بانی سردار خان نیازی

🌤 Rawalpindi 11.7°C
Wednesday, 18 November 2026 | پاکستان: 9 جمادی الثانی 1448

دوہزارپچاس تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب ہو گا

Wednesday, 18 November, 2026

قوموں کی تاریخ میں بعض شخصیات اپنے عہد کی نمائندہ ہونے کے ساتھ آنیوالی نسلوں کیلئے فکری سمت، قومی شعور اور مستقبل کی تعمیر کا نقشہ بھی چھوڑ جاتی ہیں۔ علامہ محمد اقبال ایسی ہی ہمہ جہت شخصیت تھے۔ انہوں نے ایسے دور میں برصغیر کے مسلمانوں کو خود شناسی، آزادیِ فکر، عمل اور اجتماعی بیداری کا پیغام دیا جب سیاسی غلامی کے ساتھ ذہنی جمود اور تہذیبی انتشار بھی ان کی راہ میں رکاوٹ تھے۔ اقبال نے منتشر قوم کو اپنی شناخت کا شعور دیا، خود اعتمادی پیدا کی اور اپنی تقدیر بدلنے کا حوصلہ بخشا۔ ان کی فکر نے ایک نئی سیاسی منزل کا تصور اجاگر کیا، جس کی عملی تعبیر پاکستان کے قیام کی صورت میں سامنے آئی۔ تاہم، اقبال کا اصل ورثہ کسی ریاست کے قیام سے کہیں وسیع ہے۔ وہ ایسی زندہ فکر کا نام ہے جو فرد کے کردار سے قوم کی تعمیر اور قومی شعور سے اجتماعی تقدیر بدلنے کا راستہ دکھاتی ہے۔اسی فکری ورثے کی اہمیت کے پیش نظر پاکستان میں علامہ اقبال کی 150ویں سالگرہ کی تقریبات جاری ہیں ۔ 9 نومبر 2026 کو ان کے 149ویں یومِ ولادت کے موقع پر شروع ہونے والی یہ تقریبات سال بھر جاری رہیں گی۔ حکومت نے اس سال کو علمی کانفرنسوں، تحقیقی سیمیناروں، ادبی میلوں، نمائشوں، تعلیمی مقابلوں اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے منانے کا اعلان کیا ہے۔ بلاشبہ یہ ایک اہم موقع ہے، لیکن اس کی معنویت تقریبات کے انعقاد سے نہیں ، ان کے نتیجے میں پیدا ہونے والی فکری اور عملی تبدیلی سے متعین ہوگی۔ اقبال کو ان کے عہد کے تاریخی، سیاسی اور تہذیبی پس منظر سے الگ کرکے نہیں سمجھا جا سکتا۔ برصغیر کا مسلمان سیاسی زوال، معاشی پسماندگی، تعلیمی محرومی اور تہذیبی بے یقینی سے دوچار تھا۔ اقبال نے اس صورتِ حال کے بنیادی اسباب ذہنی غلامی، خود فراموشی اور عمل سے دوری میں تلاش کیے۔ ان کے نزدیک قومی ترقی کا آغاز اس وقت ہوتا ہے جب فرد اپنی صلاحیتوں کو پہچانے، کردار مضبوط بنائے اور زندگی کو بامقصد جدوجہد سے وابستہ کرے ۔ علامہ اقبال کے فلسف خودی سے مراد غرور، انانیت یا دوسروں پر برتری کا احساس نہیں بلکہ اپنی ذات کی پہچان، خود اعتمادی، اخلاقی استقامت، مضبوط ارادے اور مقصدِ حیات کا شعور ہے۔ ان کا انسان حالات کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے کے بجائے علم، کردار اور عمل کے ذریعے حالات کا رخ بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کے نزدیک زندگی حرکت، ارتقا اور تخلیقی عمل کا نام ہے، جبکہ جمود کسی فرد یا قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتا۔اقبال کے تصورِ پاکستان کو صرف ایک آزاد جغرافیائی ریاست کے قیام تک محدود کرنا ان کی فکر کے ساتھ ناانصافی ہوگی۔ ان کے نزدیک سیاسی آزادی اہم تھی، مگر اس کا حقیقی مقصد ایسا معاشرہ تشکیل دینا تھا جہاں انسانی وقار، عدل، معاشی انصاف، اخلاقی ذمہ داری اور علم کو مرکزی حیثیت حاصل ہو۔ وہ ایسی مسلم معاشرت کے خواہاں تھے جو اپنی روحانی اور تہذیبی بنیادوں پر قائم رہتے ہوئے جدید علوم، تحقیق، اجتہاد اور بدلتے زمانے کے تقاضوں کو قبول کرے۔ یوں ان کی فکر ماضی کی روایت کی روشنی میں مستقبل کی تعمیر کا نام ہے اسی تناظر میں موجودہ پاکستان کا جائزہ ضروری ہے۔ آزادی کے تقریبا آٹھ دہائیوں بعد بھی تعلیم، معاشی انصاف، ادارہ جاتی استحکام، قانون کی حکمرانی اور شہری مساوات کے شعبوں میں ہمارے مسائل گہرے ہیں۔ لاکھوں خاندانوں کے لیے بنیادی ضروریات، معیاری تعلیم اور بہتر مستقبل تک رسائی مسلسل جدوجہد بن چکی ہے۔اقبال نے قوموں کی تقدیر میں فرد کے کردار کو بنیادی اہمیت دی تھی۔ ان کا یہ شعر اجتماعی ذمہ داری کا واضح اعلان ہے:
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ
یہاں ہماری قومی ترجیحات اور اقبال کی فکر کے درمیان فاصلہ نمایاں ہوتا ہے۔ ہم نوجوانوں کو شاہین کہتے ہیں، مگر انہیں معیاری تعلیم، تحقیق، تخلیقی آزادی اور مساوی مواقع فراہم کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔ خودی کا درس دیتے ہیں، لیکن میرٹ، دیانت اور خود احتسابی کو اداروں میں راسخ نہیں کر پائے۔ عدل کو قومی و اخلاقی قدر قرار دیتے ہیں، مگر انصاف میں تاخیر، طبقاتی تفریق اور وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم بدستور ہمارے اجتماعی مسائل ہیں۔ اقبال کا شاہین صرف بلند پروازی کا استعارہ ہی نہیں کردار، جرات، خودداری اور مسلسل جدوجہد کی علامت ہے۔ اس کی پرورش نعروں سے نہیں، سازگار تعلیمی، معاشی اور سماجی ماحول سے ممکن ہے ۔ علامہ اقبال فرد کوخواب دیکھنے کی دعوت دیتے ہیں تو انہیں عمل میں ڈھالنے کا مطالبہ بھی کرتے ہیں۔ ان کے نزدیک زندگی کی تعمیر ارادے، حرکت اور مسلسل جدوجہد سے ہوتی ہے۔ اسی لیے ان کا یہ شعر آج بھی قومی زندگی کیلئے بنیادی رہنما اصول کی حیثیت رکھتا ہے:
عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی
یہ خاکی اپنی فطرت میں نہ نوری ہے نہ ناری ہے
یہ پیغام ہماری اجتماعی زندگی پر بھی پوری طرح لاگو ہوتا ہے۔ قوموں کی تقدیر نعروں اور وعدوں سے نہیں ، پالیسیوں کے تسلسل، اداروں کی دیانت، حکمرانوں کی جواب دہی اور شہریوں کی ذمہ دارانہ شرکت سے بدلتی ہے۔اقبال کی فکر کو موجودہ پاکستان میں زندہ کرنے کیلئے سب سے پہلے تعلیم کو حقیقی قومی ترجیح بنانا ہوگا۔ ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہوگا جو ڈگریاں تقسیم تو کرئے مگر سوال اٹھانے، تحقیق کرنے، تنقیدی سوچ اپنانے، اختلافِ رائے برداشت کرنے اور نئے خیالات تخلیق کرنے کی صلاحیت پیدا کرے۔ قانون کی حکمرانی اور اداروں کی خودمختاری کو شخصیات، گروہی مفادات اور سیاسی مصلحتوں سے بالاتر رکھنا ہوگا۔ معاشی نظام میں ایسے مواقع پیدا کرنا ہوں گے جن سے عام شہری کو باعزت روزگار اور بہتر زندگی میسر آسکے۔ خواتین، اقلیتوں، نوجوانوں اور محروم طبقات کو قومی ترقی میں مساوی مواقع اور مثر شرکت فراہم کرنا بھی اسی تصورِ عدل کا تقاضا ہے۔اب اقبال کے 150ویں یومِ ولادت کی سال بھر جاری رہنے والی تقریبات کو ایک عملی قومی منصوبے میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی کامیابی کا پیمانہ کانفرنسوں کی تعداد، اخبارات میں شائع ہونے والے مضامین یا یادگاری تقریبات کا حجم نہیں بلکہ ان کے دیرپا اثرات ہونے چاہییں۔ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں فکرِ اقبال کو منتخب اشعار کی تدریس تک محدود رکھنے کے بجائے ان کے فلسفے، سیاسی بصیرت، تصورِ خودی، اجتہاد، علم اور اجتماعی عدل کا تحقیقی مطالعہ متعارف کرایا جائے۔ جامعات میں اقبالیات کے شعبوں کو جدید تحقیق اور بین الاقوامی علمی مکالمے سے جوڑا جائے اور نوجوانوں کیلئے تحقیق، اختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کے قومی پروگرام شروع کئے جائیں۔اس سے بھی بڑھ کر ضروری ہے کہ اقبال کے نام سے منسوب اس سال کو تعلیم اور انسانی ترقی کے قابلِ پیمائش قومی اہداف سے منسلک کیا جائے۔ اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد میں نمایاں کمی، بنیادی خواندگی میں بہتری، سرکاری تعلیمی اداروں کے معیار میں اضافہ اور نوجوانوں کے لیے تحقیق و روزگار کے مواقع کی فراہمی مستقل ترجیحات ہونی چاہئیں۔مفکرِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ان کے اشعار دہرانا، مزار پر حاضری دینا اور تقریبات منعقد کرنا ضرور ہے، لیکن ان کی فکر کا حقیقی احترام ایسے پاکستان کی تعمیر میں ہے جہاں خودی کردار، علم قوت، عدل نظام اور عمل قومی شناخت بنے۔ انہوں نے ہمیں اپنی تقدیر بدلنے کا شعور دیا تھا۔ اب اس شعور کو قومی حقیقت میں ڈھالنا ہماری ذمہ داری ہے۔ اقبال کا سال اسی وقت بامعنی ہوگا جب اس کے اختتام پر پاکستان ایک نئی فکری اور عملی سمت کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہوگا۔

تبصرے (0)

0 کل تبصرے

اپنا تبصرہ لکھیں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *