(گزشتہ سے پیوستہ)
ہندوستانی سپاہیوں نے یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور دوسرے محاذوں پر لڑائیاں لڑیں۔جنگ کے اختتام پر برطانیہ فاتحین میں شامل تھا، مگر اس فتح کی قیمت انتہائی بھاری تھی۔ قومی خزانے پر قرضوں کا بوجھ بڑھ چکا تھا، معیشت دباؤ میں تھی اور قوم نے اپنے ہزاروں نوجوان کھو دیے تھے۔ جنگ نے یورپ کی پرانی طاقتوں کو کمزور کر دیا تھا اور نوآبادیاتی معاشروں میں آزادی کی خواہش پہلے سے زیادہ شدت اختیار کر گئی تھی۔ابھی پہلی جنگ کے زخم مندمل بھی نہیں ہوئے تھے کہ 1939ء میں دوسری عالمی جنگ کا آغاز ہو گیا۔ اس مرتبہ برطانیہ کو جرمنی کی نازی حکومت کے خلاف ایک ایسے معرکے میں اترنا پڑا جس نے دنیا کے سیاسی اور جغرافیائی نقشے کو بدل کر رکھ دیا۔1940ء میں جرمنی نے برطانیہ کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا۔ لندن کے آسمان پر جرمن طیاروں کی گھن گرج سنائی دیتی تھی۔ رات کے وقت فضائی حملوں کے سائرن بجتے تو شہر کی روشنیاں بجھا دی جاتیں۔ لوگ زیرِ زمین ریلوے اسٹیشنوں اور پناہ گاہوں میں پناہ لیتے۔ کئی تاریخی عمارتیں بمباری سے تباہ ہوئیں، گھروں کے ملبے تلے خاندان دب گئے اور شہر کی گلیاں آگ اور دھوئیں سے بھر گئیں۔ستمبر 1940ء سے مئی 1941ء تک جاری رہنے والی بلٹز بمباری نے لندن اور برطانیہ کے دوسرے شہروں کو شدید نقصان پہنچایا۔ مگر برطانوی عوام نے ہمت نہ ہاری۔ فائر بریگیڈ کے کارکن آگ بجھانے میں مصروف رہے، طبی عملہ زخمیوں کو ملبے سے نکالتا رہا اور عام شہری تباہ شدہ گھروں کے درمیان اپنی زندگی دوبارہ ترتیب دینے کی کوشش کرتے رہے۔یہ ایک عجیب تاریخی منظر تھا۔ وہ سلطنت جو کبھی دنیا کے دور دراز شہروں پر اپنی فوجیں اتارا کرتی تھی، اب اپنے دارالحکومت کے دفاع کے لیے ہر ممکن قوت صرف کر رہی تھی۔ لندن کے آسمان پر جلتی ہوئی عمارتیں اس حقیقت کی گواہی دے رہی تھیں کہ جنگ کسی بھی طاقتور قوم کو اس کے اپنے گھر تک محدود کر سکتی ہے۔ونسٹن چرچل کی قیادت میں برطانوی قوم نے مزاحمت جاری رکھی۔ اس کی بحری اور فضائی افواج نے جنگ میں اہم کردار ادا کیا، لیکن جنگ کے اختتام پر برطانیہ معاشی طور پر شدید کمزور ہو چکا تھا۔ امریکہ اب دنیا کی سب سے بڑی صنعتی اور مالیاتی قوتوں میں شامل ہو چکا تھا، جبکہ سوویت یونین بھی ایک عظیم عسکری طاقت بن کر سامنے آ گیا تھا۔1945ء کے بعد دنیا میں طاقت کے دو بڑے مراکز ابھر چکے تھے۔ واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان سرد جنگ کا آغاز ہو رہا تھا۔ اب عالمی سیاست کے بڑے فیصلوں میں لندن کی حیثیت وہ نہیں رہی تھی جو کبھی ہوا کرتی تھی۔ برطانیہ کے پاس فوج تھی، بحریہ تھی، سفارتی اثرورسوخ تھا، مگر اب اس کے پاس وہ معاشی طاقت نہیں رہی تھی جس کے بل پر وہ پوری دنیا میں اپنے سابقہ نوآبادیاتی نظام کو برقرار رکھ سکتا۔ادھر ہندوستان میں آزادی کی تحریک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی تھی۔ جنگ کے دوران ہندوستانی وسائل اور سپاہیوں نے برطانیہ کا ساتھ دیا تھا، لیکن جنگ کے بعد سیاسی حالات یکسر بدل گئے۔ آزادی کا مطالبہ اب محض چند رہنماؤں کی آواز نہیں رہا تھا بلکہ ایک وسیع عوامی اور سیاسی تحریک کی صورت اختیار کر چکا تھا۔1946ء میں شاہی ہندوستانی بحریہ کی بغاوت نے بھی برطانوی حکام کو یہ احساس دلایا کہ ہندوستانی مسلح افواج میں وفاداری کا پرانا نظام اب پہلے جیسا نہیں رہا۔ بمبئی سے شروع ہونیوالی یہ بغاوت دوسرے علاقوں تک پھیل گئی۔ بحری جہازوں پر بغاوت کے جھنڈے بلند ہوئے، ساحلی تنصیبات پر احتجاج ہوا اور ہندوستانی سپاہیوں کے درمیان سیاسی بے چینی نمایاں ہونے لگی۔بالآخر 1947ء میں برطانوی اقتدار کا خاتمہ ہوا۔ ہندوستان تقسیم ہوا اور پاکستان اور ہندوستان دو آزاد ریاستوں کی صورت میں دنیا کے نقشے پر نمودار ہوئے۔ 14 اگست کو پاکستان اور 15 اگست کو ہندوستان نے آزادی کا اعلان کیا۔ برطانوی تاج کے سب سے قیمتی نگینے سے اس کا اقتدار ہمیشہ کیلئے ختم ہو چکا تھا۔یہ صرف دو نئی ریاستوں کے قیام کا واقعہ نہیں تھا، بلکہ برطانوی سلطنت کی تاریخ میں ایک عظیم موڑ تھا۔ وہ سرزمین جس کے وسائل اور عسکری قوت نے طویل عرصے تک سلطنت کی عالمی حیثیت کو سہارا دیا تھا، اب اس کے اقتدار سے آزاد ہو چکی تھی۔ برطانوی پارلیمنٹ کے ایوانوں میں بھی یہ حقیقت واضح ہوتی جا رہی تھی کہ نوآبادیاتی دور اپنی آخری منزلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔اس کے بعد افریقہ اور ایشیا میں آزادی کی تحریکوں نے ایک نئی رفتار اختیار کر لی۔ 1957ء میں گھانا آزاد ہوا، پھر نائجیریا، کینیا، یوگنڈا اور دوسرے ممالک نے بھی آزادی حاصل کی۔ برطانوی سلطنت کے پرچم ایک ایک کر کے مختلف سرزمینوں سے اترنے لگے۔ جہاں کبھی شاہی پرچم لہراتا تھا وہاں اب نئی آزاد ریاستوں کے قومی پرچم فضا میں بلند ہو رہے تھے۔مگر برطانوی زوال کا ایک ایسا واقعہ بھی آنے والا تھا جس نے پوری دنیا کے سامنے اس کی بدلتی ہوئی حیثیت کو نمایاں کر دیا۔
(……جاری ہے)






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں