بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 19.5°C
Friday, 13 November 2026 | پاکستان: 4 جمادی الثانی 1448

مصنوعی ذہانت پر مبنی نظام

Saturday, 10 January, 2026

مصنوعی ذہانت پر مبنی نظاموں کی آمد نے دنیا بھر میں علم، ادب، صحافت اور تخلیقی اظہار کے طریقوں کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ جہاں ایک طرف یہ ٹیکنالوجی علم تک رسائی، تحقیق اور معلومات کے تبادلے کو بے حد آسان بنا رہی ہے وہیں دوسری طرف اِس نے انسانی تخلیقی صلاحیتوںخاص طور پر لکھنے والوں، صحافیوں ،کالم نگاروںاور ادیبوں کی دنیا میں ایک عجیب سا بحران پیدا کر دیا ہے۔ یہ بحران محض معاشی نوعیت کا نہیں بلکہ فکری اور اخلاقی نوعیت کا بھی ہے۔ ایک طرف سہولت کی چمک دمک ہے تو دوسری طرف خداداد صلاحیتوں کے زوال کا اندیشہ منڈلا رہا ہے ۔ پہلے لکھاری اپنی سوچ کے چراغ سے خیالات کے اندھیروں کو روشن کرتا تھا۔ وہ الفاظ کے دریا میں اپنی روح کو ڈبوتا اور جذبے کی گہرائی سے جملوں کو تراشتا تھا۔ ہر مضمون، ہر کالم، ہر افسانہ اُس کی شخصیت کی جھلک لیے ہوتا تھا۔ اُس کے قلم سے نکلنے والے الفاظ صرف معلومات نہیں بلکہ احساسات، تجربات اور مشاہدات کا نچوڑ ہوتے تھے لیکن اب صورتحال کچھ مختلف ہے۔ اب لکھنے والے کی پہلی ترجیح یہ نہیں کہ وہ خود سوچے، محسوس کرے یا لکھے بلکہ وہ براہ راست مصنوعی ذہانت جیسے نظاموں کی مدد لیتا ہے۔ چند لمحوں میں موضوع بتاتا ہے چند ہدایات دیتا ہے اور مکمل کالم تیار ہو جاتا ہے۔یہ سہولت یقیناً وقت کی بچت کرتی ہے مگر سوال یہ ہے کہ اِس قیمت پر کیا کھویا جا رہا ہے؟ انسان کی سب سے بڑی خوبی اُس کی تخلیقی قوت ہے وہ قوت جو اُسے سوچنے، سمجھنے، محسوس کرنے اور اپنے خیالات کو الفاظ کا جامہ پہنانے کی صلاحیت دیتی ہے۔ اگر یہ صلاحیت استعمال نہ ہو تو رفتہ رفتہ ماند پڑ جاتی ہے جیسے جسمانی مشقت نہ کرنے سے جسم کمزور پڑ جاتا ہے ویسے ہی ذہنی مشق کے بغیر سوچنے کی صلاحیت زنگ آلود ہو جاتی ہے۔مصنوعی ذہانت کی آمد کے بعد لکھاریوں کے ایک بڑے طبقے نے اپنی ذہنی محنت کو مشین کے سپرد کر دیا ہے۔ اب اُن کیلئے تحقیق کا عمل، جملوں کی ساخت یا دلائل کی ترتیب وہ اہمیت نہیں رکھتی جو کبھی رکھتی تھی، وہ محض ایک ”ایڈیٹر” بن گئے ہیں جو مصنوعی ذہانت سے نکلے ہوئے متن کوتھوڑا بہت سنوار کر اپنا نام لگا دیتے ہیں ۔ اِس طرح نہ صرف تخلیق کی روح متاثر ہوتی ہے بلکہ لکھنے والے کی پہچان، اُس کی فکری انفرادیت اور اُس کی آواز بھی دھندلا جاتی ہے ۔صحافت کا میدان اِس بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ جہاں پہلے کسی واقعے یا موضوع پر تجزیہ کرنے کے لیے لکھاری کو گھنٹوں سوچنا پڑتا تھا، اب چند سیکنڈ میں پورا کالم تیار ہے۔ نتیجہ یہ کہ صحافت کی روح یعنی تحقیق، مشاہدہ اور تجزیے کا عنصر کم ہوتا جا رہا ہے۔ اگر یہ رجحان اِسی رفتار سے بڑھتا رہا تو آنے والے وقت میں ممکن ہے کہ بیشتر اخبارات اور جرائد میں شائع ہونے والے مضامین کے پیچھے انسانی دماغ نہیں بلکہ ایک مشین کا عمل دخل ہو۔ اِس صورت میں ادب اور صحافت انسان کے جذبات، احساسات اور فکر کی نمائندگی نہیں بلکہ ایک مصنوعی الگورتھم کا عکس بن جائیں گے۔یہ کہنا درست ہے کہ مصنوعی ذہانت بذات خود کوئی برائی نہیں،یہ ایک آلہ ہے جیسے قلم یا کمپیوٹر۔ مسئلہ اِس کے استعمال کے انداز کا ہے اگر اِسے محض سہولت کے طور پر استعمال کیا جائے، تحقیق میں مدد کیلئے یا زبان کی درستگی کیلئے تو یہ ایک مفید ٹول بن سکتا ہے لیکن اگر یہ تخلیق کی جگہ لے لے، اگر انسان سوچنا چھوڑ دے اور ہر خیال مشین سے مانگنے لگے تو پھر یہ ٹیکنالوجی تخلیقی صلاحیتوں کا قاتل بن جاتی ہے ۔ادب، صحافت اور لکھنے کا فن ہمیشہ سے انسان کے باطن سے جڑا رہا ہے۔ ایک سچا لکھاری وہ ہوتا ہے جو اپنے زمانے کے دکھ سکھ کو محسوس کرتا ہے اپنی قوم کی دھڑکنوں کو سنتا ہے اور اُن احساسات کو الفاظ میں ڈھالتا ہے ۔ مصنوعی ذہانت کے پاس یہ احساس نہیں، یہ درد نہیں، وہ صرف اعداد و شمار، ڈیٹا اور جملوں کی ساخت کو سمجھتی ہے۔ وہ الفاظ تو بنا سکتی ہے مگر اُن میں جان نہیں ڈال سکتی۔ یہی فرق انسان اور مشین کے درمیان تخلیقی سطح پر سب سے بنیادی ہے ۔ یہ بھی سچ ہے کہ بہت سے نئے لکھنے والے مصنوعی ذہانت کے ذریعے سیکھنے اور سمجھنے کی کوشش کرتے ہیںاور یہ عمل تعلیمی حوالے سے فائدہ مند ہے مگر جب یہی سہولت عادت بن جائے تو انسان اپنے اندر سے وہ تجسس کھو دیتا ہے جو علم حاصل کرنے کیلئے سب سے ضروری ہے۔ سیکھنے کا جو عمل تحقیق، مطالعہ اور غور و فکر سے جڑا ہوتا تھا، اب وہ چند کلکس تک محدود ہو گیا ہے۔ نتیجہ یہ ہے کہ ذہنی گہرائی کی جگہ سطحی علم نے لے لی ہے ۔وقت کے ساتھ ساتھ اگر یہ رجحان نہ بدلا تو لکھنے والے اور قاری کے درمیان وہ رشتہ بھی کمزور پڑ جائے گا جو ہمیشہ ادب اور صحافت کی بنیاد رہا ہے۔ قاری اب یہ محسوس نہیں کریگا کہ وہ کسی انسان کے دل سے نکلے ہوئے خیالات پڑھ رہا ہے بلکہ ایک مشینی انداز کی ترتیب شدہ تحریرہے جس کا مطالعہ کررہا ہے۔ یہ احساس رفتہ رفتہ ادب کو بے روح کر دیگا۔ضرورت اِس بات کی ہے کہ لکھنے والے اپنی تخلیقی صلاحیتوں پر اعتماد بحال کریں۔ چیٹ جی پی ٹی جیسے اُوزاروں کو محض معاونت کیلئے استعمال کریں، متبادل کے طور پر نہیں۔ مشینوں سے استفادہ کرنا برا نہیں مگر اپنی سوچ کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا یقینا ایک خطرناک روش ہے۔ اگر ہم نے سوچنے اور لکھنے کی صلاحیت کھو دی تو ہمارے خیالات بھی ہمارے نہیں رہیں گے۔یہ وقت ہے کہ ہم اِس بات کو سمجھیں کہ ٹیکنالوجی انسان کی خدمت کیلئے ہے اِس کی جگہ لینے کیلئے نہیں۔ اگر لکھاری اپنی محنت، اپنی تحقیق اور اپنی فکر کو دوبارہ اہمیت دیں تو چیٹ جی پی ٹی اُن کیلئے مددگار ثابت ہو سکتا ہے لیکن اگر ہم نے اِسے اپنی تخلیقی قوت کا متبادل بنا لیا تو واقعی یہ ”خداداد صلاحیتوں کا قتل عام” بن جائے گا ، ایک ایسا قتل جس کے مجرم ہم خود ہوں گے۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *