ڈاکٹر روش ندیم فیض احمد فیض کی طرح مصروف تو بہت زیادہ رہتے ہیں،لیکن فیض کی طرز پر کچھ عشق اور کچھ کام کرنے سے گریز ( اصل میں پرہیز) کرتے ہوئے؛ انہوں نے لکھ کر سوچنے اور سوچ کر لکھنے کو اپنا شعار بنا رکھا ہے ۔ چونکہ ڈاکٹر روش ندیم تنہائی گریز اور محفل پسند دانشور ہیں، اسی لیے محفل آرائی کو ہمیشہ محاذ آرائی پر ترجیح دیتے ہیں۔ میں نے انہیں کبھی حالت اشتعال میں نہیں دیکھا،شاید چھپ کر غصہ کر لیتے ہوں،وہ ہمہ وقت خوش و خرم اور پرجوش نظر آتے ہیں۔تاریخ ،ریاست اور اس کے متعلقات، معاشرت اور اس کی تقسیم کی صورتیں، معیشت اور اس کی بہیمانہ تجسیم و غیر منصفانہ ترتیب، روایات کی فسوں کاری اور طبقاتی طلسمات کے اسیر ہجوم ان کی دلچسپی کے عنوان ہیں۔ ڈاکٹر روش ندیم کو ایک ایسی سہولت بھی حاصل ہے جو اتفاق سے انیسویں صدی کے نصف آخر میں مذہبی انتہا پسندوں کی اسیر جرمن یونیورسٹیوں کے ستائے ہوئے محقق اور استاد ڈاکٹر کارل مارکس تک کو نصیب نہیں ہوئی تھی۔اور وہ سہولت یہ ہے کہ ان کے سامنے کارل مارکس کی فکری مساعی کا تحریری خزانہ موجود اور دستیاب تھا۔ان کے جدلیاتی مطالعات کی تمام تر تاریکی کو کارل مارکس کے علم کی روشنی نے منور کئے رکھا۔یوں جہاں کارل مارکس نے زندگی کے اندھیرے سے علم و شعور کی روشنی چھین کر نور کو عام کیا تھا،وہیں اس نور نے ڈاکٹر روش اور ان جیسے سیکڑوں دانش جویان عصر کے مطالعے کو ثروت مند بنانے میں بنیادی کردار اداکیا ہے۔ یہی وہ ذہنی پس منظر ہے جس میں ڈاکٹر روش نے مضامین،مقالات،ناول، نقد اور شعر کی صورت ابلاغ کی راہیں ہموار کیں۔اس ابلاغ کا کثیر حصہ ہنوز غیر مرتب اور منتشر صورت میں ہے۔زیر نظر کتاب کے دیباچے میں وہ بتاتے ہیں کہ؛ ” گذشتہ پینتیس چالیس سال کے دوران میری تحریریں مسلسل رسائل و جرائد اور اخبارات کی زینت بنتی رہیں، لیکن تعلیم و تدریس کی ذمہ داریوں کے علاوہ تصنیف و تالیف، میڈیا سوشل میڈیا ، ادبی وعلمی پلیٹ فارمز اور سیمینار و کانفرنسز کی مصروفیات کی وجہ سے میں انہیں کتابی صورت میں نہ لا سکا۔ بلکہ اس دوران جو آٹھ کتابیں شائع ہوئیں وہ بھی انہی مصروفیات کی وجہ سے دوبارہ نہ چھپ سکیں۔ یوں گذشتہ سالوں میں جو بے شمار لکھا وہ اب آٹھ دس کتابوں کی صورت میں منتظر اشاعت ہے۔ اس دوران میری دلی خواہش رہی کہ ان تمام تحریروں کو ایک نظر دوبارہ دیکھ لوں اور ترامیم و اضافوں کے مراحل سے گزار دوں ۔ مگر وقت کی کمی اور تحریروں کی تعداد کے باعث یہ کام مجھے اب قابل عمل نہیں لگتا۔ ایک تخلیق کار ، تنقید نویس اور شاعر کے پاس سب کچھ ہو سکتا ہے ،لیکن خود کو منظم و مرتب کرنے کی فرصت نہیں ہوتی۔ وہ تو بھلا ہو ڈاکٹر صنوبر الطاف کا کہ انہوں نے ملک میں بیش قیمت معدنیات کی تلاش سے سبق سیکھتے ہوئے اپنے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے قیمتی معدنیات تو نہیں ، قیمتی مسودات کو منظر عام پر لانے کا بیڑا اٹھایا۔اور اب بقول ڈاکٹر روش ندیم” ڈاکٹر صنوبر الطاف کے مسلسل اصرار، توجہ اور ترتیب و انتخاب میں مشاورت و معاونت ۔ ” سے ان مسودات کی ترتیب و اشاعت ممکن ہو رہی ہے۔ نو آبادیات کے طلسمات کی گرہ کشائی بھی ڈاکٹر روش ندیم کا ایک دل پسند موضوع ہے ۔لیکن یہ طلسمات تیزی کے ساتھ اپنی صورتیں اور طریقہ ہائے واردات کو تبدیل کرتا جا رہا ہے۔ مضامین کے اس مجموعے میں ڈاکٹر روش کے موضوع سے متعلق اچھے اور معلوماتی مضامین یک جا کر دیئے گئے ہیں۔ اس مجموعے میں شامل مضامین کل پانچ ابواب کے زیر عنوان منقسم ہیں۔۔پہلے باب کا موضوع ” قدیم نو آبادیات : قبل مسیح وسطی دور” ہے ۔اور اس میں دو مطالعات بہ عنوان : نو آبادیات: آغاز و ارتقا اور عرب مسلم نو آبادیات شامل ہیں۔ دوسرے باب ” یورپی نو آبادیات: جدیدیت کا دور” میں یورپی سرمایہ داری عہد کا آغاز ، ہند یورپی معاشی صورتحال وروابط اور سرمایہ دارانہ جدیدیت کا فکری تناظر پر مضامین شامل ہیں۔تیسرا باب “امریکی نو آبادیات: ما بعد جدیدیت کا دور” میں بھی دو وقیع مضامین امریکی نو آبادیات: آغاز و ارتقا اور کارپوریشنوں کا نیا عالمی نو آبادیاتی نظام پر شامل ہیں ۔اسی طرح چوتھا باب “بنیادی نو آبادیاتی ہتھکنڈے” پانچ اہم مضامین کا مجموعہ ہے۔یعنی نو آبادیاتی تعلیمی پروجیکٹ ، قرضے، امدادیں اور آئی ایم ایف ، نو آبادیاتی جمہوریت ،این جی اوز اور نو آبادیاتی ایجنڈا اور نو آبادیاتی زرعی نظام اور ڈبلیو ٹی او ۔ پانچواں باب “سرمایہ داریت: زمین اور انسان کی تباہی” دو مضامین سرمایہ داریت ، انسان اور ارضی چیلنج اور نو آبادیات سے آزادی ایک سراب؟ پر مشتمل ہے ۔تو پھر آئیے میر تقی میر کی بات سنتے ہیں، جنہوں نے کہہ رکھا ہے کہ؛
ٹک دل کے نسخے ہی کو کیا کر مطالعہ
اس درس گہ میں حرف ہمارا ہے اک







تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں