مولانا سے پوچھے جانیوالے 15 سوالات ایسا مشکل امتحان تو ہے نہیں جیسا ان کے رفقائے کار سمجھتے ہیں اور پیروکار۔ مذہب اور سیاست ساتھ ساتھ ہوں تو ایسے سوالات کا پوچھا جانا غیر معمولی نہیں۔ ویسے بھی مولانا فضل الرحمان جس مرتبہ و مقام پر ہیں انہیں اس کے جواب میں باک نہیں کہ عوام ان سے دینی مسائل میں راہنمائی لیتے اور حلال و حرام کی تمیز سیکھتے ہیں۔ امید پے دامن کو اجلا رکھنے اور طبقہ علما کی حرمت بچانے کیلئے وہ اور انکے برادران سیخ پا ہونے کی بجائے مفصل جواب ہی بہتر جانیں گے۔ ویسے تو ماضی میں ہر سیاست دان احتساب کی چکی سے گزرا سوائے مولانا کے۔ ماضی کی طرح مقتدرہ کو للکارنے تو کبھی زمین گرم کرنے کی ملفوف دھمکیوں سے سیاسی فوائد حاصل کرنے کا تجربہ اس بار شاید الٹ پڑ گیا۔ مولانا کی بذلہ سنجی اور حس ظرافت کے مجھ سمیت سبھی قائل کہ ناپ تول کر بات کرنا ان کا وصف اور سخت سوالات پر طرح دے جانا ان سے بہتر کون جانتا تھا مگر اب کی بار سیاست اور گفتگو کے سبھی آداب بالائے طاق کیوں ؟ شہدا بارے مولانا کا بیان نچلی سطح کا تھا اور پھر رہاست پر تھوکنے کی بات نے ان کا سیاسی وقار ختم کرایا۔ طاقت محبوبہ !شاید اس نے رخ موڑا تو ضبط کا دامن چھوٹا۔ ان کی جماعت کے معتدل راہنما بھی مولانا کے بیانات پر حیرت کننداں۔ ماضی کی بدترین حریف جماعتوں کے ساتھ انہوں نے اقتدار میں شراکت داری کر کے اپنی سیاسی بصیرت منوائی اور پرویز مشرف کے دور میں بطور اپوزیشن لیڈر انہوں نے جنرل مشرف کی بالواسطہ حمایت کر کے بڑے بڑے سیاسی پنڈتوں کو حیران کر دیا۔ المیہ یہ بھی کہ قائدین اور پھر اگر وہ طبقہ علما میں بھی معروف ہوں، کیلئے غلطی تسلیم کرنا آسمان سے تارے توڑ لانے کے مترادف۔ اور اکثر یہی زوال کا سبب، ملک کے مقبول راہنما کی اسی حرکت اور غلطی کا انجام مولانا خود دیکھ چکے کہ اب کی مقتدرہ کا مزاج ماضی سے بالکل برعکس۔ ایسے میں راہنماوں کے سپورٹرز اور پیروکار انہیں عظمت کے مینار کہ قائد سے غلطی کا امکان نہیں پر چڑھا کر باقی کام تمام کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ سخت بات یا غیر ضروری و غیر معیاری تنقید کر دینا اچنبھا نہیں مگر اس پہ ڈٹ جانا مصائب لاتا ہے جبکہ احساس ندامت عزت بچا تا ہے اور رجوع کر لینے والے لمبی سیاسی زندگی پاتے ہیں۔ مولانا یہ سب جاننے سمجھنے کے باوجود ڈی ٹریک کیسے ہوئے معلوم نہیں۔ مگر سوالات اپنی جگہ موجود۔ شاید مولانا وہ واحد سیاست دان کہ جن کے تمام عزیز و اقارب نیب یا تحقیقاتی اداروں کے سمن یافتہ۔ مولانا کے دو بھائی ممبران رہے تو سمدھی گورنر ، دو بیٹے بھی اسمبلیوں کا منہ دیکھ چکے جبکہ ایک وفاقی وزیر مواصلات رہے کہ جن کو ادارہ میں غیرقانونی بھرتیوں کے بھاری بھرکم نوٹس۔ مگر اس بار بقول بابر اعوان “نوٹس ملیا تے ککھ نہ ہلیا ” والا معاملہ نہیں کہ مولانا نے جانے انجانے میں خود یہ راستہ چنا وگرنہ چند ہفتے قبل تک تو اعلی ترین حکومتی وفد ان کے در دولت پہ تھا۔ 15 نکات میں یہ بھی شامل کہ ملتان کے جامعہ قاسم العلوم پہ اسد محمود کا قبضہ کیوں۔ حیرت انگیز طور پر حضرت کے ایک بھائی ڈپٹی کمشنر کراچی بھی رہے اور ان پر کرپشن کے چارجز،۔اسلام آباد کے مکانات کسی کے نام اور سال ہا سال سے ان کے زیر استعمال کیوں، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہزاروں کنال زمین اور بڑی بڑی حویلیاں جبکہ مولانا ضیاالرحمن کو آمدن سے زائد اثاثوں پر متعدد نوٹس بھیجے مگر سال ہا سال بعد بھی جواب ندارد۔ مولانا ضیا الرحمن کے خلاف افغان مہاجرین فنڈز میں خرد برد کے الزامات الگ۔ جبکہ ان کی سرکاری بھرتی سے لیکر ترقیاں اور اہم عہدوں پر تعیناتیاں بھی سوالنامہ میں شامل۔ داماد فیاض علی کو نیب نے طلب کر رکھا ہے، عمر جان کنسٹریکیشن کمپنی سے مولانا کے خاندان کا کیا تعلق۔؟ سنیٹرز دلاور، احمد خان، ٹھیکیدار امان اللہ، مفتی ابرار ، جاوید اقبال آفریدی سے مالی معاملات بھی پوچھے گئے سوالنامہ کا حصہ۔ کتنے اثاثہ جات کا انتخابی گوشواروں میں ذکر۔ یہ سب منظر عام پہ آنے کے بعد تو مولانا عطا الرحمن و مولانا اسعد کا بھڑکنا تو بنتا ہے۔ بیل منڈھے چڑھتی ہے یا ماضی کی طرح یہ نوٹسسز بھی دام میں پھنسانے کی ترکیب ؟سوال یہ بھی کہ قانون اور سرکاری ادارے ضوابط کے مطابق چلنے اور کاروائی کی بجائے تاک میں کیوں رہتے ہیں کہ کب کوئی فاول کرے تو اس پہ چڑھ دوڑیں۔ مولانا کے بیٹے کے دور وزارت کے معاملات خبروں کا حصہ بنتے رہے مگر صرف نظر کیا جاتا رہا جبکہ سرکاری عہدے پر فائز ان کے بھائی پر بھی الزامات اور نوٹسز مگر ترقی و تبادلے بھی ہوتے رہے۔ آخر کرپشن پر گرفت کو اتنی ڈھیل کیوں دی جاتی ہے ؟ اور مفادات کے عدم ٹکرا تک اسے موخر کیوں رکھا جاتا ہے۔؟ دیکھنا یہ ہے کہ یہ سلسلہ اب بند ہونے کو ہے اور نئے بندوبست کا سورج شفاف و اجلے چہروں کے ساتھ کب طلوع ہوتا ہے !اور نظام تبدیلی کی کس گونج نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو سیخ پا اور تقاریر میں استعارات پر مجبور کر رکھاہے۔






تبصرے (0)
اپنا تبصرہ لکھیں