انتظامی ضرورت اپنی جگہ، لیکن معاشی استطاعت، آئینی تقاضوں اور سیاسی اتفاق رائے کے بغیر نئی صوبائی تقسیم وفاق کو مضبوط کرنے کے بجائے مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے۔پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث ایک مرتبہ پھر سیاسی منظرنامے پر نمایاں ہو گئی ہے۔ ریفرنڈم کے ذریعے عوام سے رجوع کرنے کی تجویز، آئینی طریق کار پر اختلافات اور حکومتی اتحادی جماعتوں کے تحفظات نے اس معاملے کو انتظامی اصلاحات کے بجائے اہم قومی اور وفاقی مسئلہ بنا دیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی جبری تقسیم کے خلاف سخت ردعمل دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ایسا کوئی اقدام کراچی سمیت سندھ میں شدید سیاسی اور سماجی تصادم کا سبب بن سکتا ہے۔ ان کا مقف ہے کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کے مطابق نئے صوبوں کی مخالف نہیں، لیکن کسی صوبے کی تقسیم زبردستی مسلط کرنے کی مزاحمت کی جائے گی۔ ان کا یہ کہنا بھی قابل توجہ ہے کہ اس معاملے پر نہ انہیں اور نہ صدر آصف علی زرداری کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔ اس صورت حال نے حکومتی اتحادیوں کے درمیان موجود اختلافات کو بھی نمایاں کر دیا ہے۔ پاکستان میں نئے صوبوں کا مطالبہ کوئی نئی بات نہیں۔ سرائیکی صوبہ، جنوبی پنجاب، بہاولپور، ہزارہ، پوٹھوہار اور فاٹا کو الگ صوبائی حیثیت دینے کی تجاویز مختلف ادوار میں سامنے آتی رہی ہیں۔ ان مطالبات کے پس منظر میں انتظامی محرومی، علاقائی شناخت، وسائل کی غیر مساوی تقسیم اور سیاسی نمائندگی جیسے عوامل موجود ہیں۔ بڑے صوبوں کے دور دراز علاقوں میں آباد شہریوں کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سرکاری سہولیات کے لیے صوبائی دارالحکومتوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔ بلوچستان میں وسیع جغرافیائی حدود بھی انتظامی رسائی کو مشکل بناتی ہیں۔ اس اعتبار سے نئے صوبوں کی ضرورت اور انتظامی سہولت کے مطالبے کو یکسر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم بنیادی حقیقت یہ ہے کہ انتظامی مسائل کا حل لازما نئے صوبوں کی تشکیل نہیں۔ مضبوط بلدیاتی نظام، بااختیار ضلعی حکومتیں اور ڈویژنل سطح پر مثر انتظامی ادارے بھی عوام کو وہ سہولیات فراہم کر سکتے ہیں جن کے لیے علیحدہ صوبوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات کی منتقلی کا عمل تو آگے بڑھا، لیکن صوبائی حکومتیں خود یہ اختیارات مقامی حکومتوں تک مکمل طور پر منتقل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔ اس لیے پہلے موجودہ نظام کی خامیوں کو دور کرنا ضروری ہے۔ اگر اختیارات صوبائی دارالحکومتوں سے اضلاع تک منتقل نہیں ہوتے تو صوبوں کی تعداد بڑھانے سے عوام کی محرومیوں کا خاتمہ کیسے ممکن ہوگا۔ آئینی اعتبار سے بھی نئے صوبوں کا قیام محض حکومتی فیصلے یا ریفرنڈم سے ممکن نہیں۔ آئین کے آرٹیکل 239 کے تحت آئینی ترمیمی بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت سے منظور ہونا ضروری ہے۔ اگر کسی ترمیم سے کسی صوبے کی حدود تبدیل ہوتی ہیں تو متعلقہ صوبائی اسمبلی کی بھی کل رکنیت کی دو تہائی اکثریت سے منظوری لازمی ہے۔ آرٹیکل 48(6) قومی اہمیت کے معاملے پر ریفرنڈم کی گنجائش ضرور فراہم کرتا ہے، لیکن وہ آئینی ترمیم کے مقررہ طریق کار کا متبادل نہیں۔ جنرل ضیا الحق کے دور میں 1984 کے ریفرنڈم کا تجربہ بھی یہ سبق دیتا ہے کہ عوامی رائے اسی وقت معتبر ہوتی ہے جب سیاسی ماحول آزاد، انتخابی عمل شفاف اور سوال غیر جانب دارانہ ہو۔ نئے صوبوں جیسے حساس معاملے میں ریفرنڈم کو سیاسی اتفاق رائے سے بچنے کا ذریعہ نہیں بنایا جا سکتا۔ اس بحث کا سب سے اہم پہلو پاکستان کی معاشی استطاعت ہے۔ ملک پہلے ہی قرضوں کی ادائیگی، محدود ٹیکس آمدنی، مہنگائی، بے روزگاری، توانائی کے مسائل اور کمزور سرمایہ کاری جیسے چیلنجوں سے دوچار ہے۔ نئے صوبے کے قیام کے بعد وزیراعلی، گورنر، اسمبلی، سیکریٹریٹ، پولیس، عدالتی انتظام، سرکاری محکموں اور دیگر اداروں کا نیا ڈھانچہ قائم کرنا ہوگا۔ ان کے اخراجات صرف ابتدائی سرمایہ کاری تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ تنخواہوں، پنشن اور انتظامی امور کے لیے مستقل مالی وسائل درکار ہوں گے۔ یہ بھی درست ہے کہ نئے صوبے بعض موجودہ انتظامی ڈھانچوں کی تنظیم نو کے ذریعے قائم کیے جا سکتے ہیں، اس لیے ہر صورت اخراجات میں یکساں اضافہ فرض نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم ہر مجوزہ صوبے کی مالی استعداد، آمدنی کے ذرائع اور دس سالہ اخراجات کا جائزہ لیے بغیر کوئی فیصلہ دانش مندی نہیں ہوگا۔ وسائل کی تقسیم اس معاملے کا ایک اور پیچیدہ پہلو ہے۔ ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبوں کا مجموعی حصہ قابل تقسیم محاصل میں 57.5 فیصد مقرر کیا گیا تھا۔ آئین کے آرٹیکل 160(3A) کے تحت صوبوں کا مجموعی حصہ گزشتہ ایوارڈ میں مقرر کردہ حصے سے کم نہیں کیا جا سکتا۔ ایسے میں نئے صوبوں کے قیام کے بعد مالیاتی حصص، قرضوں، اثاثوں اور انتظامی ذمہ داریوں کی تقسیم کے لیے نیا متفقہ طریقہ وضع کرنا ہوگا۔ پانی، گیس، بجلی، معدنیات اور دیگر قدرتی وسائل کے حقوق بھی واضح کرنا ہوں گے۔ بالخصوص سندھ کی تقسیم یا جنوبی پنجاب کی علیحدہ حیثیت کی صورت میں پانی اور زرعی وسائل کی تقسیم انتہائی حساس معاملہ بن سکتی ہے۔ 1991 کے آبی معاہدے کے باوجود صوبوں کے درمیان پانی کے معاملات پر اختلافات موجود ہیں۔ اگر چار صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم پر اتفاق رائے مشکل ہے تو مزید صوبوں کے قیام سے پہلے اس نظام کو زیادہ شفاف اور مثر بنانا ناگزیر ہے۔ قومی سلامتی کا پہلو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ خیبر پختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کے سنگین چیلنج سے دوچار ہیں۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پیس اسٹڈیز کی 2025 کی سکیورٹی رپورٹ کے مطابق ملک میں دہشت گردی کے 699 حملے ہوئے، جن میں ایک ہزار سے زیادہ افراد جاں بحق ہوئے۔ ان حالات میں ریاست کی اولین ترجیحات میں امن و امان، سرحدی تحفظ، دہشت گردی کا خاتمہ اور متاثرہ علاقوں کی معاشی بحالی شامل ہونی چاہئیں۔ چھوٹے صوبوں سے انتظامی رسائی اور مقامی نمائندگی بہتر ہو سکتی ہے، لیکن صرف نئی صوبائی حدود قائم کرنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔ اس کے لیے مثر پولیس، انٹیلی جنس، عدالتی نظام، تعلیم، روزگار اور مقامی آبادی کا ریاست پر اعتماد ضروری ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل اگر سلامتی کے اداروں اور انتظامی نظام میں غیر ضروری انتشار پیدا کرے تو اس کے منفی نتائج بھی سامنے آ سکتے ہیں۔قومی یکجہتی کے تناظر میں نئے صوبوں کے قیام کو نہ مکمل طور پر خطرہ قرار دینا درست ہے اور نہ اسے وفاقی استحکام کی ضمانت سمجھنا چاہیے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں