوں پر چلنے سے بچانا، قانونی ہجرت کی رہنمائی کرنا اور واپس آنیوالوں کو معاشرے کا فعال شہری بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔





تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں