بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 24.5°C
Saturday, 13 June 2026 | پاکستان: 28 ذوالحجۃ 1447

امریکہ نے یوکرین کو مذاکرات کا مشورہ دے دیا ؟

Sunday, 6 November, 2022

امریکہ نے اندرون خانہ یوکرین کو روسی صدر سے مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی جریدے واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکہ نے اندرون خانہ ملاقاتوں میں یوکرین کو مشورہ دیا ہے کہ صدر پوٹن کے اقتدار سے ہٹنے تک مذاکرات سے کام چلانے کی کوشش کریں۔
واشنگٹن پوسٹ کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ذرائع نے بتایا کہ امریکہ نے یوکرین کو کہا کہ روسی صدر پوٹن کو مذاکرات کیلئے ہر وقت خود کو تیار ظاہر کریں اور انھیں مذاکرات میں ہی مشغول رکھیں جب تک روسی صدر عہدے سے سبکدوش نہیں ہوجاتے۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکی حکام نے اپنے یوکرائنی ہم منصبوں کو روسی صدر کے فی الحال مذاکرات کے حوالے سے سنجیدہ نہ ہونے سے بھی آگاہ کیا تاہم یہ بھی تسلیم کیا کہ یوکرینی صدر ولادی میر زیلنسکی اور پوٹن کے درمیان بات چیت کی بندش سے یورپ، افریقہ اور لاطینی امریکہ میں تشویش ہے جہاں خوراک اور ایندھن کی قیمتوں پر اثرات سب سے زیادہ محسوس کئے گئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کے ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ امریکہ کا یہ مشورہ اس بات کا اندازہ لگانے کیلئے تھا کہ یوکرین ایسے کتنے ممالک ممالک کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جو جنگ کو ہوا دینے کے بجائے محتاط رویہ اختیار کئے ہوئے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ کے حوالے سے وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل نے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جب یہ پوچھا گیا کہ کیا یہ رپورٹ درست ہے تاہم امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے یہ جواب دیا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں اگر روس مذاکرات کے لیے تیار ہے تو بمباری اور جارحیت بند کرکے یوکرین سے اپنی افواج کو واپس بلائے۔

رائے کا اظہار کریں

ضروری خانے * سے نشان زد ہیں