ڈنمارک کے شہر عظیم ڈار میں ایک عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور یومِ تشکر منایا۔ یہ پروقار تقریب ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن ڈنمارک اور پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے اشتراک سے منعقد ہوئی جس میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے جوش و جذبے سے شرکت کی۔
پروگرام میں خواتین، بچے، سیاسی و سماجی کارکنان، کاروباری شخصیات، مذہبی رہنما، اور رفاعی تنظیموں کے نمائندگان شریک ہوئے۔ مقامی سطح پر بھی اس تقریب کو بھرپور پذیرائی ملی اور ڈنمارک کے میئر، ڈپٹی میئر، کونسلرز اور دیگر اہم مقامی شخصیات نے بھی شرکت کر کے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
پروگرام کے منتظمین میں ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن ڈنمارک کے صدر بابر خان، پاکستان سول سوسائٹی ڈنمارک کے قائم مقام صدر سید امیر مختار نقوی اور چوہدری افضال آف ڈھل شامل تھے، جنہوں نے بہترین انداز میں اس پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ کے چیئرمین، صدارتی ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر تھے، جبکہ میاں منیر کو بطور مہمانِ خاص مدعو کیا گیا۔
تقریب کا اہم ترین لمحہ وہ تھا جب پاکستان کی کامیابی اور افواجِ پاکستان کی عظمت کے اعتراف میں کیک کاٹا گیا۔ فضا پاکستان زندہ باد اور افواجِ پاکستان پائندہ باد جیسے نعروں سے گونج اٹھی۔ ملی نغموں کی دھن پر بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں نے رقص کر کے اپنی خوشی اور محبت کا اظہار کیا۔
شہر کی سڑکوں پر "سپہ سالار جنرل عاصم منیر زندہ باد” اور "پاک فضائیہ زندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، جبکہ ڈینش عوام اور دیگر غیرملکی کمیونٹیز نے وکٹری کا نشان بنا کر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا، جو اس تقریب کی بین الاقوامی اہمیت کا ثبوت ہے۔
ایک منفرد پہلو یہ بھی تھا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر مختلف سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ق، مسلم لیگ ن، اور پیپلز پارٹی نے پہلی بار ایک ساتھ پاکستان کی کامیابی کا جشن منایا، جو قومی اتحاد و یکجہتی کی روشن مثال ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر چوہدری پرویز اقبال لوہسر نے کہا:
ہمارے شاہینوں نے جان ہتھیلی پر رکھ کر دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے، جسے تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔
انہوں نے بھارت کی حالیہ جارحیت، شہید ہونے والے بچوں، خواتین اور بزرگوں کے لیے خصوصی دعاں کا اہتمام کیا اور مودی مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔
تقریب میں سینئر صحافی راجہ غفور نے بھی خصوصی شرکت کی اور تقریب کی میڈیا کوریج کو یقینی بنایا۔
یہ اجتماع جہاں افواجِ پاکستان کے ساتھ محبت کا مظہر تھا، وہیں پاکستانی کمیونٹی کی اتحاد، حب الوطنی اور عالمی سطح پر مثبت تشخص کی ایک خوبصورت جھلک بھی پیش کر گیا۔
پاکستان
ڈنمارک میں پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کا افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور یومِ تشکر فتح کا جشن، اتحاد کا پیغام
- by Daily Pakistan
- مئی 18, 2025
- 0 Comments
- Less than a minute
- 81 Views
- 1 مہینہ ago