ایک مخصوص طرزِ فکر کا سنجیدہ جائزہ اب ناگزیر ہو چکا ہے۔ یہ وہ سوچ ہے جو پچھلے چند برسوں میں خاموشی سے تشکیل پاتی رہی، مختلف حکومتوں کے ادوار سے گزرتی رہی، مختلف نعروں میں لپٹی رہی اور آج ایک مکمل ریاستی رویے کی صورت اختیار کر چکی ہے۔اس سوچ کا سب سے نمایاں اور افسوسناک پہلو یہ ہے کہ اس میں شہری آہستہ آہستہ انسان نہیں رہا بلکہ عدد، یونٹ، فائل اور آمدنی کا ذریعہ بنتا چلا گیا۔ آج ایک عام شہری اسی سوچ کے سامنے سوال بن کر کھڑا ہے۔پاکستان اس وقت ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جسے سرکاری زبان میں استحکام کہا جا رہا ہے۔ معاشی اشاریوں میں بہتری کے دعوے ہیں، عالمی اداروں کی محتاط تعریفیں ہیں، بجٹ خسارے پر قابو پانے کی خبریں ہیں اور مہنگائی کے گراف نیچے آنے کے دعوے بھی۔ مگر انہی خبروں کے سائے میں عام آدمی کی زندگی پہلے سے زیادہ مشکل، زیادہ غیر محفوظ اور زیادہ غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے۔یہی وہ بنیادی تضاد ہے جو شہری کے ذہن میں سوال کو جنم دیتا ہے۔ اگر ریاست واقعی بہتر ہو رہی ہے تو یہ بہتری شہری کے چہرے پر کیوں دکھائی نہیں دیتی؟ اگر نظام کامیاب ہے تو اس کامیابی میں انسان کیوں شامل نہیں؟
یہ صورتِ حال محض اتفاق نہیں۔ یہ ایک واضح ترجیح کا نتیجہ ہے۔ اس ترجیح میں ریاست کا مطلب عوام نہیں بلکہ نظام ہے، اور نظام کا مطلب انسان نہیں بلکہ کنٹرول ہے۔ اسی لیے آج ریاست اور شہری کے درمیان وہ فطری رشتہ باقی نہیں رہا جو ایک معاشرے کو قوم بناتا ہے۔ ریاست اب ایک محافظ ماں کے بجائے ایک سخت گیر منتظم دکھائی دیتی ہے، جبکہ شہری ایک ایسے صارف میں بدل چکا ہے جو ہر سہولت کی قیمت ادا کرتا ہے مگر شکایت کا حق آہستہ آہستہ کھو بیٹھا ہے۔ریاست کو ہمیشہ ماں کہا جاتا رہا ہے۔ مگر ماں اپنے بچوں سے رسید نہیں مانگتی۔ ماں بنیادی سہولتیں بند کر کے معذرت نامے جاری نہیں کرتی۔ ماں یہ شرط نہیں رکھتی کہ پہلے ادائیگی ہو گی، پھر علاج ملے گا۔ آج کا پاکستانی شہری بجلی، گیس، پانی، علاج، تعلیم اور حتیٰ کہ سیکیورٹی تک کو ایک خریدی جانیوالی سہولت کے طور پر دیکھنے پر مجبور ہے۔ سوال یہ نہیں کہ ریاست وسائل کیوں مانگ رہی ہے، اصل سوال یہ ہے کہ وہ بدلے میں اپنی ذمہ داری کیوں چھوڑتی جا رہی ہے۔پاکستانی شہری ٹیکس دیتا ہے، براہِ راست بھی اور بالواسطہ بھی۔ وہ ہر بل میں، ہر خریداری میں اور ہر ضرورت کے ساتھ ریاست کو ادائیگی کرتا ہے۔ اسکے باوجود اسے اسکول میں داخلے کیلئے سفارش، اسپتال میں علاج کیلئے منت اور تھانے میں ایف آئی آر کیلئے ذلت برداشت کرنا پڑتی ہے۔ یہ کیسا سماجی معاہدہ ہے جس میں شہری کی ذمہ داریاں مستقل ہیں اور ریاست کی ذمہ داریاں مشروط؟
تعلیم کو دیکھ لیجیے۔ آئین اسے بنیادی حق قرار دیتا ہے مگر زمینی حقیقت یہ ہے کہ تعلیم اب حق نہیں رہی، قسمت بن چکی ہے۔ امیر کا بچہ مہنگے اسکولوں میں عالمی نصاب پڑھتا ہے، غریب کا بچہ خستہ حال عمارت میں رٹا لگا کر امتحان پاس کرتا ہے، اور متوسط طبقہ اپنی آمدنی کا بڑا حصہ فیسوں میں جھونک دیتا ہے تاکہ اس کا بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ تفاوت محض نااہلی ہے یا دانستہ پالیسی؟ کیا ایک غیر مساوی معاشرہ اب حادثہ نہیں بلکہ مقصد بن چکا ہے؟
صحت کے شعبے میں یہی کہانی اور بھی بے رحم صورت اختیار کر لیتی ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں سہولتیں محدود ہیں، عملہ ناکافی ہے اور مریض کی عزت سب سے سستی شے بن چکی ہے۔ نجی اسپتالوں میں علاج موجود ہے مگر قیمت ایسی ہے جو عام آدمی کو صحت یاب ہونے سے پہلے مقروض بنا دیتی ہے۔ ایسے میں یہ سوال ناگزیر ہو جاتا ہے کہ کیا زندہ رہنا اب بنیادی حق نہیں بلکہ مالی حیثیت کا انعام ہے؟ کیا ریاست نے خاموشی سے یہ فیصلہ کر لیا ہے کہ غریب کا کام صرف جینا نہیں بلکہ جدوجہد کرتے رہنا ہے؟
انصاف کی بات کی جائے تو تصویر مزید تشویشناک ہو جاتی ہے۔ آئین موجود ہے، عدالتیں قائم ہیں، قانون کی کتابیں دستیاب ہیں، مگر انصاف ایک ایسا خواب بن چکا ہے جو طاقت کے بغیر شاذ و نادر ہی پورا ہوتا ہے۔ طاقتور کیلئے انصاف تیز، نرم اور قابلِ ترمیم ہے جبکہ کمزور کیلئے سست، مہنگا اور اکثر ناممکن۔ لاکھوں مقدمات ریکارڈ رومز میں اس انتظار میں پڑے ہیں کہ کب ہائی پروفائل معاملات نمٹیں اور ان کیلئے جگہ بنے۔ سوال یہ ہے کہ کیا قانون واقعی سب کیلئے برابر ہے یا صرف سب کیلئے لکھا گیا ہے؟
سیکیورٹی کے معاملے میں بھی شہری تنہا دکھائی دیتا ہے۔ وہ خود اپنے گھروں کیلئے تالے لگاتا ہے، گلیوں میں نجی گارڈ رکھتا ہے، کیمرے نصب کرتا ہے اور بچوں کو خود اسکول چھوڑنے جاتا ہے۔ ریاست کا کردار یہاں بھی پس منظر میں چلا گیا ہے۔ ایسے میں یہ سوال اور بھی سنگین ہو جاتا ہے کہ کیا شہری کی جان اب ریاست کی بنیادی ذمہ داری نہیں رہی، یا یہ بھی ایک ایسی نجی خدمت بن چکی ہے جو اضافی قیمت پر دستیاب ہے؟
ریاست اکثر وسائل کی کمی کا شکوہ کرتی ہے۔ یہ بات مان بھی لی جائے تو اگلا سوال اور زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔ جو وسائل موجود ہیں، وہ کن پر خرچ ہو رہے ہیں؟ کیا کفایت شعاری صرف عوام کیلئے ہے؟ کیا اشرافیہ اسی ریاست کا حصہ ہے جس میں عام آدمی سانس لے رہا ہے؟جب مراعات کم نہیں ہوتیں، پروٹوکول ختم نہیں ہوتا اور فیصلے بند کمروں میں ہوتے ہیں تو عوام سے قربانی مانگنا محض معاشی ضرورت نہیں بلکہ اخلاقی جبر بن جاتا ہے ۔ ریاست شہری سے وفاداری مانگتی ہے، صبر مانگتی ہے اور قربانی مانگتی ہے، مگر ریاست خود شہری کیساتھ وفادار دکھائی نہیں دیتی۔ جب کامیابی کا پیمانہ انسانی زندگی کے بجائے رپورٹوں اور اعداد و شمار میں بدل جائے تو ریاست اور شہری کے درمیان تعلق محض ایک انتظامی معاہدہ رہ جاتا ہے، جذباتی رشتہ نہیں۔ریاست کیلئے سب سے خطرناک لمحہ وہ نہیں ہوتا جب عوام سڑکوں پر نکل آئیں۔ سب سے خطرناک لمحہ وہ ہوتا ہے جب عوام خاموش ہو جائیں کیونکہ خاموش شہری ووٹ تو دیتا ہے مگر یقین نہیں رکھتا، ٹیکس تو دیتا ہے مگر امید نہیں باندھتا، ملک میں رہتا ہے مگر دل کہیں اور لگا لیتا ہے اور جب شہری کا دل ریاست سے نکل جائے تو ریاست جغرافیے میں تو باقی رہتی ہے، قوم میں نہیں ۔ آخر میں سوال کسی نعرے پر ختم نہیں ہوتا بلکہ ایک سوچ پر آ کر ٹھہرتا ہے۔ ریاست آخر کس کیلئے ہے؟ اگر ریاست شہری کی عزت ، زندگی اور مستقبل کیلئے نہیں تو وہ محض ایک انتظامی مشین بن جاتی ہے جس میں انسان ایندھن کی حیثیت رکھتا ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ مشینیں انسان کے بغیر نہیں چل سکتیں، مگر انسان آخرکار مشین کے بغیر راستہ تلاش کر لیتا ہے۔ ریاست کے پاس اب بھی انتخاب ہے۔ وہ چاہے تو ماں بن سکتی ہے،ورنہ دکانیں تو پہلے ہی بہت ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *