نئی دہلی :بھارتی افواج کی اعلی قیادت ایک بار پھر شدید ہلچل اور عدم استحکام کا شکار نظر آتی ہے، جہاں صرف سات ماہ بعد ہی نائب فضائی سربراہ ایئر مارشل ایس پی دھارکر کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ایئر مارشل نرمدیشور تیواری کو نیا نائب فضائی سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے۔ایئر مارشل ایس پی دھارکر، جو حالیہ رافیل طیاروں کی جارحانہ پروازوں کی نگرانی پر مامور تھے، ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اس وقت سوالات اٹھنے لگے جب پاکستانی فضائیہ نے نہ صرف بھارتی رافیل طیاروں کو مثر انداز میں روکا بلکہ لائن آف کنٹرول کی فضائی نگرانی کو بھی مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔ اطلاعات کے مطابق، جدید پاکستانی ریڈارز نے رافیل طیاروں کے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا، جس کے باعث بھارتی طیارے اپنی سمت کھو بیٹھے اور مشن ناکام رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر مارشل دھارکر نے اس ناکامی کے بعد اپنے ہی پائلٹس کی تربیت اور رافیل ہینڈلنگ پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا، جو بالآخر ان کی برطرفی کا سبب بنا۔ ان کی سبکدوشی کے بعد بھارتی فضائیہ میں شدید اضطراب اور بیچینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس سے قبل شمالی کمان کے آرمی کمانڈر کو بھی عہدے سے ہٹایا جا چکا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارتی عسکری قیادت تاش کے پتوں کی مانند بکھرتی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق، پاہلگام فالس فلیگ واقعے کے بعد یہ دوسرا بڑا عسکری دھچکہ ہے جس نے بھارتی فوجی اداروں کی ساکھ کو مزید کمزور کر دیا ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بی جے پی حکومت اور فوجی اداروں کے درمیان بڑھتی ہوئی بداعتمادی اور سیاسی مداخلت نے افواج کی پیشہ ورانہ خودمختاری کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ آئندہ دنوں میں مزید عسکری استعفوں اور تبدیلیوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جو بھارتی دفاعی نظام کے لیے ایک اور بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
دنیا
بھارتی عسکری قیادت بحران کا شکار: نائب فضائی سربراہ ایئر مارشل ایس پی دھارکر برطرف، فوجی اداروں میں شدید بے چینی
- by Daily Pakistan
- اپریل 30, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 250 Views
- 3 ہفتے ago